آل جموں کشمیر اینڈلداخ ٹیچرز فیڈریشن کااجلاس
ایس ایس اے ٹیچروںکی تنخواہوں کی واگذاری کامطالبہ
جموں//آل جموں کشمیر اینڈلداخ ٹیچرز فیڈریشن کی سٹیٹ ورکنگ /ایگزیکٹیو کمیٹی کی سہ ماہی میٹنگ اکھل بھارتیہ راشٹریہ ساکھشک مہاسنگھ کے پرچم تلے ترکوٹہ یاتری نواس جموں میں منعقدہوئی جس کی صدارت ساکھشک مہاسنگھ کے کل ہندآرگنائزنگ سیکریٹری مہندرکپورنے کی۔ میٹنگ میں سبھی اضلاع کے صدور،سیکریٹریز اور فیڈریشن کی سٹیٹ باڈی بھی موجودتھی۔میٹنگ کے دوران ایس ایس اے /رمساسکیموں کے تحت کام کررہے سبھی ٹیچروں/ماسٹروں کی تنخواہوں کی واگذاری میں معقولیت لانے کی مانگ کی۔ مقررین نے کہاکہ ان سکیموں کے تحت زائد از 60ہزارٹیچرز،ماسٹرز گذشتہ چارماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں جس کی وجہ سے ان کے اہل وعیال کوفاقہ کشی کی نوبت آگئی ہے اوریہ لوگ ذہنی تنائومیں مبتلاہوگئے ہیں۔ اس موقعہ پرٹیچروں نے کہاکہ انہوں نے اپنی ان مشکلات کے بارے میں وزیرتعلیم،سیکریٹری اورڈائریکٹرکوبھی آگاہ کیاتھامگراس وقت تک کوئی بھی عملی قدم نہیں اٹھایاگیا۔
حکومت کے دعوئوں میں کوئی صداقت نہیں:لال چندمسافر
ادھم پور //چنہینی سے نیشنل کانفرنس کے رہنما اور صوبائی سیکرٹری لال چند مسافرؔنے مخلوط پی ڈی پی اور بی جے پی سرکار کا بلند بانگ نعروں کا پول کھولتے ہوئے کہا کہ ضلع ادہم پورمیں چنہینی تعلیمی زون ایک بڑا خطہ ہے۔جس میں 209تعلیمی ادارے ہیں جن میں 3ہائر سکینڈری ، 7 ہائی اسکول، 54مڈل سکول اور 135پرائمری اسکول ہیں۔سٹاف کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ زون کے اندر8ہائی اسکولوں میں ہیڈ ماسٹر ہی نہیں ہیں اور 81ٹیچر اور 27رہبر تعلیم ٹیچر وں کو ملا کر 108ٹیچراسامیاں خالی پڑی ہیںیا ان کو دوسری جگہوں پر اٹیچ کیا گیا ہیں۔ہائر سکینڈری اسکولوں میں دونوں تدریسی اور غیر تدریسی عملہ کی قلت ہیں جس سے پہاڑی پسماندہ اور غریب طلبا کی تعلیمی مستقبل کا برا حال ہے۔کئی اسکول یا ں تو بند کر دئے گئے ہیں یاں پھر نزدیکی اسکولوں میں بچوں کو منتقل کیا گیا ہیں ۔اور جو اسا تذہ محنت و لغن سے کام کرتے ہیں ان کو چار چار ماہ سے تنخواہ واگزار نہیں کی گئی ہے جو قابل تشویش ہے۔کیوں کہ وہ روزی روٹی اورادوییات کے لئے پریشان ہیں۔گائو سوراج نعرہ کھوکھلا اور لوگوں کو گمراہ کرنے کے لئے اور عملی طور کچھ نہیں ۔جتنا بجٹ سرکار پرچار پر فضول خرچکر رہی ہے اگر وہ رقومات تعلیم و محنت پر خرچ کی جائیں توٹیچرز کی اسامیاں پر کر کے نوجونوں کو روزگار فرہم کیا جا سکتا ہے اور بچوں کو تعلیم ٹھیک ڈھنگ سے فراہم کی جا سکتی ہے۔ چنہنیکے عوام اور بچوں کا کوئی پرستان حال نہیں ان کا خدا ہی حافذ ہے۔ اس حکومت کی کار گزاری سے عوامی نمائندے بھی سخت نالاں ہیں مسافرؔ نے کہا کہ اس سرکار نے پچھلے چار سال میں کوئی نئی ہائر سکینڈری اسکول یا ہائی اسکول یا نیا پرئمری سکول نہیں کھولا گیا۔عوام اس کی کار کردگی کا اندازہ لگائیں۔
کلرکوں کے مطالبات تسلیم کرنے کی یقین دہانی پراظہاراطمینان
کوآرڈی نیشن کمیٹی کلریکل ایسوسی ایشن کاوزیرخزانہ کے تئیں اظہارتشکر
جموں //کوآرڈی نیشن کمیٹی جموں کشمیرلداخ کلریکل سٹاف نے دوروزقبل کلریکل ملازمین لیڈران کے ساتھ منعقدہ ایک میٹنگ کے دوران کلریکل ملازمین کی مانگوں کوجائز قراردیتے ہوئے ان کوپوراکرنے کی یقین دہانی کرانے کیلئے وزیرخزانہ الطاف بخاری کاشکریہ اداکیااورساتھ آئندہ تین ہفتوںتک کلریکل ملازمین کی کام چھوڑہڑتال موخرکرنے کااعلان کیا۔یہاں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بابوحسین ملک نے کہاکہ ہم وزیرخزانہ الطاف بخاری کے مشکورہیں جنھوں نے کلریکل کیڈرملازمین کی تنخواہوں سے تفاوت دورکرنے سے متعلق معاملے جو1992سے التوامیں پڑاہواہے کی حیثیت تسلیم کرتے ہوئے ہماری مانگوں کوجائزقراردیا اورانہیں جلدازجلدپوراکرنے کی یقین دہانی کرائی۔بابوملک نے کہاکہ ہمیں یقین ہے کہ وزیرخزانہ کلریکل ملازمین کی تنخواہوں سے تفاوت ودیگرمطالبات کوپوراکریں گے ۔انہوں نے کہاکہ ہم تین ہفتوں تک کام چھوڑہڑتال کوموخرکرتے ہیں اورکلریکل ملازمین سے بھی اپیل کرتاہوں کہ وہ ہڑتال کی وجہ سے دفاترکے رُکے پڑے کاموں کوجلدمکمل کرکے ازالہ کریں ۔انہوں نے کہاکہ ہمیں امیدہے وزیرخزانہ کلریکل ملازمین کی مانگوں کوپوراکرکے ہماری توقعات پرپورااُتریں گے اوراگرایسانہیں ہواتو22دنوں کے بعد یعنی 29 مئی کے بعدپھرسے کام چھوڑہڑتال کریں گے۔بابوحسین ملک، بھارت بھوشن کوتوال، میناکشی شرما، سیوارام راٹھور، محمدسلیم وغیرہ نے کہا کہ کلرکوں کی کام چھوڑہڑتال کے سبب دفاتر میں کام کاج متاثر ہو کر رہ گیا ہے اور عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اس لئے آج سے کلریکل سٹاف دوبارہ سے دفاتر میں کام کام بحال کررہے ہیں۔ انہوں نے وزیر خزانہ کے علاوہ ریاستی چیف سیکرٹری اور سیکرٹری برائے خزانہ کابھی شکریہ ادا کیا ہے ۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ یہ امر ہمارے لئے قابل مسرت ہے اور اس کے لئے ہم تمام کلریکل کیڈر ملازمین کا دل کی عمیق گہرایوں سے شکر یہ ادا کرتے ہیں کیوں کہ انہوں نے 22روز کی کام چھوڑ ہرتال میں لیڈران کا ساتھ دیا جس کا ثمر 21روز کے اندر ہی ہمیں ملنے کی بھرپورتوقع ہے۔لیڈران نے تمام کلرکوں سے اپیل کی ہے کہ وہ 29مئی تک ہڑتال کو ملتوی کر کے اپنے اپنے دفاتر میں دوبارہ حسب معمول محنت و لگن کے ساتھ کام کاج شروع کر یں۔
جے ایم سی کی تجاوزات مخالف مہم
غلط جگہ لگائی گئی ریہڑیوں اورفٹ پاتھوں پرلگائے سامان کوہٹایا
جموں//ناجائزتجاوزات کے خلاف مہم کوجاری رکھتے ہوئے جموں میونسپل کارپوریشن اورپولیس کی جانب سے پٹہ بھوڑی، تالاب تلو،اکھنورروڈ ،بخشی نگر پلی سے کنال ہیڈتک یہ مہم چلائی گئی۔اس دوران دکانداروں،پھڑی والوں کی طرف سے اپنی دکانوں کے سامنے اورفٹ پاتھوں پررکھے گئے سامان کوہٹایاگیا۔اس کے علاوہ غیرقانونی طورسے لگائی گئی ریڑھیوں کوہٹایاگیا۔جبکہ محکمہ ٹریفک نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی زائد از 80گاڑیوں کے چالان کاٹے ،دریں اثناجموں میونسپل کارپوریشن نے دکانداروں سے کہاکہ وہ سامان فٹ پاتھوں پرلگانے سے اجتناب کریں بصورت دیگران کے خلاف ضابطے کے تحت کارروائی کی جائے گی۔
چوتھی مرتبہ روس کے صدر منتخب ہونے پر
بھیم سنگھ نے پوتن کو مبارکبادپیش کی
جموں//نیشنل پنتھرس پارٹی کی دارالحکومت دہلی میں ہوئی ایک خاص میٹنگ میں مسٹرولادیمر پوتن کوچھ برس کے لئے چوتھی مرتبہ روس کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی گئی۔نیشنل پنتھرس پارٹی کی قومی عاملہ نے ایک قرار داد منظور کرکے صدرپوتن کو ایسے وقت میں صدر منتخب ہونے پرمبارکباد دی جب دنیا کے امن اور تحفظ کو نیوکلیائی ہتھیاروں کے پھیلاو سے خطرہ لاحق ہے۔نیشنل پنتھرس پارٹی کے سرپرست اعلی پروفیسر بھیم سنگھ نے ،جو ہندستان میں سینئراور معروف وکیل بھی ہیں، اس میٹنگ کی صدارت کی اور مسٹر پوتن کو روس کے الیکشن میں شاندار فتح پر اپنی نیک خواہشات پیش کیں اور امید ظاہر کی کہ روس بین الاقوامی امن اور ترقی کے لئے دوست ممالک کو متحد رکھنے کی اپنی کوششوں کو جاری رکھے گا۔انہوں نے کہاکہ میں نے اپنے امن مشن کے تحت پانچ برس تک موٹر سائکل پردنیا کا دورہ کیا ہے اور اس دوران میں پولینڈ سے ماسکو(روس) میں داخل ہوا تھا جہاںمیں نے اپنے امن مشن کے تحت لینن گراڈ اور دوسرے مقامات کا دورہ کیااور اس دوران میرے روسی دوستوں نے مجھے شاندار مہمان نوازی دی۔پنتھرس سپریمو نے مسٹر پوتن کی جیت پر اعتماد کا اظہار کیا کہ وہ امن ، انسانی محبت اور تخفیف اسلحہ کے پیغام پوری دنیا میں پھیلائیں گے جس سے انسانیت امن کے ساتھ ہمیشہ قائم رہے۔
منیال نے محکمہ صحت کی کارکردگی کا جائیزہ لیا
سرینگر /صحت و طبی تعلیم کے وزیر دیوندر کمار منیال نے کہا ہے کہ حکومت طبی بنیادی ڈھانچے کو اپ گریڈ کرنے اور ہسپتالوں میں افرادی قوت بڑھانے کے سلسلے میں تمام تر اقدامات کر رہی ہے تا کہ مریضوں کو بہتر طبی نگہداشت فراہم کی جاسکے۔محکمہ صحت کشمیر کے کام کاج کی ستائش کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ موجودہ دور میں تمام ہسپتالوں کو ضروری آلات سے لیس کرنا اور ڈاکٹر و نیم طبی عملہ کی دستیابی بنانا بہت ضروری ہے۔ان باتوں کا اظہار وزیر موصوف نے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا جو محکمہ صحت کشمیر کے کام کا ج کا جائیزہ لینے کے لئے طلب کی گئی تھی۔انہوں نے کہا کہ پچھلے سات ماہ کے دوران اپتھالمالوجیک نے 60 کارنئیل ٹرانس پلانٹ انجام دیئے ہیں۔ اس کے علاوہ ہِپ، گھٹنے اور کندھے کے ٹرانسپلانٹ پہلے سے کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جی ایم سی کے ماہرین کی نگرانی میں رینل ٹرانسپلانٹ آپریشن انجام دیئے جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایسے حالات میں اپتھالمالوجیک اور آرتھو پیڈک شعبوں کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔میٹنگ کے دورا ن وزیر کو عملہ کی کمی کے بارے میں مطلع کیا گیا ۔ اس کے علاوہ کچھ معاملوں میں ادویات کی فراہمی کی شکایات بھی موصول ہورہی ہیں۔وزیر نے ہسپتال انتظامیہ کو یقین دلایا کہ مستقبل قریب میں تمام طرح کی مشکلات دُور کی جائیں گی تا ہم وزیر نے انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ ہسپتال کی دیدہ ذیبی اور صحت و صفائی کی جانب خصوصی توجہ دیں۔ انہوں نے میڈیکل ایجوکیشن کے معیار میں بہتری لانے کے بھی احکامات دیئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے میڈیکل کالجوں سے فارغ ہونے والے با صلاحیت ڈاکٹر اس قابل ہوں کہ وہ ملک کے دیگر ڈاکٹروں کے ساتھ کام کرسکیں۔میٹنگ میں وزیر مملکت برائے صحت و طبی تعلیم آسیہ نقاش،پرنسپل سیکرٹری ہیلتھ، کمشنر سیکرٹری ہیلتھ، پرنسپل جی ایم سی سرینگر، ایم ڈی، جے اینڈ کے میڈیکل سپلائیز کارپوریشن لمٹیڈ ، مختلف شعبوں کے سربراہاں اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
محکمہ تعلیم کی کارکردگی کاجائزہ
تعلیمی سیکٹر اپ گریڈ کرنے کیلئے انتھک کوششیں لازمی:ذوالفقار
سرینگر//سکولی تعلیم، حج و اوقاف اور قبائلی امور کے وزیر چوہدری ذوالفقار علی نے ایجوکیشن افسروں سے کہا کہ وہ ریاست میں ایجوکیشن سیکٹر کو اپ گریڈ کرنے کے لئے انتھک کوششیں انجام دیں۔وزیر موصوف محکمہ تعلیم کی کارکردگی کا جائیزہ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے۔اپنی نوعیت کی پہلی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ ایک مضبوط ملک کی بنیاد بہتر تعلیمی ماحول پر منحصر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ریاست کے تعلیمی نظام میں انقلاب لانے کا عہد کرنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ یہ تبھی ممکن ہے جب محکمہ تعلیم کے افسران زمینی سطح پر اپنی کوششیں انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ تدریسی عمل کو انتظامی عمل سے الگ رکھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنا ایک باعزت پیشہ ہے اور ہمیں تعلیمی نظام میں مثبت تبدیلی لانے کے لئے محنت کرنی ہوگی۔اس موقعہ پر سکولی تعلیم کے وزیر مملکت شکتی راج پریہار، سیکرٹری ایجوکیشن فاروق شاہ بھی موجود تھے۔میٹنگ میں ناظم تعلیم کشمیر، ناظم تعلیم جموں، مشن ڈائریکٹر رمسا، ڈائریکٹر ایس ایس اے، جے کے بوس، ایس آئی ای اور دیگر انتظامی محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔بعد میں وزیر نے محکمہ کے ایجوکیشن پلانر اور نیوز لیٹر کا اجراء کیا۔
ایس سی /ایس ٹی کنفیڈریشن کاوفد وزیر اعلیٰ سے ملاقی
جموں//ایس سی ایس ٹی کنفڈریشن کے نمائندوں کے ایک وفد نے ایس اندر پال سنگھ کی قیادت میں وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے ساتھ ملاقات کی۔اس موقعہ پر وفد نے سماج کے ان طبقوں کے لئے مزید سکیمیں وجود میں لانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے اگلے ماہ منعقد ہونے کنکلیو میں شرکت کے لئے وزیر اعلیٰ کو دعوت دی۔ریاستی وزراء چوہدری ذوالفقار علی اور ٹی دورجے بھی اس موقعہ پر موجود تھے
ورلڈ سکلز کمپی ٹیشن۔ روس2019 کے ٹرائلز منعقد
نوجوان ان ایونٹوں کی بدولت صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے: انصاری
سرینگر /جموں اینڈ کشمیر سکل ڈیولپمنٹ مشن( جے کے ایس ڈی ایم) نے آج یہاں سٹیٹ لیول سکل کمپی ٹیشنوں کا انعقاد کیا جس میں ورلڈ سکلز کمپی ٹیشن۔ روس2019 میں حصہ لینے کے لئے اُمیدواروں کا انتخاب کیا جائے گا۔جے کے ایس ڈی ایم کو مختلف مقابلوں کے لئے اُمیدواروں سے700 درخواستیں موصول ہوئیں اور یہ انتخاب سرینگر اور جموں میں6 مئی سے8 مئی2018 عمل میں لایا گیا۔آئی ٹی ٹیکنیکل اور اعلیٰ تعلیم کے وزیر مولوی عمران رضا انصاری نے اس موقعہ پر کہا کہ حکومت ریاست کے نوجوانوں کو پھلنے پھولنے کے مواقعے فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے نوجوانوں کی صلاحیتیں بہتر بنانے کے لئے کئی پروگرام شروع کئے ہیں اور یہ مقابلہ جات اسی کوشش کی ایک کڑ ی ہے۔مشن ڈائریکٹر جے کے ایس ڈیہ ایم ڈاکٹر پیر جی این سہیل نے اس موقعہ پر کہا کہ ہماری ریاست میں پہلی بار انڈیا سکلز کمپی ٹیشن میں نوجوان جوش و خروش کے ساتھ حصہ لے رہے ہیں اور ہم پُر امید ہیں کہ منتخب شدہ اُمیدوار مقابلوں کے اگلے مرحلوں پر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ریاستی سطح کے مقابلوں کے نتائج کا اعلان تلاش۔ سکل اینڈ انٹر پرنیور شِپ کنکلیو کے دوران کیا جائے گا جو12 مئی کو سرینگر میں منعقد ہوگا۔
راجیو جسروٹیہ کی صدارت میں محکمہ جنگلات کی تعارفی میٹنگ
سرینگر /جنگلات و ماحولیات کے وزیر راجیو جسروٹیہ نے چشمہ شاہی میں محکمہ جنگلات کے افسروں کی ایک تعارفی میٹنگ کی صدارت کی۔اس موقعہ پر وزیر کو محکمہ کی سرگرمیوں اور دیگر پہلوئوں کے بارے میں جانکاری دی۔انہو ںنے وائیلڈ لائف محکمہ پر زور دیا کہ وہ ریاست کی قومی پارکوں اور وائیلڈ لائف پناہ گاہوں کی طرف زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو راغب کرنے کے لئے ایک فعال حکمت عملی وضع کر یں۔وزیر موصوف نے افرادی قوت اور وسائل کے منصفانہ استعمال پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہاکہ جنگلات کو ترجیحی بنیادوں پر تحفظ دیا جانا چاہیئے۔کمشنر سیکرٹری محکمہ جنگلات سوربھ بھگت ، پی سی سی ایف منوج پنتھ ، چیف وائلڈ لائف وارڈن روی کمار اور کئی دیگر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔