ایازقیوم کی تقابلی امتحان میں نمایاں کامیابی
جموں//ایازقیوم ولد عبدالقیوم ومنیرہ بیگم ساکن النباس پوگل پرستان نے لائف سائنس مضمون میںتقابلی امتحان سی ایس آئی آر۔این ای ٹی ۔جے آرایف میں کامیابی حاصل کرکے ملکی سطح پر 60واں مقام حاصل کیا ۔سی بی ایس ای کی جانب سے سی اس آئی آر۔این ای ٹی امتحان کانتیجہ حال ہی میں منظرعام پرآیاہے۔
پیرپنچال یوتھ پارلیمنٹ نے تنظیمی لائحہ عمل پرتبادلہ خیال کیا
جموں//پیرپنچال یوتھ پارلیمنٹ کی خواتین ونگ نے یہاں جموں میں انٹریکشن سیشن کاانعقاد کیاجس میں جموں شہروگردونواح کے رضاکاروں نے حصہ لیااورتنظیم کے مستقبل کے لائحہ عمل پرتبادلہ خیال کیا۔اس دوران انٹریکشن سیشن کی صدارت پیرپنچال یوتھ پارلیمنٹ کے صدرسیدوسیم الحسن نے کی جبکہ تنظیم کے دیگرعہدیداران بشمول منیجنگ ڈائریکٹر حامدہاشمی، سیکریٹری جنرل قاضی ابرار ودیگرایگزیکٹیوممبران بھی موجودتھے۔اس دوران تنظیم کی خواتین ممبران بشمول شمینہ کوثر، مونیکابالی اورمیناکشی شرما نے روزمرہ کے مسائل کواُجاگرکرتے ہوئے تنظیم کومضبوط بنانے کی یقین دہانی کرائی۔خواتین ممبران نے کہاکہ تنظیم تعمیری رول اداکرنے کیلئے پیش پیش رہے گی ۔انہوں نے حقوق کیلئے اپنی صفوں میں اتحادپیداکرنے پرزوردیا۔انہوں نے کہاکہ پیرپنچال یوتھ پارلیمنٹ خطہ جموں کی ایسی تنظیم ہے جو سماج کی بہبودکیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھاتی ہے۔اس موقعہ پر ایگزیکٹیوممبران منان حیدر، ظہیرعباس ودیگردفتری عہدیداربھی موجودتھے۔
ڈی سی سانبہ نے سکائوٹس اینڈگائیڈکیمپ کاافتتاح کیا
نڈبلاک کے ترقیاتی کاموں کابھی جائزہ لیا
سانبہ //ضلع ترقیاتی کمشنر سانبہ ایس راجندرسنگھ تارا نے راجیہ پرسکار سکیم کے تحت جواہرنوودیالیہ (جے این وی) نڈ میں سکائوٹس اینڈگائیڈ کیمپ کاافتتاح کیا۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے ڈی ڈی سی نے کہاکہ ایسے پروگرام کے انعقادکامقصد شہریوں میں ملک کے تئیں ذمہ داریوں کی انجام کے سلسلے میں جذبہ پیداکرناہے۔انہوں نے سکائوٹس اینڈگائیڈس رضاکاروں کو شاندارمستقبل کی تمنائوں کااظہارکیا۔ افتتاحی تقریب میں طلباء نے ثقافتی پروگراموں میں شاندارکارکردگی کامظاہرہ کیا۔کیمپ کے دوران قومی جذبے کوفروغ دینے کیلئے مختلف قسم کی سرگرمیاں بشمول ٹریکنگ ،ڈیزاسٹرمنیجمنٹ سے متعلق جانکاری ،فرسٹ ایڈسے متعلق ٹریننگ پروگرام ،پینٹنگ اورواٹرسپورٹس وغیرہ کاانعقاد بھی کیاگیا۔پرنسپل جے این وی سکھدیو کورنے سکائوٹس اینڈگائیڈکے بارے میں تفصیلی جانکاری دی۔ علاوہ ازیں ڈی ڈی سی نے محکمہ دیہی ترقی کی میٹنگ بھی منعقدکی جس کے دوران بلاک نڈکے ترقیاتی کاموں کاجائزہ لیاگیا۔انہوں نے افسران کوہدایت دی کہ وہ ایس بی ایم کے تح اہداف کے حصول کویقینی بنائیں۔بی ڈی اونڈی نے ڈی سی کوبلاک کے کاموں کی تفصیلی جانکاری دی۔
’موسمی نقل مکانی کے دوران سالانہ 2ہزارمویشی لقمہ اجل بنتے ہیں‘
خانہ بدوشوں کوحا لیہ نقصانات کامعاوضہ دیاجائے:چوہدری اختر
جموں // گوجر بکروال اصلاحی کمیٹی نے کہا کہ موسمی نقل مکانی کرنے والے گوجر بکروالوں کے مال مویشی ہر سال تقریباً 2 ہزار کے قریب لقمہ اجل ہو جاتے ہیں ، انہوں نے حکومت متاثرہ خانہ بدوشوں کنبوں کوریلیف واگذارکرنے کامطالبہ کیاہے۔یہاں جاری پریس ریلیزکے مطابق گوجربکروال اصلاحی کمیٹی کی ایک میٹنگ تنظیم کے جنرل سیکریٹری چودھری اختر حسین کی صدارت میں منعقدہوئی جس میں حال ہی ماہ اپریل میں پیر پنچال ،چناب والی میں وففل روڑ میں کل ملا کر تقریباً500کے قریب گائے ،بھینس ،گھوڑے اور بھیڑ بکریاں بے موسمی آندھی طوفان ژالہ باری و حادثات کا شکار ہو گئیں ہیں ۔انہوں نے کہاکہ آج دنیا تعلیم و ترقی کی طرف بڑھ رہی ہیںلیکن قبائلی خانہ بدوش نقل مکانی کے سبب مشکلات سے دو چار ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ہرسال 2 ہزار کے قریب مال مویشی لقمہ اجل بنتے ہیںجس کی وجہ سے خانہ بدوشی جو 70 برس سے چلی آرہی ہے اس طرف نہ ہی سرکار نا ہی سماج نے توجہ دی ہے۔چوہدری اختر نے کہا ہے کہ قبائلی خانہ بدوشوں کا کارو بار اگر اسی طرح برباد ہوتا رہا تویہ طبقہ تاریخ میں نظر نہیں آئے گا۔جموں کشمیر میں گھاس چرائی ڈھوکوں میں پابندیاں عائد کر دی گئیں ہیں جس سے اس طبقہ کو مشکلاتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جو قابل افسوس معاملہ ہے ۔اور سرکاری طور عدم توجہی کا شکار ہے اور تعلیم و تربیت کی طرف کوئی توجہ نہیںدی جاری ہے پچھلے 50 برس سے اسکولوں کی گنتی میں کوئی اضافہ نہیں ہوا ہے۔مشاورتی صلاح کار بورڈ ناکارہ ہوکررہ گیاہے۔اورسرکار نے محض کاغذوں تک ہی ترقی کو محدود رکھا ہے۔چوہدری اختر نے کہاکہ حال ہی میں جن قبائلی خانہ بدوشوں کا مال مویشی سانحہ کا شکار ہوا ہے انہیں موجودہ قیمت کے مطابق معاوضہ دیا جائے۔تا کہ اپنے عیال کا سہارا بننے میں معاون بن سکیں اور سرکار انہیں مستقبل میں گاڑیاں مہیا کرے تاکہ ہر سال مال مویشی کو آسانی سے ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جایا جائے۔میٹنگ میں چوہدری اختر ،امیرالدین کسانہ،فرمان علی،شوکت علی اور ولی محمد وغیرہ نے شمولیت فرمائی۔
ادہم پورانتظامیہ نے سوچھ بھارت مشن کی عمل آوری کاجائزہ لیا
جموں//ضلع ترقیاتی کمشنر ادہم پور روندر کمار نے متعلقہ محکموں کے افسروں کی منعقدہ ایک میٹنگ میں مرکزی وساطت والی متعدد سکیموں بشمول سوچھ بھارت مشن گرامین پر ہورہی پیش رفت کا جائیزہ لیا ۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ ضلع میں اس مشن پر عمل آوری کا کام تیزی سے جاری ہے اور 63.42فیصد ہائوس ہولڈ بیت الخلا یونٹ مکمل کئے گئے ہیں اور 13پنچائتوں کو او ڈی ایف قرار ددیا گیا ہے اور 36پنچائیتوں میں اسی فیصد نشانہ حاصل کرلیا گیا ہے ۔ ڈی ڈی سی نے ضلع اہلکاروں سے کہا کہ وہ لگن و تندہی سے اپنے فرائض انجام دیں تاکہ سبھی مقررہ نشانوں کو بروقت حاصل کیا جاسکے ۔ میٹنگ میں اے ڈی سی کے علاوہ دیگر حکام بھی موجود تھے۔
گوجربکروالوں کی مشکلات دورکرنے کامطالبہ
جموں//گوجربکروال دیش تحریک انصاف کے ریاستی صدرچوہدری نزاکت کھٹانہ نے کہاہے کہ خانہ بدوش گوجربکروال کنبوں کو پہاڑوں کی طرف مال مویشی کے ہمراہ منتقل ہونے میں بہت سی پریشانیوں کاسامناکرناپڑرہاہے۔یہاں جاری پریس بیان میں گوجربکروال دیش تحریک انصاف کے صدرنزاکت کھٹانہ نے کہاکہ جموں سے وادی کشمیرکے بالائی علاقوں کی طرف منتقل ہونے والے خانہ بدوش گوجربکروالوں کومحکمہ پولیس، ٹریفک کی طرف سے پریشانیاں آرہی ہیں۔ اس کے علاوہ روزمرہ کے اشیائے خوردنی کی بھی قلت ہے۔انہوںنے کہاکہ حکومت کی کسی بھی سکیم کافائدہ اٹھانے کیلئے آدھارکارڈ کاہونالازمی کیاگیاہے لیکن گوجربکروال خانہ بدوش کنبوں کے آدھارنہیں بنائے گئے ہیں جس کی وجہ سے وہ سکیموں سے استفادہ اٹھانے سے قاصرہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ خانہ بدوش کنبوں کی پریشانیوں کودورکرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔انہوں نے کہاکہ ریاست کے مختلف علاقوں میں آئے طوفان ،بارشوں اورژالہ باری سے گوجربکروالوں کی سینکڑوں مویشی ہلاک ہوگئے ہیں جس سے متعلقہ کنبے کوبھاری نقصان اٹھاناپڑا۔انہوں نے حکومت سے متاثرہ کنبے کی امدادکابھی مطالبہ کیا۔
۔25 کلوبھکی ضبط ،سمگلرگرفتار
ادہم پور//جموں کشمیر پولیس نے ایک مشتبہ منشیات سمگلر کوضلع ادہم پور کے جکھینی علاقہ سے حراست میں لیاہے ۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی شاہرہ پر ضلع ادہم پور کے جکھینی علاقہ میں پولیس نے ایک ٹرک کی تلاشی لی اور اس دوران ٹرک سے 25 کلو بھکی برآمد کی گئی اور محمد اشرف نامی ٹرک ڈرائیور کو حراست میں لیا گیا ۔پولیس نے ڈرئیور کا تعلق پنجاب کے مالیرکوٹلہ علاقہ سے بتایا جو نشاور چیزوں کا غیر قانونی کاروبار کرتا ہے ۔اس دوران پولیس کی طرف سے گاڑی کو بھی اپنی تحویل میں لیا گیا اور ادہم پور پولیس تھانہ میں مزید چھان بین کے لئے کیس درج کیا گیا۔
ٹریفک قوانین کی عمل آوری یقینی بنانے کیلئے پولیس متحرک
ڈرائیوروں پرسیٹ بیلٹ اورہیلمٹ پہننے کی عادت اپنانے کیلئے زوردیا
جموں // جموں شہر میں محکمہ ٹریفک پولیس نے حادثات پرقابو پانے اور ٹریفک قواعدکی عمل آوری کویقینی بنانے کے لئے 2پہیہ گاڑیوں کے لئے خصوصی مہم چلائی ۔اس مہم کے تحت جموں شہر میں مختلف جگہوں پر ناکے لگائے گئے تھے۔ایس ایس پی ٹریفک جموں سٹی جوگندر سنگھ نے کہا کہ یہ مہم ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوںکو نکیل کسنے کے لئے چلائی گئی۔اس دوران کچی چھاونی ،اندرا چوک،بخشی نگر،جانی پور،ڈوگرا چوک،بکرم چوک،گاندھی نگر،نروال اور ستواری جیسے مقامات پر پولیس کی طرف سے ناکے لگائے گئے۔اس دوران ایس ایس پی ٹریفک نے مزید کہا کہ ہیلمٹ کا استعمال نہ کرنے کی وجہ سے اور تیز رفتاری کی وجہ سے زیادہ حادثات ہو رہے ہیں کیوں کہ شہر میں گاریوں کی تعداد بڑی تیزی کے ساتھ بڑھ رہی ہے اسلئے یہ مہم سیٹ بلٹ کا استعمال نہ کرنے والوں کے لئے بھی چلائی گئی تا کہ ڈرئیوروں کو گاڑی چلاتے ہوئے سیٹ بلٹ کا استعمال کرنے کی عادت بن جائے ۔یہ مہم ڈی وائے ایس پی ٹریفک سٹی نارتھ جموں سنی گپتانے اڈیشنل سپریٹنڈینٹ آف ٹریفک پولیس پی ڈی شرماکی سربراہی میں عمل میں لائی گئی اور مکمل مہم ایس ایس پی ٹریفک جموںسٹی جوگندر سنگھ کی زیر نگرانی عمل میں لائی گئی۔
۔13مئی کویاتریوں کیلئے کھلے گاتارکوٹ مارگ
گورنر نے شرائین کادورہ کرکے تیاریوں کا جائیزہ لیا
کٹرہ//گورنر این این ووہرا جو شری ماتا ویشنو دیوی شرائین بورڈ کے چیئرمین بھی ہیں، نے شری ماتا ویشنو دیوی شرائین علاقہ کا دورہ کر کے وہاں بنیادی ڈھانچے اور سہولیات کا جائیزہ لیا۔گورنر کے ہمراہ بورڈ کے سی ای او امنگ نرولا کے علاوہ کئی دیگر افسران بھی تھے۔گورنر نے وہاں 12 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہورہے سیار۔ڈبری بھون روپ وے کا جائیزہ لیا۔اس روپے وے کاتجرباتی رن تین دنوں میں ہورہا ہے۔گورنر نے التواء میں پڑے ہر ایک کام کی جلد از جلد تکمیل کی ہدایت دی تا کہ روپ وے کو مقرر کی گئی تاریخ سے چالو کیا جاسکے۔انہوں نے یاتریوں کے لئے ہر طرح کی سہولیات بہم پہنچانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔گورنر نے60 کروڑ روپے کی لاگت سے زیر تعمیر بھون سے بھیروں گھاٹی تک کے پسنجر روپ وے کا بھی معائنہ کیا۔بعد میں گورنر نے 7 کلو میٹر لمبے تارا کوٹ مارگ پر سفر کیا اور تیاریوں کا جائیزہ لیا۔ انہوں نے وہاں یاتریوں کے لئے دستیاب سہولیات کا بھی جائیزہ لیا۔ انہوں نے علاقہ میں پانی کے اے ٹی ایم لگانے کی بھی ہدایت دی۔واضح رہے کہ وزیر اعظم نے19 مئی کو رسمی طور اس مارگ کا افتتاح کرنے کی گورنر کی درخواست سے اتفاق کر لیا ہے۔دریں اثنا سی ای او نے یاتریوں کو13 مئی سے اس مارگ کو استعمال کرنے کی دعوت دی ہے۔اس سے قبل آج صُبح سرینگر سے بھون پہنچنے پر گورنر نے اپنی اہلیہ کے ہمراہ شری ماتا ویشنو پوتر گپھا میں حاضری دی اور وہاں ریاست کی ترقی و خوشحا لی کے لئے دُعا کی۔