دسویں جماعت کی طالبہ کی مبینہ عصمت دری ،معاملہ درج
حافظ قریشی
کٹھوعہ //پولیس سٹیشن بنی میں ایک پرائیویٹ ٹیوشن ٹیچرکے خلاف ضلع کی تحصیل بنی کے کنتھال گائوں میں دسویں جماعت کی طالبہ کی مبینہ عصمت ریزی کامعاملہ درج کیاگیاہے۔پولیس سٹیشن بنی کے ذرائع کے مطابق متاثرہ بچی کے والد کی شکایت کہ سنجے کمارجو پرائیویٹ ٹیوشن پڑھاتاتھا ، چارماہ سے اس کی دسویں جماعت میں زیرتعلیم بیٹی کاجنسی استحصال کررہاہے ۔پولیس نے مزیدکہاکہ یہ معاملہ اس وقت سامنے آیاجب گذشتہ روز بچی کے والدنے ٹیچرکی مشکوک حرکت دیکھی ۔ایس ایچ اوبنی نے کشمیرعظمیٰ کوبتایاکہ والدنے بیٹی سے مشکوک حرکت سے متعلق پوچھاتواس نے بتایاکہ اس کاٹیچرجنوری سے اسے جنسی استحصال کاشکارکررہاہے۔انہوں نے مزیدکہاکہ پولیس نے ایف آئی آر 35 زیردفعہ 376 ،مورخہ 6 مئی 2018 معاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے اورپولیس ملزم کی تلاش سرگرمی کے ساتھ کررہی ہے تاہم اسے گرفتارکرنے میں کامیابی حاصل نہیں ہوئی ہے۔
تنخواہوں سے تفاوت دورکی جائے
ایکسائزاینڈکمرشل ٹیکسزایگزیکٹیوایمپلائز کی اپیل
جموں//آل جموں وکشمیرایکسائز اینڈکمرشل ٹیکسز ایگزیکٹیو ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن نے ایگزیکٹیوکیڈر میں تنخواہوں میں پائی جانے والی تفاوت کودورکرنے کیلئے وزیرخزانہ سے مداخلت کی اپیل کی ہے۔ایسوسی ایشن کے مطابق بار ہااپیلوں اورگذارشات کے باوجودمحکمہ کے ملازموں کے اس اہم مسئلے کوحل نہیں کیاگیا۔مقررین نے کہاکہ محکمہ کے اہلکارغیرموزوں حالات میں بھی جانفشانی سے اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں مگران کے اس دیرینہ مسئلے کوحل کرنے میں ٹال مٹول سے کام لیاجارہاہے۔
مدارس اور فارسی ‘مانو میں قومی سمینارآج
جموں// پروفیسر عارف ایوبی چیئرمین، فخرالدین علی احمد میموریل کمیٹی لکھنؤ اور مفتی خلیل احمد شیخ الجامعہ، جامعہ نظامیہ ، حیدرآباد، مولاناآزاد نیشنل اُردو یونیورسٹی میں 7؍ مئی 11بجے دن لائبریری آڈیٹوریم میں دو روزہ قومی سمینار کا افتتاح کریں گے۔ سمینار کا عنوان ’’فارسی زبان و ادب کے فروغ میں مدارس کا حصہ ‘‘ ہے۔ پروفیسر شاہد نوخیز‘ صدر شعبۂ فارسی کی اطلاع کے بموجب سمینار کا اہتمام شعبہ فارسی، فخر الدین علی احمد میموریل کمیٹی، لکھنؤ کے اشتراک سے کر رہا ہے۔ اس میں ملک کے معروف اسکالرس اور دانشور شرکت کررہے ہیں۔ پروفیسرحسن عباس، ڈائرکٹر، رضا لائبریری، رامپور کلیدی خطبہ دیں گے جبکہ کارگزار شیخ الجامعہ پروفیسر شکیل احمد صدارت کریں گے۔ ملک کے مختلف مدارس سے بھی منتظمین و معلمین اور فارغین شرکت کریں گے۔ ڈاکٹر قیصر احمد، ڈائرکٹر سمینار خطبہ استقبالیہ دیں گے۔ تما م علم دوست احباب سے شرکت کی درخواست کی جاتی ہے۔
پٹوارایسوسی ایشن کااجلاس منعقد
جموں //آل جموں و کشمیر پٹوار ایسوسی اشن کی ایک میٹنگ ایس ڈی ایم دفتر جموں نارتھ میں منعقد ہوئی۔میٹنگ کی صدارت سنئیر نائب صدر مشتاق احمد گنائی نے کی جس میں صوبہ جموں کی سٹیٹ باڈی کے کئی ممبران نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ پرونشل باڈی جموں پرونس کے سبھی ممبران جن کی قیادت محمد فاروق ملک صوبائی صدر اے جے کے پی اے کر رہے تھے کے علاوہ صوبہ جموں کے تمام ضلع صدور نے بھی شرکت کی میٹنگ میں ۔۔۔پڑی ہوئی مانگوں کو زیر بحث لایا گیا۔مقررین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پٹواریوں ،منہیں کافی مشکل اور نا مساعد حالات میں اپنے فرائض انجام دینے پڑتے ہیں کی تمام جائز مانگوں کو جلد پورا کیا جائے جن میںپے گریڈ کی فراہمی ڈائریکٹ نائب تحصیل داروں کی تعیناتی پرقدغن لگانااورپٹواریوں اورگرداروں کی محکمانہ ترقیوں کی میٹنگیں جلدمنعقدکرنا اورگرداور سرکل کومعرض وجودمیں لاناشامل ہے۔
سکاسٹ ٹیچنگ ایسوسی ایشن کاوفدنائب وزیراعلیٰ سے ملاقی
جموں // سکاسٹ ٹیچنگ ایسوسیشن جموںکا ایک وفد وکاس شرما کی قیادت میں ریاستی نائب وزیر اعلیٰ کویندر گپتا سے ملاقی ہوا۔ ملاقات کے دوران تنظیم نے تدریسی عملہ سے جڑے کئی معاملات زیر بحث لائے۔اس دوران یونیورسٹی کو مزید ترقی دینے کا معاملہ بھی اٹھایا گیا ۔تنظیم کے صدر نے کویندر گپتا کو ریاست کانائب وزیر اعلیٰ بننے پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے اور ابھی تک بنیادی ڈھانچہ بھی مکمل طور پر تعمیر نہیں کیا گیا ہے ۔وزیر موصوف کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی میںگذشتہ 18 برسوں سے صرف 2ہی شعبے اگریکلچر اور ویٹرنری سائنسزہی قائم ہے اس لیے انہوں نے نائب وزیر اعلیٰ سے اپیل کی کہ یونیورسٹی میں مزید شعبوں کا قیام عمل میں لایا جائے۔اس دوران نائب وزیر اعلیٰ نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کے مطالبات کو فوری طور پر پورا کیا جائے گا۔جو لوگ وفد میں شامل تھے ان میں ڈاکٹر پی کے رائے جوئنٹ سیکرٹری،داکٹر دویندر شرما پبلیسٹی سیکرٹری اورڈاکٹر بسواجیت برھما کا نام قابل ذکر ہے۔
پی ڈی پی۔بی جے پی مخلوط حکومت سے عوام بیزار:شاہنواز
جموں//پردیش کانگریس کمیٹی کے جنرل سیکریٹری شاہنوازچوہدری نے کہاہے کہ ریاست کے عوام میں پی ڈی پی۔بی جے پی مخلوط حکومت کے خلاف بیزاری میں روزبروز اضافہ ہورہاہے کیونکہ یہ حکومت عوام کی توقعات پرپورااترنے میں بری طرح سے ناکام ہوگئی ہے۔یہاں جاری پریس بیان میں پردیش کانگریس کے جنرل سیکریٹری شاہنوازچوہدری نے کہاکہ موجودہ ریاستی سرکارعوام کودرپیش مسائل ومشکلات کودورکرنے میں آپسی مسائل واختلافات میں اُلجھ کررہ گئی ہے جس کے نتیجہ میں ریاست میں جہاں تعمیروترقی کاعمل ٹھپ ہوکررہ گیاہے وہاں عوام بھی متعددمشکلات کی وجہ سے پریشان ہے۔ انہوںنے کہاکہ بی جے پی اپنے سیاسی مقاصد کے لیے تفریقی سیاست کاسہارالے رہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ریاست جموں وکشمیرکے لوگوں نے نہایت ہی نازک اورحساس حالات کے دوران بھی فرقہ وارانہ ہم آہنگی اورباہمی بھائی چارے اورمیل ملاپ کی شاندارروایات کوبرقراررکھا ۔شاہنوازنے امید ظاہر کی کہ آئیندہ بھی ریاست کے عوام ماضی کی روایات کوبرقراررکھتے ہوئے فرقہ پرست اورفاسسٹ قوتوں کے مذموم ارادوں کاناکام بنادیں گے۔شاہنوازنے کہاکہ دیہی علاقوں میں لوگ مشکلات سے دوچارہیں اورانہیں بنیادی سہولیات بھی مہیانہیں کرائی جارہی ہیں جوکہ باعث افسوس بات ہے۔
گوروروی کے زیراہتمام پرکاش اُتسوکی مناسبت سے تقریب
جموں//شری گورو روی داس سبھا نے 641ویںپرکاش دیوس اور ڈاکٹر بی آر امبیدکرکے 127ویں جنم دن پرایک پروگرام کا اہتمام کیا۔ تنظیم کی طرف سے یہ پروگرام شری گورو روی داس مندر نگروٹہ میں رتن لال کی صدارت میںمنعقدکیاگیا ۔اس دوران گردیپ گیری نے مذہبی رسومات کو سر انجام دیتے ہوئے سنگت کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ گورو کے بتائے ہوئے راستے پر چلے۔اس موقع پر نیشنل کانفرنس ایس سی سیل کے سابقہ صدراور سبھا کے سابقہ صدرنے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ سماج میں ایکتا کا مظاہرہ کرے کیوں کہ مل جل کر رہنے سے سب کچھ حاصل ہو سکتا ہے۔انہوں نے ریاستی سرکار کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سرکار دلتوں کے خلاف ہے اس کی مثال انہوںنے بی جے پی رکن پارلیمان دیناناتھ کے بیان کے طور پر پیش کی جو انہوں نے کچھ روز پہلے بیان دیا تھا۔اس دوران سبھا کی طرف سے دسویں اور بارویں جماعت میں اچھے نمرات لے کر پاس ہونے والے طلبا ء کو مبارک باد پیش کیا گیااورشام لال بسون نے حکومت پر طعنہ کستے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نے ایسے کابینہ وزیر ا ور یہاں بھیج کر دلت سماج کا مذاق اڑایا ہے۔ اس موقع پر جنہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کیا ان میں شام لال بسون،کیسر سنگھ،وغیرہ کا نام قابل ذکر ہے ۔
نٹرنگ نے ہندی ڈراما ’دیمک ‘پیش کیا
جموں // نٹرنگ نے اپنی سنڈے تھیٹرسیریزکے تحت بسنت رمیکار کا تحریر کردہ ’دیمک ‘نامی ایک ہندی ڈرامہ پیش کیا۔سیاسی پس منظرکو پیش کرنے والا یہ ڈرامہ نیرج کانت نے ڈائریکٹ کیا۔ڈرامے کی شروعات کالج الیکشن سے ہوتی ہے جہاں کچھ طلاب لیڈرکالج صدر بننے کی تقدو میں تھے اور اسی اثنا میں ایک مقامی لیڈر آگے آکر یہ دیکھتا ہے کہ طلباء میں کون سا لیڈر بھول بھالہ زیادہ ہے اور وہ اسی کو اپنا کٹھ پتلی بنائے گا۔کالج میں دادو نام کا طالب علم کالج صدر بننے میں کامیاب ہو جاتا ہے اور مقامی لیڈرنیتا جی کی کٹھ پتلی بن کر کالج کے ساتھ ساتھ باہر کے ماحول میں رکاوٹیں پیدا کرتا ہے لیکن جب ان کا یہ رویہ انتہا کو پہنچتا ہے تو سارے طلباء ان سے بغاوت کرتے ہیں ۔نیتا جی اب دادو کا ساتھ دینے سے گریز کرتا ہے جو دادو کو ناگوار گزرتا ہے اور وہ نیتا کا قتل کرنا چاہتا ہے لیکن تب تک ان کو موت کا آ جاتا ہے اور یہاں ڈرامہ اختتام کو پہنچتا ہے ۔ اس ڈرامہ کا مقصد لوگوں تک یہ پیغام پہنچانا تھا کہ سماج کی اس نجی سیاست سے طلباء بھی نہیں بچ پاتے ہیں ۔ڈراما میں کرداروں کے فرائض انجام دینے والوں میں سے منوج للوتھرہ،برجیش شرما،اجے للوترہ،زیشان حیدر اور سوشنت سنگھ وغیرہ کے نام قابل ذکر ہیں۔اشلے مہتا نے شو کو حاضرین کے سامنے پیش کیا اور محمد یاسین نے شو کو تجویز کیا۔
اُردو یونیورسٹی ، انٹرنس پر مبنی کورسز میں داخلوں کی آخری تاریخ آج
جموں// مولانا آزاد نیشنل اُردو یونیورسٹی کے انٹرنس پر مبنی ریگولر پروگرامس میں آن لائن داخلوں کی آخری تاریخ 7؍ مئی ہے۔یونیورسٹی کے دیگر سٹیلائٹ کیمپسوں، کالجس آف ٹیچر ایجوکیشن (سی ٹی ایز) اور پالی ٹیکنیک کے لیے بھی آن لائن داخلہ فارم 7؍ مئی تک قبول کیے جائیں گے۔تمام پی ایچ ڈی پروگرام کے علاوہ ایم اے(عربی)؛ ایم بی اے؛ ایم سی اے ، ایم ٹیک (کمپیوٹرسائنس) اور ایم ایڈ؛ انڈر گریجویٹ پروگرامس ( بی ایڈ اور بی ٹیک (کمپیوٹر سائنس) ) اور پیشہ ورانہ ڈپلوما (ایلمنٹری ایجوکیشن (ڈی ایل ایڈ)؛ سیول انجینئرنگ، کمپیوٹر سائنس انجینئرنگ ، الیکٹرانکس اینڈ کمیونی کیشن انجینئرنگ اور انفارمیشن ٹکنالوجی، میکانیکل انجینئرنگ، الیکٹریکل اور الیکٹرانکس انجینئرنگ، آٹوموبائل انجینئرنگ ، اپیرل انجینئرنگ )میں داخلہ بذریعہ انٹرنس ٹسٹ ہوگا۔ پی ایچ ڈی میں اردو، انگریزی، ہندی، عربی ،فارسی، مطالعات ترجمہ ؛ مطالعات نسواں، پبلک ایڈمنسٹریشن،سیاسیات، سوشل ورک ، اسلامک اسٹڈیز، تاریخ، معاشیات،سوشیالوجی؛ تعلیم؛ صحافت و ترسیل عامہ؛ مینجمنٹ، کامرس؛ ریاضی، حیوانیات؛ کمپیوٹر سائنس شامل ہیں۔پروگراموں کے لییای پراسپکٹس اور آن لائن درخواست فارم یونیورسٹی ویب سائٹ www.manuu.ac.in پر دستیاب ہیں۔ تفصیلات کے لیے نظامت داخلہ کو [email protected] پر ای میل کیا جاسکتا ہے۔ تمام درخواست گزاروں کے لیے لازمی ہے کہ وہ کم از کم دسویں /بارہویں/ڈگری میں اردو میڈیم سے تعلیم حاصل کرچکے ہوں یابحیثیت زبان یا مضمون، اردو کامیاب ہوں یا مصرحہ مدرسوں سے فارغ ہوں (مدرسوں کی فہرست ای – پراسپکٹس میں دی گئی ہے)۔ایس سی /ایس ٹی/اوبی سی/معذور امیدواروں کیلئے مختلف پروگراموں میں داخلے کیلئے تحفظات حکومت ہند کے ضوابط کے مطابق رہیں گے۔ یونیورسٹی میں ہاسٹل کی محدود گنجائش فراہم ہے۔