ڈی سی رام بن نے میترا پل پر شمسی لائٹس کا افتتاح کیا
رام بن//ڈپٹی کمشنر رام بن مسرت الاسلام نے ضلع رام بن میں جموں وکشمیر انرجی ڈیولپمنٹ ایجنسی (جاکیڈا) کے ذریعہ نصب اسٹریٹ سولر لائٹس کا افتتاح کیا۔ضلع کیلئے کل 950 شمسی لائٹس کی منظوری دی گئی ہے جس میں سے 95 شمسی لائٹس ریموٹ مانیٹرنگ سسٹم پر کام کرتی ہیں۔سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس پی ڈی نتیا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہربنس لال ، ڈی ایس پی راجندر سنگھ چب اور متعدد دیگر اعلی افسران اور جاکیڈا کے نمائندے بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔میترا پل کے دونوں اطراف نصب سولر لائٹس کا افتتاح کرنے کے بعد ڈپٹی کمشنر نے چیف ایگزیکٹو آفیسر جاکیڈا جموں و کشمیر بابیلا رکوال کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ضلع میں عوامی مقامات پر شمسی لائٹس کی مناسب تعداد میں انسٹال کرنے کے لئے فراہم کی۔بتایا گیا کہ ضلع میں 285 شمسی لائٹس کی پہلی لاٹ پہنچ گئی ہے جس میں سے 200 عوامی مقامات اور نمایاں مقامات پر جاکیڈا کے انجینئرنگ ونگ نے ریجنل آفیسر جاکیڈا دیپک شرما کی نگرانی میں لگائے ہیں۔
ضلع ہسپتال کشتواڑ کے وارڈوں میں چوہوں کا راج
مریض پریشان ، ہسپتال انتظامیہ خاموش تماشائی
عاصف بٹ
کشتواڑ//ضلع کشتواڑ کے ہسپتال کی حالت زار کا اندازہ اس بات سے لگایاجاسکتا ہے کہ ہسپتال کے مختلف وارڈوں کے اندر چوہوں کی بھرمار ہے جبکہ ہسپتال انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ ضلع ہسپتال میں مختلف وارڈوں کے اندر داخل مریض سخت پریشان ہوتے ہیں جبکہ انکی پریشانی وہاں موجود چوہے ہیں جو نہ صرف رات کے اوقات میں بلکہ دن میں بھی گھومتے رہتے ہیں۔ ایک مریض کے تیمادار نے بتایا کہ وہ گزشتہ کئی روز سے مریض کیساتھ ہسپتال میں ہیں جبکہ ہسپتال کے وارڈ میں چوہوں نے سخت پریشانی پیدا کی ہے اور کھانے پینے کی چیزیں وارڈ میں لانا سخت مشکل ہوگیا ہے کیونکہ چوہے کھانے پینے کہ چیزوں کو بھی نہیں بخشتے ہیں اور رات کو انھیں بیمار کا ہر وقت خیال رکھنا پڑتاہے ۔ہسپتال ذرائع نے بتایا کہ کئی سال قبل بھی چوہوں نے ہسپتال میں نقصان کیا تھا جبکہ ہسپتال انتظامیہ کوئی بھی اقدام نہیں اٹھارہی ہے۔لوگوں نے مانگ کی کہ ان چوہوں کو ٹھکانے لگانے کیلئے کوئی اقدام کیا جاناچاہئے۔جب ہم نے اس معاملے کو لیکر ہسپتال انتظامیہ سے رابطہ کرنا چاہے تو ان سے رابط نہ ہوسکا۔
گورنمٹ ہائی سکول نا گ بٹھانہ کی ترنگانہیں
شیوسینا نے اٹھائے سوال،فوری تنصیب کا مطالبہ
عاصف بٹ
کشتواڑ//جہاں جموں کشمیر انتظامیہ نے ہر سرکاری اسکولی عمارت پر ترنگا لگانے کا فرمان جاری کیاتھا جسکے بعد ضلع بھر کی سرکاری عمارتوں پر اگرچہ ترنگا لگایا گیاتاہم ضلع کشتواڑ کی تحصیل درابشالہ کے دورافتادہ علاقہ جات کنتواڑہ کے ہائی اسکول ناگ بٹھانہ میں محکمہ کی لاپرواہی کے سبب ابھی تک کئی ماہ گزرجانے کے باوجود بھی ترنگا نہیں لگایا گیا ۔ شیوسینا کے چناب ویلی صدر تلک شان نے بتایا کہ یہ انتہائی افسوس ناک واقع ہے کہ ابھی تک اسکول کی عمارت پر ترنگا نہیں لگایا گیا۔ انھوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر سے اپیل کی کہ وہ سکول انتظامیہ کو ہدایت جاری کرے اور جلد از جلد اسکولی عمارت پر ترنگا لگایاجائے ۔
ڈوڈہ میں 88 نئے مثبت معاملات ،43 مریض شفایاب
دریجہ بھدرواہ و جوڑا کلاں مائیکرو کنٹینمنٹ زون قرار
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ سے کورونا وائرس کے مزید88مریض سامنے آئے ہیں اور43 شفایاب ہوئے ہیں۔اطلاعات کے جمعرات کو ڈوڈہ، بھدرواہ، عسر ،ٹھاٹھری و گندوہ میں ہوئی کوؤڈ جانچ کے دوران 88 افراد کی ٹیسٹ رپورٹ مثبت آئی ہے اور 43 شفایاب ہوئے ہیں۔ ضلع میں فعال کیسوں کی تعداد 1178 رہ گئی ہے جن میں سے 1110 کو خانہ قرنطینہ و 68 مریضوں کو ہسپتال آئسو لیشن میں رکھا گیا ہے وہیں شفایاب ہوئے مریضوں کی مجموعی تعداد 4170 پہنچ گئی ہے اور اب تک کورونا وائرس سے 86 افراد فوت ہو چکے ہیں۔اس دوران ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ نے بھدرواہ کے دریجہ و کاہرہ کے جوڑا گاؤں کو مائیکرو کنٹینمنٹ زون قرار دے کر ہر طرح کی نقل و حرکت پر مکمل پابندی لگائی ہے۔ڈی سی کی جانب سے جاری ایک حکمنامہ کے مطابق بھدرواہ کے دریجہ گاؤں میں مصرا بیگم زوجہ بشیر احمد کے گھر سے گل جوا ولد عزیز گنائی و کاہرہ تحصیل کے گاؤں جوڑا کلاں میں روشن دین کے رہائشی مکان سے بدھی تک کے علاقے کو مائیکرو کنٹینمنٹ زون قرار دے کر ان مضافات کے باشندوں کو سوفیصد ٹیسٹنگ کرنے کی محکمہ صحت کو ہدائت دی ہے۔
کووڈ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر جرمانہ
368کی کووڈ ٹیکہ کاری ہوئی،959نمونے جمع
رام بن //ضلع رام بن میں کووڈ پروٹوکول کے نفاذ کے لئے نفاذ مہم کو جاری رکھتے ہوئے انفورسمنٹ ٹیموں نے چہرے کے ماسک پہنے بغیر گھومنے اور جسمانی فاصلہ برقرار نہ رکھنے پر متعدد خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانہ عائد کیا۔انفورسمنٹ ٹیموں نے اپنے اپنے دائرہ اختیارات میں معائنہ کے دوران 8100 روپے جرمانہ وصول کیا۔انفورسمنٹ افسران نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ چہرے کے ماسک پہنیں اور جسمانی فاصلہ برقرار رکھیں اس کے علاوہ وہ اپنے قریبی سی وی سی میں کوویڈ ویکسی نیشن ڈوز لینے جائیں۔ڈسٹرکٹ امیونائزیشن آفیسر رام بن ڈاکٹر سریش نے بتایا کہ ضلع رام بن میں آج 368 افراد کو پہلی اور دوسری کوویڈ ویکسین کی خوراکیں فراہم کی گئیں۔چیف میڈیکل آفیسر رام بن ڈاکٹر محمد فرید بھٹ کی طرف سے جاری کردہ روزانہ بلیٹن کے مطابق محکمہ صحت نے 959 نمونے جمع کیے ہیں جن میں 285 آر ٹی-پی سی آر اور 674 آر اے ٹی نمونے شامل ہیں ، اس کے علاوہ ضلع میں وقفہ ٹیکہ لگانے والے مراکز میں 368 افراد کو کوڈ ویکسین فراہم کی گئی ہے۔
عوام الناس کووڈ کا دوسرا ٹیکہ لگانے کیلئے اِندراج کریں
جموں//حکومت نے عوام الناس سے کہا ہے کہ جس نے بھی جموں و کشمیر یوٹی سے باہر کووِڈ ویکسین کا پہلا ٹیکہ لگایاہے وہ اگلے تین دِن کے اندر اَپنے ڈپٹی چیف میڈیکل آفیسر کے دفتر میں دوسرا ٹیکے لگانے کے لئے اَپنا اِندراج کرائیں۔اِس سلسلے میں ڈائریکٹوریٹ جنرل آف فیملی ویلفیئر ، ایم سی ایچ اور امیونائزیشن نے ایک ہینڈ آؤٹ میں ایسے افراد سے کہا گیا ہے کہ وہ جموںوکشمیر یوٹی کے باہر کی جانے والی اپنی ویکسی نیشن کے پہلے عارضی سند (ڈاؤن لوڈ) کے ساتھ آئیں۔