لیکچرار خورشیدشاہ کی سبکدوشی پر الوداعیہ
حسین محتشم
پونچھ// محکمہ تعلیم میں عرصہ دراز تک درس و تدریس کے فرائض انجام دینے کے بعد لیکچرارشعبہ سماجیات سید خورشید حسین شاہ سبکدوش ہوگئے۔ان کی سبکدوشی پر جمیل احمد پرنسپل گورنمنٹ ہائر سکنڈری اسکول موہری گورسائی کی قیادت میں اسکول انتظامیہ کی جانب سے ایک الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کی صدارت سید منظور حسین جعفری نے کی۔اس موقعہ پر مہمان ذی وقار کی حیثیت سے پرنسپل ڈگری کالج مینڈھر سید شبیر حسین جعفری اور مہمان خصوصی کی حیثیت سے سید عزیز جعفری،مہمان اعزازی کی حیثیت سے سید انور حسین شاہ سابق ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شامل ہوئے ۔تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے سبکدوش پرنسپل سید شبیر حسین جعفری،سی ای او پونچھ گلزار احمد قادری، نظیر قریشی، ہیڈ ماسڑ سید شبیر حسین،قربان شہباز،تصدق حسین شاہاں،ڈی وائی ایس پی سید مقصود حسین جعفری، ذکی حیدر، ماسڑ انور حسین ونتو، لیکچرار سید ذوالفقار علی نقوی، لیکچرار سید سجاد علی نقوی ، سید عظمت جعفری اور دیگر مقررین نے کہا کہ بحیثیت معلم جس ذمہ داری اور ایمانداری سے سید خورشید حسین جعفری نے اپنے فرائض منصبی انجام دیئے،وہ قابل سراہناہے ۔انہوں نے کہا کہ موصوف نے علاقہ میں تعلیم کی ترویج اور علاقہ کی ترقی کے لئے ہمیشہ کوشش کی۔ تمام شرکاء نے موصوف کو ہار پہنا ئے اور تحائف پیش کر کے وہاں سے رخصت کیا۔اس دوران سید خورشید حسین شاہ نے بھی تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔تقریب کے دوران نظامت کے فرائض معلم دل محمد نے انجام دیئے۔
ہیلتھ سکیم میں شامل نہ کرنے پر غرباء کا احتجاج
پرویز خان
منجاکوٹ //تحصیل منجاکوٹ کی مختلف پنچایتوں سے تعلق رکھنے والے بی پی ایل کنبوں کے افراد نے حکومت ہند کی طرف سے شروع کی گئی نئی ہیلتھ سکیم میں نام شامل نہ ہونے پر محکمہ صحت اور محکمہ خوراک ، شہری رسدات و امورصارفین کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا جس کی وجہ سے جموں پونچھ شاہراہ پر کچھ دیر تک کیلئے گاڑیوں کی آمدورفت بھی معطل رہی ۔انہوںنے کہاکہ دونوں محکموں کے افسران نے ان کے ساتھ زیادتی کی ہے اور مستحق کنبوں کے بجائے غیر مستحقین کو اس سکیم کے دائرے میں رکھاگیاہے ۔ انہوںنے کہاکہ لسٹ تیار کرنے والے ملازمین نے ان کے ساتھ ناانصافی کی ہے ۔ انہوںنے اس دوران وزیر اعظم ، وزیر اعلیٰ ، ممبراسمبلی راجوری ، تحصیلدار منجاکوٹ اور دیگر افسران کے خلاف بھی نعرے بازی کی اورکہاکہ غلط کرنے والے ملازمین کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے اور باضابطہ تحقیقات کروائی جائے ۔ انہوںنے کہاکہ اگر ان کے ساتھ انصاف نہیںہواتو وہ بڑے پیمانے پر احتجاج کریںگے جس کی تمام تر ذمہ دار ی حکام پر عائد ہوگی ۔
ڈپٹی کمشنر راجوری کا دورۂ ترکنڈی
۔2014سیلاب متاثرین کی فہرست 48گھنٹے میں تیار کرنیکی ہدایت
راجوری//ڈپٹی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری نے حد متارکہ پر واقع گائوں ترکنڈی کا دورہ کرکے لوگوں کے مسائل کے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔ان کے ہمراہ دیگر افسران بھی تھے ۔اس دوران موصوف نے پریالی ، چھمبا، مندیاں ، نائیکہ ،پنج گرائیں اور کنڈی نکہ کادورہ کیا ۔پورے دن کے دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے مقامی لوگوں سے بات چیت کرکے علاقے میں پانی ، بجلی ،سڑک روابط اور تعلیمی نظام کا جائزہ لیا ۔مقامی لوگوںنے مانگ کی کہ پریالی ٹاپ کو سیاحتی نقشے پر لایاجائے اور پانی و بجلی اور سڑک روابط کا بہتر انتظام کیاجائے ۔انہوںنے سکولوں میں تدریسی عملہ کی قلت کو دورکرنے کی بھی مانگ کی ۔انہوںنے پریالی میں گرام سبھا منعقد کرکے پی ایم جی ایس وائی سڑک کی تعمیر کا فیصلہ لیا جو اس علاقے کے لوگوں کو فائدہ دے گی ۔ اس بات کا فیصلہ بھی لیاگیا علاقے میں پانی کے بارہ ذرائع کو تحفظ دیاجائے گااور ہینڈ پمپوں کی تنصیب بھی عمل میں لائی جائے گی ۔انہوںنے 2014کے سیلاب کے دوران ہوئی تباہی کا جائزہ بھی لیا اور بازآبادکاری کے کام میں تیزی لانے کا یقین دلایا۔ انہوںنے زیر التوا پڑے معاملات کو سخت نوٹس لیتے ہوئے محکمہ مال کو ہدایت دی کہ وہ سیلاب متاثرین کی فہرستیں اڑتالیس گھنٹوں کے اندراندر پیش کرے ۔بعد ازآں انہوںنے ہائی سکول نائیکہ پنج گرائیں کادورہ کیا جہاں ہیڈ ماسٹر نے انہیں سکول کے مسائل سے روشناس کروایا اور تباہ حال عمارت کی مرمت کی مانگ کی ۔ ڈپٹی کمشنر نے حکام کو ہدایت دی کہ اس سلسلے میں فوری طور پر ڈی پی آر تیار کرکے پیش کیاجائے ۔انہوںنے متعدد ترقیاتی پروجیکٹوں کا جائزہ بھی لیا ۔
شاہستار میں یونیورسٹی کیمپس کی منظوری
ممبراسمبلی مینڈھر کا کارکنان نے استقبال کیا
جاوید اقبال
مینڈھر//ڈنہ شاہستار میں جموں یونیورسٹی کے قیام کی منظوری پر ممبر اسمبلی مینڈھر جاوید احمد رانا کا سوموار کو بھمبر گلی میں نیشنل کانفرنس کارکنان نے والہانہ استقبال کیا ۔وہاںسے انہیںایک قافلے کی شکل میںمینڈھر لایاگیا اور پھر ایک تقریب بھی منعقد ہوئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ممبر اسمبلی مینڈھر نے کہا کہ انہوں نے اسمبلی حلقہ مینڈھر کے لوگوں سے یہ وعدہ کیا ہوا ہے کہ وہ مینڈھر کو ماڈل اسمبلی حلقہ بنائیں گے اور اس کیلئے جدوجہد جاری ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ مینڈھر کے اندر کچھ ماہ قبل میں نے اکلیویا ماڈل سکول گورسائی علاقہ میں ماڈل پنچایت جبکہ گورنمنٹ ڈگری کالج مینڈھر، متعددہائی ،مڈل اور ہائراسکینڈری سکول بنوائے ہیں ۔ان کاکہناتھاکہ منی سیکریٹریٹ مینڈھر کی تکمیل کیلئے دو کروڑ روپے واگزار کئے گئے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوںنے دعویٰ کیاکہ وہ گزشتہ کئی سال سے مینڈھر کے علاقہ ڈنہ شاہستار میں یونیورسٹی کیمپس کیلئے جدوجہد کررہے تھے جس میں کامیابی ملی ہے ۔انہوںنے کہاکہ اس سے یہاں کے طلباء کو اعلیٰ تعلیم کا موقعہ ملے گااورڈنہ شاہستار ایک ایسی جگہ ہے جو مینڈھر اور سرنکوٹ کے درمیان میں پڑتی ہے اور سیر و تفریح کیلئے مناسب ترین ہے ۔انہوںنے بھمبر گلی پہنچ کر استقبال کرنے والوں کا شکریہ اد اکیا ۔
خطہ پیرپنچال میں روڈ سیفٹی ہفتہ کی افتتاحی تقریب کا انعقاد
منیر خان
منیر خان
راجوری //راجوری ڈاک بنگلہ میں روڈ سیفٹی ہفتہ کی آخری تقریب منعقد ہوئی ۔اس تقریب کا اہتمام محکمہ ٹرانسپورٹ کی طرف سے کیا گیا تھا جس میں ڈپٹی کمشنر راجوری شاہد اقبال چودھری مہمان خصوصی کے طور پر موجودتھے ۔اس موقعہ پر ایس ایس پی راجوری یوگل منہا س ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر پلاننگ بلال احمد میر ، ڈی پی او عبدالخبیر و دیگر آفیسران بھی موجودتھے ۔تقریب میںکئی نجی اسکولوں کے بچوں کے درمیان روڈ سیفٹی ہفتہ کی مناسبت سے تقریری مقابلے کرائے گئے جن میں بہترین پوزیشن حاصل کرنے والوں کو انعامات سے نوازاگیا۔اپنے خطاب میں ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ روڈ سیفٹی ہفتہ پورے ملک میں اسلئے منایا جارہا ہے تاکہ ٹریفک قوانین کی عمل آوری کو لیکر عوام میں بیداری لائی جائے اور اس طرح سے روڈ حادثات پر قابو پایاجاسکے ۔ انہوں نے طلباء سے تلقین کی کہ وہ اپنے والدین کو ہیلمٹ اور سیٹ بیلٹ پہننے کی اپیل کریں تاکہ وہ اپنے بچوں کی شفقت میں اپنی قیمتی جان کا تحفظ یقینی بناپائیں۔ انہوں نے کہا کہ والدین کو چاہئے کہ وہ اپنے نابالغ بچوں کو قطعی گاڑی چلانے کے لئے نہ دیں ۔ انسپکٹر محکمہ ٹرانسپورٹ رنجیوبھسیم نے تمام مہمانوں کا شکریہ اداکیا ۔
پونچھ
حسین محتشم
پونچھ // خدمت خلق سوسائٹی کے چیئرمین نالئف احمد کی قیادت میں روڈ سیفٹی ہفتہ کے دوران ایک بیداری کیمپ کا اہتمام ڈاک بنگلہ پونچھ میں کیا گیا جس کی صدارت اے آر ٹی او پونچھ نے کی۔اس تقریب میں پونچھ کے نوجوانوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے مقررین نے ٹریفک قوانین پر عمل در آمد کرنے پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ جتنے بھی سڑک حادثے ہوتے ہیں ان میں اکثر حادثے قوانین کی خلاف ورزی کی وجہ سے ہوتے ہیں۔اس موقعہ پر اے آر ٹی او پونچھ نے بھی خطاب کیا اور خدمت خلق سوسائٹی کے چیئرمین اور دیگر تمام کارکنان کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے سڑک حفاظتی مہم میں ان کے محکمہ کا تعاون کیا۔بعد از آں غیر سرکاری تنظیم کے تمام کارکنان نے ڈرائیوروں میں ٹریفک قوانین کے متعلق تیار کئے گئے پمفلٹ تقسیم کئے اور ڈرائیوروں سے اپیل کی کہ وہ گاڑیوں میں اضافی سواریاں نہ بٹھائیںاورنہ ہی تیز رفتاری کریں۔انہوںنے سیٹ بیلٹ اور ہیلمٹ کا استعمال کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہاکہ گاڑی چلاتے وقت موبائل فون کا استعمال بھی نہ کیاجائے۔
پونچھ کالج
حسین محتشم
پوچ // 29 ویں سڑک حفاظتی ہفتہ کے تحت ایک ہفتہ تک مختلف پروگراموں کے بعد ڈگری کالج پونچھ کے آڈیٹوریم میں اختتامی تقریب منعقد کی گئی۔ یہ تقریب کالج کی انتظامیہ کے اشتراک سے موٹر وہیکل محکمہ کی طرف سے منعقد کی گئی جس میںایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر بشارت حسین انقلابی مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے جبکہ اے آر ٹی او عبدالرحیم، پرنسپل ڈگری کالج پونچھ مسرف حسین شاہ، پرنسپل گرلز ہائر سیکنڈری اسکول شیش محل کے علاوہ کالج کے اساتذہ اور دیگر عملہ، سول سوسائٹی کے نمائندوں، ٹرانسپورٹرز اور طالب علموں کی بڑی تعدادنے بھی تقریب میں شرکت کی ۔اس دوران سڑک کی حفاظت پر ایک سمپوزیم بھی منعقد کیا گیا جس میں مختلف اسکولوں کے طلباء نے اس پر روشنی ڈالتے ہوئے اس کے اغراض و مقاصدبیان کئے ۔اپنے خطاب میںبشارت حسین انقلابی نے ضلع میں ایک ہفتہ تک منصوبہ بندی بیداری مہم کو منظم کرنے پر موٹر وہیکل محکمہ کی کوششوں کی تعریف کی اور کہاکہ دوسروں کو اس میں شامل ہوناچاہئے ۔اے آر ٹی او پونچھ نے ٹریفک قوانین کی عمل آوری پر زور دیتے ہوئے کہاکہ محکمہ عوام کو مفت میں خدمات فراہم کرنے کا اعادہ کرتاہے ۔انہوںنے کہاکہ وہ ان سبھی کے شکر گزار ہیں جنہوںنے بھی اس مہم میں تعاون دیا ۔پروفیسر مسروف حسین شاہ اور پرنسپل گرلز ہائرسکنڈری اسکول شیش نے بھی خطاب کیا ۔ آخر پر بہترین کارکردگی دکھانے والوں میں انعامات بھی تقسیم کئے گئے ۔
ڈی ایف او فارسٹ کارپوریشن سبکدوش
منیر خان
منیر خان
راجوری // راجوری فارسٹ کارپوریشن میں بطور ڈویژنل فارسٹ آفیسر تعینات چودھری لعل حسین اپنی 36سالہ سروس کے بعد سبکدوش ہوگئے ہیں۔انہیں کارپوریشن کے دیگر آفیسران اور ملازمین نے پھول مالائیں ڈال کر الوداع کیا ۔ اس موقعہ پر منعقدہ تقریب سے بولتے ہوئے رینج آفیسر عبدالرحمن مرزانے کہاکہ چودھری لعل حسین نہایت ہی ایماندار اور خوش اخلاق شخصیت کے مالک ہیں جنہوں نے اپنی نوکری کے پورے 36سالہ خدمات خوش اسلوبی سے انجام دی اوروہ راجوری پونچھ سے فارسٹ کارپوریشن کے پہلے ڈویژنل آفیسر رہے ہیں ۔ چودھرل لعل حسین بھٹی کلر موہڑا مینڈھر سے تعلق رکھتے ہیں ۔ اس موقعہ پر چودھری محمد اسمٰعیل نے ڈویژنل فارسٹ کارپوریشن آفیسر راجوری کے طور پر عہدہ سنبھالا ۔ انہوں نے کہا کہ جس سمت چودھری لعل حسین سابق ڈی ایف او نے محکمہ کی بہتری کیلئے انتھک کوشش ومحنت کی اور وہ اسے آگے لیجانے میں ہر ممکنہ کوشش کریںگے ۔اس موقعہ پر منتظر احمد کھٹانہ بھی موجو دتھے ۔