کشمیر میں حالات کیلئے پاکستان ذمہ دار:وبودھ گپتا
راجوری //کشمیر میں خراب حالا ت کیلئے پاکستان کو مورد الزام ٹھہراتے ہوئے بھاجپا کے سینئر لیڈر و ممبر قانون ساز کونسل ایڈووکیٹ وبودھ گپتانے کہاکہ پاکستان نے کشمیر میں ایک ایسا ماحول پید اکیاہے جس سے تعمیروترقی کے شعبے پر اثرات مرتب ہورہے ہیں۔یہاں جاری پریس بیان کے مطابق راجوری کے بھٹیاں علاقے میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے گپتا نے کہاکہ کشمیر میں غیر یقینی صورتحال پاکستان کی ایک منصوبہ بند سازش ہے تاکہ کشمیر کو اقتصادی طور پر کمزور کیاجاسکے جس سے لوگوں میں غم وغصہ بڑھے گا۔انہوںنے کہاکہ پاکستان کو کشمیر کے مفادات سے کوئی سروکار نہیں ۔ گپتا کاکہناتھاکہ امن ترقی کیلئے اہم ہے لیکن پاکستان کشمیر میں امن کا موقعہ نہیں دے رہا۔ان کاکہناتھاکہ پاکستان کا کشمیر مخالف موقف ریاست کی تعمیروترقی پر اثرانداز ہورہاہے اور اس بات کو لوگوں کو بھی سمجھناچاہئے ۔کشمیر کے حالات سے نمٹنے کیلئے کئے جارہے حکومتی اقدامات کی سراہنا کرتے ہوئے گپتا نے کہاکہ موجودہ سرکار نے سنگ بازوں کو ایمنسٹی دے کر بہت بڑا اقدام کیاہے جس سے انہیں قومی دھارے میں شامل ہونے کا موقعہ فراہم کیاگیاہے ۔انہوںنے کہاکہ کشمیری نوجوانوں کو یہ سوچناچاہئے کہ وہ کیوں ایسے عناصر کے ہاتھوں کھیل کا حصہ بن رہے ہیں جو ریاست کو اقتصادی طور پر کمزور کرناچاہتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ سنگ بازاپنے مقاصد کا معائنہ کریں اور وہ کشمیر میں سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے سامنے آئیں کیونکہ سنگ بازی سے کوئی نتیجہ نہیں نکلے گا۔ان کے ہمراہ اتم گپتا ، کمل بخشی ، رنجیت تارا ، عبدالغنی شال ، عرفان مرزا ، سنجے شرما، خادم حسین ، محمد اشرف ، جنید احمد ، کیپٹن نیامت مرزا ، محمد اشرف ، محمد افضل وغیرہ بھی تھے۔
گاڑیوں میں ٹکرائوسے 4افراد زخمی
راجوری //جموں پونچھ شاہراہ پر ٹھنڈاپانی کے مقام پر دوگاڑیوں میں ٹکرائو ہوجانے کے باعث چار افراد زخمی ہوئے ہیں۔ذرائع نے بتایاکہ کار زیر نمبرJK02E 4545مخالف سمت سے آرہی کار زیر نمبرPB2U 4140سے ٹکراگئی جس کی وجہ سے چار افراد زخمی ہوئے ہیں جن کی شناخت وکرم ولد جوگیندر پال ساکن چکناوابادسندر بنی ، سکھ جندر سنگھ ولد درشن سنگھ ساکن موگا پنجاب ، جگدیش سنگھ ولد گرام سنگھ ساکن موگا اور اجے کھجوریہ ولد بھگوان داس ساکن موگا پنجاب کے طور پر ہوئی ہے ۔تمام زخمیوں کو فوری طور پر سب ضلع ہسپتال سندر بنی منتقل کیاگیاجہاں سے وکرم کونازک حالت میں گورنمنٹ میڈیکل کالج و ہسپتال جموں ریفر کیاگیاہے ۔اس سلسلے میں پولیس نے کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔
نوشہرہ سندر بنی کو خشک سالی سے متاثرہ قرار دینے کی مانگ
رمیش کیسر
نوشہرہ //نوشہرہ کے سابق ممبراسمبلی رادھے شام شرما نے حکومت سے مانگ کی ہے کہ نوشہرہ سندر بنی کو خشک سالی سے متاثرہ علاقہ قرار دیاجائے ۔ کشمیرعظمیٰ سے بات کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ نوشہرہ سندر بنی میں گزشتہ پانچ ماہ سے بارشیں نہیں ہوئیں جس کی وجہ سے ان دونوں علاقوں میں فصلیں خشک سالی کاشکار ہوگئی ہیں اور قدرتی آبی ذخائر خشک ہوچکے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ ان علاقوں میں پانی کی شدید قلت پائی جارہی ہے اور انسانوں کے ساتھ ساتھ جانوروں کو بھی پینے کا پانی نہیں مل رہا۔ شرما نے کہاکہ سرکار کے پاس لاکھوں روپے کے فنڈز ہیں اوراسے چاہئے کہ وہ نوشہرہ سندر بنی کو خشک سالی سے متاثرہ علاقہ قرار دے کر ٹینکروں کے ذریعہ پانی سپلائی کرے اور دیگر متباد ل راستے بھی اختیار کئے جائیں۔انہوںنے متاثرہ کسانوں کیلئے معاوضے کی بھی مانگ کی ہے۔
لیبر کمشنر پونچھ اعزازسے سرفراز
حسین محتشم
پونچھ//احساس فائونڈیشن پونچھ کی جانب سے بہتر کارکردگی دکھانے والے افسروں کو انعام و اکرام کے ساتھ نوازاگیاہے ۔اس سلسلہ میں چیئرمین پرویز ملک آفریدی اورایڈمنسٹریٹر اوقاف اسلامیہ پونچھ ریاض آتش نے لیبر کمشنر پونچھ زامود احمد کوبھی اعزاز سے نواز ا۔ فائونڈیشن کے چیئرمین آفریدی نے اس حوالے سے بات کرتے ہوے کہا کہ عوامی مسائل حل کرنے کے ساتھ ساتھ زامود احمد نے احساس کرکٹ کپ کو کامیاب بنانے میں اہم رول ادا کیااسلئے ان کی تنظیم نے ان کو اعزاز سے نوازاہے ۔انہوںنے کہاکہ امید کی کہ وہ مستقبل میں بھی اسی طرح سے ان کو تعاون دیںگے ۔
تھنہ منڈی میں آدھار کارڈ مرکز کھولنے کا مطالبہ
طارق شال
تھنہ منڈی//تھنہ منڈی کے عوام نے صدر مقام پر آدھار کارڈ بنانے کا مرکز قائم کرنے کا مطالبہ کیاہے۔ تھنہ منڈی کے پسمابدہ علاقے سے تعلق رکھنے والے اشخاص نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری سے اپیل کی ہے کہ لگ بھگ30 فیصد لوگوں کو آدھار کارڈ دستیاب نہیں ہوئے اس لئے تھنہ منڈی میں آدھار کارڈ بنانے کا مرکز قائم کیاجائے ۔ان کاکہناہے کہ تھنہ منڈی میں آدھار کارڈ بنانے والے آپریٹروں نے جو آدھار کارڈ جاری کئے ہیں،ان میں بیشترغلطیاں پائی جارہی ہیں جس کی وجہ سے اسکولوں میں زیر تعلیم طلاب کو سرکار کی طرف سے ملنے والا اسکالر شپ بھی نہیں مل رہااوراسی طرح سے معذور، عمر رسیدہ اور بیواؤں کو پنشن کی وصولی میں مشکلات کاسامناہے ۔ ڈھوک سے تعلق رکھنے والے ایک شخص محمد نثار نے بتایاکہ انہو ں نے آدھار کارڈ بنوانے کے لئے کئی چکر کاٹے لیکن یہ کارڈ بنانے والے مرکز کو بند پایا۔انہوںنے کہاکہ ان کی طرح دیگر کئی لوگ بھی پریشان حال ہیںاس لئے تھنہ منڈی میں ہی آدھار کارڈ دفتر کھولاجائے۔ تحصیلدار تھنہ منڈی قدیر الرحمن قاضی نے بتا یا کہ گزشتہ کافی عرصہ سے عوام کی طرف سے یہ مطالبہ کیا جا رہاہے کہ تھنہ منڈی میں آدھار بنانے والا مرکز دبا را کھولا جائے۔ انہوںنے کہا کہ تھنہ منڈی میں دوبارہ آدھار کارڈ بنانے کے لئے مرکز کے قیام کے لئے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری کو تحریری طور پر اپیل کی گئی ہے۔
ڈی آئی جی راجوری پونچھ سیکورٹی صورتحال کاجائزہ لیا
منیر خان
منیر خان
راجوری//ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس راجوری پونچھ رینج دیپک سلاتھیانے راجوری پولیس لائنز میں کرائم اور سیکورٹی کی جائز ہ میٹنگ لی ۔ میٹنگ میں ایس ایس پی راجوری یوگل منہاس سمیت دیگر آفیسران بھی موجود تھے ۔ اس موقعہ پر جرائم پیشہ لوگوں پر سخت نظر رکھنے اور منشیات کا دھندہ کرنے والوں کا قلع قمع کرنے کے سختی سے ہدایت دی ۔ انہوں نے کہا کہ سیکورٹی انتظامات کو مستعد رکھا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقع کو ہونے سے قبل ہی روکا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ منشیات مخالف کارروائی میں بھی سرعت لائی جائے تاکہ راجوری سے منشیات جیسی لعنت کو دور کیا جاسکے ۔ انہوں نے تمام سٹیشن ہائوس افسروں(ایس ایچ اوز) کو ہدایت دی کہ وہ حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائیں ۔
نابالغ بچوں کی شادی کرانے والے والدین گرفتار
منیر خان
منیر خان
راجوری // راجوری میں پولیس نے اپنی نوعیت کے پہلے واقعہ میں والدین اور ان کے معاونت کاروں کو گرفتار کر لیا ہے جو نابالغ بچوں کی شادی کرانے میں ملوث پائے گئے ہیں ۔ نابالغ بچوں اور بچیوںکی شادی کی خبر راجوری پولیس کے نوٹس آتے ہی پولیس نے کارروائی عمل میں لاتے ہوئے والدین کو گرفتار کر لیا ۔ذرائع کے مطابق چوتھی کلاس کے ایک بچے کی شادی دس سالہ بچی کروائی گئی ہے جس پر پولیس نے بچے کے والد منظور حسین ولد حاجی عبدال ،والدہ رضیہ بیگم ساکنہ کلال کس اور بچی کے والد خادم حسین ولد نذیر محمد ،والدہ صید بیگم ساکنہ دلہوڑی کو گرفتار کر لیا ہے ۔ پولیس کے مطابق اگر اس عمل میں دیگر کوئی بھی شخص بھی مددگار پایاگیاتواس کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی اور اس کی گرفتاری جلد ہوگی ۔اس سلسلے میں ایف آئی آر زیر نمبر 237/2018RPC109/4/1985کاکیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر کا بار ارکان کے ساتھ اجلاس
پونچھ //ڈپٹی کمشنر پونچھ محمد اعجاز اسد نے بار ایسو سی ایشن پونچھ کے ارکان کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کی جس کی صدارت بار کے صدر محمد زمان نے کی ۔میٹنگ میں سید تاج حسین شاہ ، سنجے رینہ ، دوارکا ناتھ ، یونس چوہان ، انجو کپور ، لعل حسین مشتاق ، افتخار بزمی ، سیکریٹری بار ایسو سی ایشن سجاد احمد اور دیگران بھی موجو دتھے ۔اس موقعہ پر بار صدر نے یقین دلایاکہ ان کی طرف سے انتظامیہ کو بھرپور تعاون فراہم کیاجائے گا۔اس دوران بار چیمبر س ، کورٹ عمارت کی توسیع سمیت دیگر کئی مسائل پر تبادلہ خیال کیاگیا۔اپنے خطاب میں ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ بار کا رول مقدمات لڑنے سے بالاتر ہے ۔ انہوںنے کہاکہ بار سماجی تبدیلی کا ایک ذریعہ ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے یقین دلایاکہ وہ بار کے مسائل حل کرنے کی کوشش کریںگے ۔
پونچھ راولاکوٹ بس سروس… 71مسافرحد متارکہ کے آر پار ہوئے
حسین محتشم
حسین محتشم
پونچھ//پونچھ راولاکوٹ ہفتہ وار بس سروس کے ذریعہ چکاں داں باغ کراسنگ پوائنٹ سے71مسافروں نے کنٹرول لائن کے آر پارکا سفر کیا۔ پونچھ سے راولاکوٹ کو روانہ ہوئی بس سے اس بار 11 افراد پاکستانی زیر انتظام کشمیر کو روانہ ہوئے جبکہ 47مسافر پونچھ میں رہ رہے رشتہ داروں سے ملاقات کے بعد اپنے وطن پاکستانی زیر انتظام کشمیر کے راولاکوٹ کو لوٹ گئے ۔وہیںپاکستانی زیر انتظام کشمیر کے راولاکوٹ سے پونچھ پہنچنے والی بس سے 13نئے مسافر اپنے رشتہ داروں سے ملنے کے لئے یہاں پہنچے جو رشتہ داروں کے ہاں اگلے 4 ہفتوں تک قیام کرکریں گے۔اس طرح اس بار کل 71مسافروں نے حدِ متارکہ کے آر پار کا سفر کیا۔یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ بس سروس کے ساتھ ساتھ پونچھ راولا کوٹ سڑک سے لائن آف کنٹرول کے دونوں طرف تجارت بھی جاری ہے ۔کسٹوڈین چکاں دا با غ محمد اشرف چوہان نے بتایا کہ بس سروس پر امن طریقہ سے حدِ متارکہ کے آر پار ہوئی۔
جشن ولی عصرؑکے سلسلہ میں محفل مقاصدہ
حسین محتشم
حسین محتشم
پونچھ//عترت سوسائٹی موہری گورسائی کے زیر اہتمام مکتب امامیہ سمیل والا میں جشن ولی عصر ؑکے عنوان سے ایک محفل مقاصدہ منعقد کی گئی۔ اس محفل مقاصدہ کا آغازباضابطہ تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ بعد از آں نعت و منقبت کا نذرانہ مقامی ثناء خوانوں نے پیش کیا۔ اس دوران انتظامیہ کی جانب دئیے گئے مصرع طرح ’’مگر جہاں میں وجود امام آج بھی ہے‘‘پر ضلع پونچھ کے نامور شعرائے کرام مولانا سید بشیر حسین جعفری، محتشم احتشام، سید عظمت حسین جعفری ، مولانا سید سلمان حیدر، توقیر الحسن اورعلی جواد نے اپنا کلام پیش کر کے داد و تحسین حاصل کی۔ اس محفل مقاصدہ کے اختتام پر صدر عترت سوسائٹی عظمت حسین جعفری نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ دعائیہ کلمات مولانا سلمان حیدر نے پیش کئے۔ محفل کے دوران نظامت کے فرائض علی جواد نے انجام دیئے۔
زمین مالک کو کرایہ ملا نہ ملازمت
محکمہ پی ایچ ای کوٹرنکہ کا دفتر4دن سے مقفل
کوٹرنکہ // کوٹرنکہ میں پچھلے چار دنوں سے محکمہ پی ایچ ای کے دفتر کو تالا لگا ہوا ہے اور متعلقہ حکام کو ٹس سے مس نہیں۔مقامی ذرائع کاکہناہے کہ زمین کے مالک کو کرایہ ادا نہیں کیاگیا جس پر اس نے دفتر کو تالالگادیاہے ۔زمین کی مالکہ سلیمہ بیگم نے محکمہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے پچیس سال سے محکمہ نہ معاوضہ دے رہاہے اور نہ ہی انہیں کرایہ یا نوکری دی گئی ہے ۔ سلیمہ بیگم نے کہا کہ جگہ لینے سے پہلے محکمہ نے یہ وعدہ کیاتھا کہ گھر کے ایک فرد کو سرکاری ملازمت فراہم کی جائے گی لیکن بدقسمتی سے اس پر آج تک عمل نہیں کیاگیااور نہ ہی پچیس سال سے کرایہ ادا کیاگیا ۔انہوںنے کہاکہ ان کیلئے یہ اراضی بہت قیمتی تھی جس سے بچوں کا پیٹ پلتاتھا تاہم محکمہ نے کہیں کا نہیں چھوڑا۔اس ضمن میں اے ای ای پی ایچ ای آشیش شرما نے کہا کہ یہ معاملہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کوٹرنکہ شفیق احمد چوہدری نے حل بھی کیا تھا لیکن نہ جانے کس بنا پر پھر سے تالا لگا دیا گیا ہے۔رابطہ کرنے پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کوٹرنکہ شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ اس معاملے کی پہلے بھی ان کے پاس رپورٹ آئی ہے اور ایک لڑکے کی نوکری کیلئے فائل بھی بنائی گئی ہے۔ انہوںنے کہاکہ جلد دفتر کھلوادیاجائے گا۔
ڈگری کالج کے مطالبے پر منجاکوٹ میں دھرناجاری
پرویز خان
منجاکوٹ //تحصیل منجاکوٹ میں ڈگری کالج کے قیام کے مطالبے پر لوگوں کااحتجاجی دھرنا بارہویں روز بھی جاری رہا جس دوران مظاہرین نے حکومت مخالف نعرے بازی کرتے ہوئے کہاکہ وہ اس دھرنے کو منطقی انجا م تک پہنچاکر دم لیںگے ۔ ان کاکہناتھاکہ حکومت کی طرف سے منجاکوٹ کی عوام کو انصاف نہیں ملا جس کی وجہ سے لوگوں میں حکومت کے خلاف سخت غصہ پایا جا رہا ہے۔لوگوں نے کہا کہ منجاکوٹ کی عوام بغیر کسی مذہب و ملت کے ڈگری کالج کی مانگ کررہی ہے لیکن حکومت کوٹس سے مس نہیں ہورہا۔انہوںنے کہاکہ وہ طفل تسلیوںسے دھرنا ختم نہیں کریںگے اور اس کو منطقی انجام تک پہنچایاجائے گا۔