ایم ایل اے بنی نے عوامی مسائل سُنے
حافظ قریشی
بنی // ایم ایل اے بنی جیون لال نے ایک عوامی میٹنگ کے دوران عوامی مسائل کی جانکاری حاصل کی۔اس دوران اجلاس میں ایس ڈی ایم بنی اجیت سنگھ، تحصیلدار بنی سْدیش کمار، بی ایم او بنی سونیل شرماو دیگر افسران بھی موجودتھے۔اس دوران بنی میں دیگر جماعتوں سے وابستہ سیاسی کارکنان نے بھارتہ جنتا پارٹی میں شمولیت اختیارکی جن میں اشوک کمار، روشن دین، سوشیل کمار و دیگران شامل ہیں۔اس دوران جیون لال نے لوگوں کے مسائل کی جانکاری حاصل کی اوران کے ازالہ کیلئے انتظامیہ کوہدایات دیں۔جیون لال نے لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نریندرمودی کے کام کاج کی سراہناکی۔ انہوں نے کہا کہ جو کام نریندر مودی نے چار سال میں کیا وہ باقی جماعت کے لوگوں نے 60 سالوں میں بھی نہیں کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے ریاست جموں و کشمیر میں ترقیاتی منصوبوں میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی ۔ انہوں نے مرکزی معاونت کی مختلف سکیموں کے بارے میں بھی خیالات کااظہارکیا۔
کابینہ میں پچھڑے طبقوں کی بہبودکیلئے بات نہ ہونے پر
آل انڈیا ایس سی /ایس ٹی /اوبی سی فیڈریشن کااظہاربرہمی
جموں // آل انڈیا فیڈریشن برائے ایس سی /ایس ٹی اور او بی سی ، جموں کشمیر اکائی نے بی جے پی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جموں خطہ کے لوگوں نے اپنی رائے کا غلط استعمال کر کے بی جے پی عہدیداروں کو مخلوط سرکار میں بھیجا۔تنظیم کی طرف سے جاری کئے گئے ایک پریس ریلیز کے مطابق24 اپریل کو کی گئی کابینہ میٹنگ میں بی جے پی عہدہداران نے ان پچھڑے طبقوں کے حق میں کوئی بات نہیں چھیڑی اور تنظیم کے لیڈران نے جب بھی اعلیٰ حکام سے ایس سی ایس ٹی اور او بی سی طبقہ کو ریزرویشن دینے کی بات کی تو بی جے پی لیڈران نے ان کی کسی بھی قسم کی حمایت نہیں کی جو قابل تشویش ہے۔تنظیم کے لیڈران نے مزید کہا کہ ہم نے اس معاملے پر کئی بار وزیر اعلیٰ اور چیف سکریٹری کے ساتھ بات کی کہ ان پسماندہ طبقوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو روزگار،تعلیم اور ملازمتوں میں تفاوت کے لئے ریزرویشن کی منظوری عمل میں لائی جائے جبکہ پسماندہ طبقوں کا بنیادی حق مانگنے کے لئے باقی تمام سیاسی جماعتوں نے ہماری مدد کی لیکن بھارتیہ جنتا پارٹی واحد ایسی جماعت ہے جو ان غریبوں کو اپنا حق دلانے کے لئے کوئی توجہ نہیں دیتی ہے۔تنظیم کا کہنا ہے کہ مرکز میں او بی سی طبقہ کو27فیصدریزرویشن دی گئی ہے لیکن ریاست جموں و کشمیر میں یہ پسماندہ طبقے عدم توجہی کے شکار ہے۔اس لئے تنظیم نے سرکار سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر اس مسئلے پر نظر ثانی کرے۔اس موقعہ پر جن مقررین نے اظہار خیال کیا کہ ان میں سے محمد شفیع،اے سی بھگت،رنگیش چندر،شوکت گجر،موہندر کمار وغیرہ قابل ذکر ہے۔
ادبی کنج جموں کاعلامہ اقبال اورمرزاغالب کوخراج پیش
جموں // اُردوُ زبان و ادب کی مایہ ناز شخصیات شاعرِ مشرق علاّمہ اِقبالؔ اور فلسفی شاعر مِرزا غالبؔ کے یوُمِ وفات پر ادبی کُنج جے اینڈ کے جموں کے زیراہتمام گذشتہ روز ایک خصُوصی خراجِ عقیدت ادبی نِشست کااِنعقاد ہوا۔ جِس کی صدارت کے فرائض اُردوُزبان کے جانے پہچانے شاعر سردار مالک سنگھ وفا سنگدِلؔ نے سر انجام دِئے۔ جبکہ اُردوُ زبان کے معروف تبصرہ نِگار اور اِقبال شناش ایم کے گنجوُ فرصل مہمانِ خصوُصی تھے۔ اِس بار نظامت کے فرائض گلوکار شاعر وید اُپل نے سر انجام دِئے ۔نِشست کے آغاز میں چئیرمین آرشؔ دلموترہ ، صدر شام طالب ؔ اور ممبرانِ ایوانِ صدارت نے اِن دو عظیم شعراء کی خُدا داد شاعری اور فنّی شخصیّات کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ اور کہا کہ برّ صغیر کے اِن بُلند پایہ فلسفی اور دانائے راز کا کلام عالمِ اِنسانیّت کے لئے مشعلِ راہ ہے۔اِن کا کلام محبّت کے چراغوں کو روشن کرنے کافن مہّیاکرتا ہے اور ہمارے لئے رموُزِ زندگی کے کِتنے ہی راز افشاں کرتا ہے۔ اِس موقعے پر ایک معنی خیز اُردوُ پیپر ’علاّمہ اِقبال اور پاکِستان ’ ایم ایل گنجوُ نے پیش کِیا۔جبکہ غالب کے حوالے سے ایک اور اُردوُ پیپر’کہتے ہیں کہ غالب کا ہے اندازِ بیاں اور‘ شام طالبؔ نے پیش کِیا۔ شاعرِ مشرق کا قومی ترانہ ’ سارے جہاں سے اچھا ہِندوستاں ہمارا‘ کے رموزِ اعلیٰ کے مختلف پہلوؤں کی نِشان دہی کرتا ہوُا ایک اور اُردوُ پیپر’قومی ترانہ‘ آرشؔ اوم دلموترہ نے پیش کِیا۔ اِس موقعہ پر انجمنِ ترقیّء اُردوُ( ہِند) شاخ کِشتواڑ کے صدر عُشاّقؔ کِشتواڑی نے اپنی تازہ شائع شُدہ شعری تصنیف ’ ذاتِ بر حق و پیکرِ خاکی ‘ پر روشنی ڈالتے ہوئے اِس میں سے کئی اِشعار بھی پیش کِئے۔ ایک مطلع اِس طرح تھا۔مُجھے فِکرو نظر بخشی مُجھے عقلِ سلیم بخشی ، مُجھے اِظہارکی قُوّت میرے مولا کلیم بخشی‘ ۔آج کے شعری دوُر کا آغاز معروف گلوکار چمن سگوچ کی گائی ہوئی دو غزلوں سے ہوُا۔ (1)دِلِ ناداں تُجھے ہوُا کیا ہے(مِرزا غالب)۔ (2)چہرے سے اُترنے کا تماشہ نہیں کرتے۔ہم لوگ کِسی سے کوئی وعدہ نہیں کرتے(شام طالبؔ)۔ اِس دوُر کے دیگر شعرا کے اِسمائے گرامی اِس طرح ہیں۔ آرشؔ دلموترہ ،مالک سنگھ وفا سنگدَلؔ، سرور چوہان حبیٖبؔ، ایم ایل گنجوُ، معصومؔ کشتواڑی، سنتوش شاہ نادانؔ، چمن سگوچ، شمسؔ راجن ، بِشن داس خاکؔ، رازؔ ریاض سوہل، ویدؔ اُپّل ۔راجؔ کمل، ایس کے گُپتا، محمّد باقر صباؔ،، سنجیو کُمار ، راجیو کُمار ، شام طالبؔ اور بہار سے بِہاری زبان کے ایک نوجوان شاعر و گلوکار دیپک بہاری ۔ نِشست کا اِختتام حسبِ معمول آرشؔ دلموترہ چیئرمین کی طرف سے پیش کردہ شُکریہ کی تحریک سے ہُوا۔
۔10گرام ہیروئن ضبط، پولیس اہلکارگرفتار
جموں//آپریشن سنجیونی کے تحت گاندھی نگرپولیس سٹیشن کی ٹیم نے 10گرام ہیروئن سمیت ایک موٹرسائیکل سوارشخص کوگرفتارکرلیاہے۔تفصیلات کے مطابق والمیکی چوک گاندھی نگرمیں پولیس نے ایک ناکے پرایک شخص کوتلاشی کیلئے روکااوردوران تلاشی اس کے قبضے سے 10گرام ہیروئن برآمد کی گئی ۔اس سلسلے میں پولیس سٹیشن گاندھی نگرنے ایف آئی آر نمبر 94/2018 درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔ابتدائی تحقیقات میں پایاگیاکہ موٹرسائیکل سوارکاتعلق جموں کشمیرپولیس سے ہے اورفی الوقت آئی آرپی 11ویں بٹالین میں تعینات ہے۔پولیس نے یہ گرفتاری اے ایس آئی شیش پال کی قیادت اورایس ایچ اوپولیس سٹیشن گاندھی نگر، انسپکٹر سنیل سنگھ جسروٹیہ، ایس ڈی پی اوسٹی سائوتھ جموں رفیق منہاس اور ایس پی سٹی سائوتھ سندیپ چودھری کی نگرانی میں عمل میں لائی۔
ساتویں تنخواہ کمیشن کی سفارشات لاگوکرنے کاخیرمقدم
جموں//جموں کشمیرپیپلزڈیموکریٹک ٹریڈیونین نے ساتویں تنخواہ کمیشن کی سفارشات لاگوکرنے کے حکومت کے فیصلے کوتاریخی قراردیاہے اورکہاہے کہ جموں وکشمیرساتواں تنخواہ کمیشن لاگوکرنے والی پہلی ریاس ت بن گئی ہے جس کے پانچ لاکھ ملازمین حکومت کے اس فیصلے سے مستفیدہوں گے۔ان خیالات کااظہار پی ڈی ٹی یوکے ضلع صدرجسمیت سنگھ مدن نے یہاں جاری پریس بیان میں کیا۔انہوں نے ریاستی وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کے ملازمین کے تئیں رویے اوران کے یہ بیان کہ اپریل سے ملازمین ساتویں تنخواہ کمیشن کی سفارشا ت کے مطابق تنخواہیں حاصل کریں گے کوخوش آئندقراردیا۔جسمیت سنگھ نے مدن نے امیدظاہرکی کہ جلدہی حکومت مختلف کیڈروں کے ملازمین کی تنخواہوں میں تفاوت دورکرنے کیلئے اقدامات اٹھائے گی۔پی ڈی ٹی یونے ریاستی وزیراعلیٰ اوروزیرخزانہ سے پرزوراپیل کی ہے کہ وہ اکسٹھ ہزارعارضی ملازمین کومستقل کرنے کی منظوری دے کران ملازمین کی پریشانیوں کاازالہ کیاجائے۔
لوپیڈایمپلائزفیڈریشن کااجلاس منعقد
ملازمین کے مطالبات پورے کرنے کاخیرمقدم
جموں//آل جے اینڈکے لوپیڈایمپلائزفیڈریشن کے صدر عبدالمجیدخان نے ساتویں تنخواہ کمیشن کی سفارشات لاگوکرنے کے حکومت کے فیصلے کاخیرمقدم کیاہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت کے فیصلے سے ریاست کے پانچ لاکھ ملازمین مستفیدہوں گے۔یہاں جاری پریس بیان میں ساتویں تنخواہ کمیشن کی سفارشات لاگوہونے کوفیڈریشن کے بینرتلے ملازمین کی جدوجہدکانتیجہ قراردیا۔ انہوں نے حکومت سے جنوری 2018کی ڈی اے قسط واگذارکرنے، میڈیکل الائونس کوبڑھاکرایک ہزارروپے کرنے ،ڈیلی ویجروں کی روزانہ اجرت کم ازکم چارسوروپے کرنے ، عارضی ملازمین کومستقل کرنے وغیرہ مطالبات کوپوراکرنے کیلئیحکومت سے اپیل کی۔ عبدالمجیدخان نے ملازمین کی تنخواہوں سے تاوت دورکرنے ،آنگن واڑی ورکروں کی واجب الاداتنخواہیں واگذارکرنے اوراس میں اضافہ کرنے پربھی زوردیا۔انہوں نے کہاکہ فیڈریشن 27اپریل کو مئی ڈے کے حوالے سے ریلی نکالے گی۔
ورتوں کے خلاف جرائم کیلئے سخت قوانین
دانشور خواتین کارکنوں کی وزیر اعلیٰ کو مبارک باد
جموں/قومی راجدھانی سے تعلق رکھنے والی خواتین قانون دانوں ، دانشوروں اور تعلیم دانوں پر مشتمل ایک وفد نے یہاں وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے ساتھ ملاقات کی۔وزیر اعلیٰ نے وفد کو ان اقدامات کے بارے میں جانکاری دی جو ان کی حکومت ریاست میں جنسی نابرابری کو دور کرنے اور خواتین و بچوں کی بہبودی کے لئے اٹھارہی ہے ۔وفد نے ریاست میں خواتین کے خلاف جرائم کے قصورواروں کو سزا دینے کیلئے سخت قانون وجود میںلانے کے لئے وزیر اعلیٰ کی ستائش کی۔گروپ میں سپریم کورٹ کی وکیل مونیکا اروڑہ ، ریٹائرڈ جج میرا اروند کھڑا کر ، دلی یونیورسٹی کی استاد سونالی چتل کر ، صحافی سرجانہ شرمااور سماجی کارکن مونیکا اگروال شامل تھیں۔
کمرشل ٹیکسز محکمہ کی عمارت
وزیر خزانہ اور سپیکر نے سنگ بنیاد رکھا
جموں/ریاستی کمرشل ٹیکسز محکمہ جموں کے پاس اب جدید سہولیات سے لیس اپنا ایک نیا آفس کمپلیکس ہوگا۔خزانہ اور تعلیم کے وزیر سید محمد الطاف بخاری نے ریل ہیڈ جموں میں اسمبلی کے سپیکر کویندر گپتا کی موجودگی میں اس کمپلیکس کا سنگ بنیاد رکھا۔پرنسپل سیکرٹری فائنانس نوین چودھری اور متعلقہ محکموں کے کئی دیگر اعلیٰ افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔اس موقعہ پر بتایا گیا کہ اس کمپلیکس کو دو برسوں کے اندر اندر مکمل کیا جائے گا۔وزیر خزانہ نے عمل آوری ایجنسی پر زور دیا کہ وہ اس پروجیکٹ کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں اور عمارت کے ارد گرد سبزے میں بھی اضافہ کریں۔اس موقعہ پر افسروں نے وزیر اور سپیکر کو محکمہ کے کام کاج کے بارے میں جانکاری دی۔
تاریگامی کا غلام نبی پٹیل کی ہلاکت پراظہار دُکھ
جموں/ایم ایل اے کولگام محمد یوسف تاریگامی نے پلوامہ کے ایک سیاسی کارکن غلام نبی پٹیل کی ہلاکت پر رنج و الم کا اظہار کیا ہے جنہیں نامعلوم حملہ آور ں نے راج پور ہ چوک میں ہلاک کردیا۔ تاریگامی نے سوگوار کنبے کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی ایصال ثواب کے لئے دعا کی۔
بہتر حکمرانی کیلئے مؤثر مالی نظامت ناگزیر :الطاف بخاری
جموں/خزانہ اور تعلیم کے وزیر سید محمد الطاف بخاری نے کہا ہے کہ مؤثر مالی نظامت بہتر حکمرانی کے لئے کلیدی اہمیت کی حامل ہے ۔انہوں نے ریاست کے مالی نظام کے بہتر رکھ رکھائو کو یقینی بنانے کے لئے محکمہ کی ستائش کی۔فائنانس کمپلیکس مٹھی میں نئے قائم کئے گئے کانفرنس ہال کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوف نے افسروں پر زور دیا کہ وہ مزید تند ہی اور لگن کے ساتھ کام کر کے دستیاب وسائل کے مؤثر استعمال یقینی بنانے میں حکومت کی رہنمائی کریں۔پرنسپل سیکرٹری فائنانس، ڈی جی اکائونٹس ایند ٹریجریز کے علاوہ کئی دیگر افسران بھی اس موقعہ پر موجو د تھے۔وزیر نے کہا کہ حکومت ملازمین کی اُمنگوں کو پورا کرنے کے لئے وعدہ بند ہے اور ساتویں تنخواہ کمیشن سفارشات کی عمل آوری اس سلسلے کی ایک کڑی ہے۔اس سے پہلے پرنسپل سیکرٹری فائنانس نوین چودھری نے فائنانس کمپلیکس میں بنیادی ڈھانچے کو بڑھاوا دینے کے لئے کئے جارہے اقدامات کا تفصیلی خاکہ پیش کیا۔
کلسٹر سطح کا ورلڈ سکل مقابلہ روس۔ 2018اختتام پذیر
جموں/انڈین سکل کمپٹیشن ۔ جے اینڈ کے 2018 کے تحت جموں اور سرینگر میں منعقدہ کلسٹر سطح کے مقابلے اختتام پذیر ہوئے اور ان میں 12سکل زمروں میں تمام اضلاع کے امید واروں نے شرکت کی۔اِن مقابلوں سے شارٹ لسٹ کئے گئے اُمید وار مئی 2018 کے پہلے ہفتے میں ریاستی سطح کے سکل مقابلوں میں شرکت کریں گے ۔یہ پہلی مرتبہ ہے کہ جب ہنرمند اُمید واروں کی ایک ٹیم کو ورلڈ سکلز کمپٹیشن روس ۔ 2019 میں شرکت کے لئے علاقائی اور قومی سکل مقابلوں میں شامل ہونے کا موقعہ ملے گا۔جے اینڈ کے سکل ڈیولپمنٹ مشن این آئی ٹی سرینگر، آئی ایچ ایم سرینگر ، سینٹرل یونیورسٹی جموں اور کئی دیگر اداروں کے اشتراک سے منتخب شدہ امید واروں کو اگلے سطحوں کی تربیت فراہم کرے گا۔مشن ڈائریکٹر جے کے ایس ڈی ایم ڈاکٹر پیر جی ایم سہیل نے ان مقابلوں کے حوالے سے کہا کہ وہ اُمید واروں کی کارکردگی سے مطمئن ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کا پروگرام پہلی مرتبہ ریاست میں منعقد کیا گیا ہے جس میں امید واروں کو اپنے ہنروں کی عکاسی کرنے کا موقعہ ملا ہے۔پروفیسر سعد پرویز ہیڈ آئی آئی ای ڈی سینٹر این آئی ٹی سرینگر اور تکنیکی کاڈی نیٹر انڈیا سکلز کمپٹیشن جے اینڈ کے ۔2018 نے کہا کہ اُمید واروں کو بہتر تربیت دینے اور رہنمائی کرنے میں کوئی بھی دقیقہ فرو گذاشت نہیں کیا جائے گا۔
ہانجورہ کے ہاتھوں ’’ فارمرس فرنڈلی ہینڈ بُک ‘‘ کا اجراء
جموں/وزیر زراعت غلام نبی لون ہانجورہ نے آج محکمہ زراعت کی طرف سے منعقدہ ایک تقریب کے دوران محکمے کی سکیموں اور پروگراموں سے متعلق ’’ فارمرس فرنڈلی ہینڈ بُک ‘‘ کا اجراء کیا ۔ وائس چئیر مین کسان ایڈوائیزری بورڈ دلجیت سنگھ چب ، وی سی سکاسٹ جموں ڈاکٹر پی کے شرما ، سیکرٹری محکمہ زراعت شوکت احمد بیگ ، ڈائریکٹر محکمہ زراعت ایچ کے رازدان ، ڈائریکٹر کمانڈ ایریا ڈیولپمنٹ اور ترقی یافتی کسانوں کی بڑی تعداد اس موقعہ پر موجود تھی ۔ اس ہینڈ بُک کو دو زبانوں میں ترتیب دیا گیا ہے اور اس میں کسانوں کیلئے زراعت سے متعلق تمام ضروری رہبری کی گئی ہے ۔
چیف جسٹس نے ایڈوکیٹ جنرل دفتر کا سنگ بنیاد رکھا
جموں/جموں و کشمیر ہائی کورٹ کے قائمقام چیف جسٹس ، جسٹس راما لنگم سدھاکر نے جموں کے ہائی کورٹ کمپلیکس میں ایڈوکیٹ جنرل دفتر کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا ۔ جسٹس جنک راج کوتوال ، جسٹس سنجیو کمار ، قانون اور انصاف اور پنچایتی راج کے وزیر عبدالحق خان ، ایڈوکیٹ جنرل جہانگیر اقبال گنائی اور ایم ڈی جے کے پی سی سی وِقار شونٹھو بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔موجودہ عمارت کی پہلی منزل کا کام جے کے پی سی سی 2.5کروڑ روپے کی لاگت سے 31؍ جولائی 2018ء تک مکمل کرے گی۔وزیر موصوف نے خطاب کرتے ہوئے کہ اکہ حکومت انصاف کی تیز تر فراہمی یقینی بنانے کی وعدہ بند ہے اور عدلیہ کے نظام کو مستحکم کرنے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت عدالتوں میں بنیادی ڈھانچے کو بڑھاوا دے رہی ہے تاکہ وکلاء کے لئے مزید جگہ قائم کرنے کے ساتھ ساتھ کورٹ کمپلیکسوں میں ریکارڈ اور لائبریریو ں کے لئے مناسب جگہ قائم کی جاسکے۔
حکومت وعدے پوراکرنے کی وعدہ بند:نرمل سنگھ
جموں/نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے کہاکہ حکومت لوگوں کے ساتھ کئے گئے وعدوں کو ایک معیاد بند مدت کے اندر مکمل کرنے کے لئے پرعزم ہے۔نائب وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار یہاں کے اے ایس افسروں کے ایک وفد اور ایمپلائز کاڈی نیشن کمیٹی کے وفد جس کی سربراہی اس کے چیئرمین غلام رسول میر کر رہے تھے کے ساتھ بات چیت کرنے کے دوران کیا۔ ان وفود نے کل کی کابینہ میٹنگ کے دوران لئے گئے تواریخی فیصلوں کے حوالے سے نائب وزیرا علیٰ کا شکریہ ادا کیا۔ نائب وزیرا علیٰ نے کہاکہ حکومت نے ساتویں تنخواہ کمیشن کی سفارشات لاگو کرنے کا وعدہ کیا تھا جسے مالی دشواریوں کے باوجود پورا کیا گیا ہے۔انہوںنے کہاکہ حکومت ملازمین کی بہبودی کو یقینی بنانے کے لئے خاطر خواہ کوششیں کر رہی ہے۔
ٹائم بائونڈ گریڈ پروموشن اور تنخواہ کمیشن لاگوکرنے کیلئے
کے اے ایس افسر ان کا وزیرا علیٰ کے تئیں اظہارتشکر
جموں/کشمیر ایڈمنسٹریٹیو سروس آفیسرس ایسو سی ایشن کے ایک وفد نے یہاں وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے ساتھ ملاقات کی اور کے اے ایس کاڈر کے لئے ٹائم بائونڈ پروموشن کے حوالے سے لئے گئے فیصلے کے لئے ان کا شکریہ ادا کیا۔وفد کی قیادت ایسو سی ایشن کے صدر تصدق حسین میر کر رہے تھے۔واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ کی صدارت میں کل منعقدہ ریاستی کابینہ میٹنگ کے دوران کے اے ایس افسروں کو ٹائم بائونڈ گریڈ پروموشن دینے کو منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ کابینہ نے ملازمین کے حق میں ساتویں تنخواہ کمیشن کی سفارشات کو لاگو کرنے کو بھی ہری جھنڈی دکھائی گئی۔وفد نے ان فیصلوں کے لئے وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا ۔انہوں نے کہا کہ ان فیصلوں کی بدولت میں افسروں کے اعتماد اور لگن کے ساتھ کام کرنے کے جذبے میں اضافہ ہوگا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ ان اقدامات کی بدولت ریاست کے حکمرانی نظا م میں مزید بہتری آئے اور لوگوں کو معیار ی سہولیات دستیا ب ہوگی۔
جی ایچ ایس ایس چھنی ہمت کی نئی عمارت
کویندر گپتا نے افتتاح کیا
جموں/سرکاری سکولوں کو بہتر بنیادی ڈھانچے کی سہولیت فراہم کرنے کے سلسلے میں قانون ساز اسمبلی کے سپیکر کویندر گپتا نے آج گورنمنٹ ہائیر سکینڈری سکول چھنی ہمت کی نئی تعمیر شدہ عمارت کا افتتاح کیا ۔ محکمہ آر اینڈ بی نے 2.2 لاکھ روپے کی لاگت سے یہ عمارت تعمیر کی ہے ۔ اس موقعہ پر سپیکر نے تقریر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ریاست کے تمام سرکاری سکولوں کو بہتر بنیادی ڈھانچہ فراہم کرنے کا عہد کیا ہے تا کہ بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کی جا سکے ۔ سپیکر نے کہا کہ متعلقہ سکول کا کھیل کا میدان اپ گریڈ کیا جائے گا تا کہ سکولی بچوں کو کھیل کود کی سرگرمیوں میں حصہ لینے کا موقعہ فراہم کیا جا سکے ۔ سکول انتظامیہ کے مطالبے کے ردِ عمل میں سپیکر نے انہیں یقین دلایا کہ سکول میں سائیکالوجی مضمون پڑھانے کیلئے یہ معاملہ متعلقہ حکام کے ساتھ اٹھایا جائے گا ۔ پرنسپل اور سکول کے عملے کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کرنے کے دوران سپیکر نے سکول کی ترقیاتی سرگرمیوں کا جائیزہ لیا اور اُن پر زور دیا کہ وہ سکول کے بنیادی ڈھانچے میں مزید اضافہ کرنے کے اقدامات انجام دیں ۔ پی ڈبلیو ڈی کے افسران کے علاوہ سکول کا عملہ اس موقعہ پر موجود تھا ۔
جودھا مل پبلک سکول میں بچوں میں وظایف تقسیم
امتیاز حاصل کرنا تعلیم کے معیار کو ماپنے کا ذریعہ نہیں :پروفیسرمٹو
جموں/سکولی تعلیم کے نظام کو مزید دلچسپ اور کارآمد بنانے کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کے مشیر پروفیسر امیتابھ مٹو نے کہا کہ تعلیم کے سیکھنے اور امتیاز حاصل کرنا تعلیم کے معیار کو ماپنے کا ذریعہ نہیں بنانا چاہئیے بلکہ بچوں کو تعلیم ایک دل چسپ مصروفیت بنانے اور اُن میں تخلیقی شوق پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ ان باتوں کا اظہار مٹو نے جودھا مل پبلک سکول میں منعقدہ باصلاحیت طلاب میں وظایف تقسیم کرنے کی تقریب سے تقریر کرتے ہوئے کیا ۔ ضلع ڈوڈہ کے برسوانہ گاؤں میں قایم حاجی پبلک سکول کی مثال دیتے ہوئے پروفیسر مٹو نے کہا کہ یہ سکول ایک مثبت مثال موجود ہے جہاں پر ایک چھوٹے قدم کو اٹھانے کے نتیجے میں بچوں کی زندگانیوں میں انقلاب درج کیا گیا ہے ۔ سبھا حاجی کی سماج کے تئیں خدمات کی سراہنا کرتے ہوئے پروفیسر مٹو نے محکمہ تعلیم کے افسروں ، ماہرین تعلیم اور رضا کاروں پر زور دیا کہ وہ سبھا حاجی سکول کی ترقی میں اپنا اہم رول ادا کریں ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ جو استاد اس سکول میں اپنے فرایض انجام دینے کیلئے راضی ہو جائے گا اُسے وہ ایک لاکھ روپے ذاتی طور پر فراہم کریں گے ۔ اس موقعہ پر سکولی بچوں کی طرف سے ایک رنگا رنگ تمدنی پروگرام پیش کیا گیا ۔ سیکرٹری سکولی تعلیم فاروق احمد شاہ و دیگر سینئر افسران اس موقعہ پر موجود تھے ۔
رشوت سے پاک خدمات کی فراہمی
ڈیجیٹائزیشن کار آمد ثابت ہوئی : انصاری
جموں//انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وزیر عمران رضا انصاری نے کہا ہے کہ ڈیجیٹائزیشن لوگوں کو رشوت سے پاک خدمات فراہم کرنے میں کارآمد ثابت ہوئی ہے۔وزیر نے مزید کہا کہ اس عمل سے ملک کی ترقی میں انقلاب لایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک ملک میں ڈیجیٹائزیشن75.80 فیصد پہنچ گئی ہے اور ضرورت اس بات کی ہے کہ دیہی علاقوں کو ڈیجیٹائزیشن کی بدولت شہروں کی ترقی کی سطح پر لایا جائے۔وزیر موصوف پردھان منتری گرامین ڈیجیٹل ساکھشرتہ ابھیان کے تحت جموںاضلاع کے متعلقہ اُمیدواروں اور وی ای ایز کے ایک اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔انفارمیشن ٹکنالوجی محکمہ کے سیکرٹری اور دیگر متعلقین بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔وی ایل ویز کو ڈیجیٹل انڈیا کے نمائندے قرار دیتے ہوئے وزیر نے کہا کہ یہ لوگ ملک کے دیہاتی عوام میں انقلاب لانے اور انہیں روز گار کے مواقعے فراہم کرنے کی صلاحیت تکھتے ہیں۔بعد میں وزیر موصوف نے پانچ پی ایم جی ڈی آئی ایس ایچ اے اسناد مستحق افراد میں تقسیم کئے۔
مٹو کے ہاتھوں ’’ جے کے میوزک انیشیٹو‘‘ کا پہلا شمارہ جاری
جموں //جموں وکشمیر میں لوک موسیقی کو فروغ دینے کے سلسلے میں وزیر اعلیٰ کے مشیر پروفیسر امیتابھ مٹو نے آج گورنمنٹ پی جی کالج فار وومن گاندھی نگر میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران ’’جے کے میوزک انیشیٹو‘‘ کا اپہلا شمارہ جاری کیا۔پرنسپل سیکرٹری اعلیٰ تعلیم ڈاکٹر اصغر حسن سامون، وائس چانسلر سینٹرل یونیورسٹی جموں پروفیسر اشوک ائما، ڈائریکٹر کالجز، ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پروفیسر زیڈ اے چاٹ، نوڈل پرنسپل ڈاکٹر ستیندر سنگھ، پرنسپل گورنمنٹ پی جی کالج فار وومن گاندھی نگر ڈاکٹر کوشل سموترہ، پرنسپل جی سی او ای جموں ڈاکٹر راج شری دھر بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے پروفیسر مٹو نے لوک موسیقی کو فروغ دینے پر زور دیا۔ انہوں نے متعلقین سے کہا کہ وہ اس مقصد کے لئے ضروری اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ طُلاب میں چھوٹی عمر سے ہی اس موسیقی کا شوق پیدا کرنا چاہئے۔صوبہ کشمیر کے میوزک شعبۂ سے وابستہ فکیلٹی نے بھی ویڈیو کانفرنس کے ذریعے تقریب میں شرکت کی۔