مشکوک نقل و حرکت
فوج نے کالاکوٹ سے شہری گرفتار کرلیا
راجوری//فوج نے مشکوک و نقل و حرکت پاتے ہوئے کالاکوٹ میں ایک شہری کو گرفتا ر کرلیاہے جس کی شناخت نور جمال ولد محمد اسمٰعیل ساکن جندا ارناس ضلع ریاسی کے طور پر ہوئی ہے ۔ذرائع نے بتایاکہ مذکورہ شخص دیالہ گائوں میں مشکوک طور پر گردش کررہاتھا جس پر اسے گرفتا رکیاگیا۔ بعد ازآں اسے کالاکوٹ پولیس تھانہ بھیج دیاگیاجہاں اس سے پوچھ تاچھ کی جارہی ہے ۔
ڈی سی کے تبادلے کو رکوانے کا مطالبہ
مینڈھر//امام و خطیب جامع مسجد مینڈھر نے گزشتہ روز شائع ہوئی خبر کی وضاحت کرتے ہوئے کہاہے کہ ڈپٹی کمشنر پونچھ کے تبادلے پر انہوں نے سبھی سیاسی جماعتوں سے اپیل کی تھی کہ وہ اس فیصلے کو رکوانے کی کوشش کریں اور انہوں نے اپنے خطاب میں بی جے پی اور آر ایس ایس کا نام نہیں لیا ۔یہاں جاری بیان کے مطابق انہوں نے کہاکہ انہوں نے تمام سیاسی پارٹیوں سے اپیل کی تھی کہ وہ آگے آکر ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ محمد اعجاز اسد کے تبادلے کو منسوخ کروائیں ۔ان کا کہنا تھا کہ ریاستی گورنر ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ کو مزید وقت دیں تاکہ وہ لوگوں کا ایمانداری سے کام کر سکیں اور ان کو ضلع پونچھ سے تبدیل نہ کیا جائے۔
ڈی سی راجوری کے تبادلہ کاحکمنامہ منسوخ کیاجائے:سائیں عبدالرشید
راجوری //کانگریس کے ضلع صدر راجوری سائیں عبدالرشید نے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری کے تبادلے کے ریاستی گورنرانتظامیہ کے فیصلے پرشدیدبرہمی کااظہارکرتے ہوئے انتظامیہ سے پرزوراپیل کی ہے کہ ڈی سی راجوری کے تبادلے کے حکمنامے کومنسوخ کیاجائے۔ یہاں جاری پریس بیان میںضلع صدرکانگریس راجوری سائیں عبدالرشید نے اعلیٰ حکام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ شاہد اقبال نے انتہائی بہترین طریقہ سے کام کئے اور ان کا تبادلہ ضلع کے عوام کیلئے نقصان دہ ہے ۔انہوںنے ڈی سی شاہداقبال کے تبادلے کے سلسلے میں عوام میں ناراضگی پائی جارہی ہے کیونکہ انہوں نے عوام راجوری کی بہبودکیلئے بے شمارکام کیے ہیں ۔انہوں نے ریاستی گورنرانتظامیہ سے پرزورمانگ کی کہ شاہداقبال کو ڈپٹی کمشنر راجوری کے طورپردوبارہ سے بحال کرنے کیلئے چندروزپہلے کئے گئے ان کے تبادلے کے حکمنامے کومنسوخ کیاجائے کیونکہ یہ فیصلہ عوامی مفادات کے منافی ہے ۔
اسمبلی کو فوری طور پر تحلیل کیاجائے :مشتاق بخاری
بختیار حسین
سرنکوٹ //نیشنل کانفرنس کے سیکریٹری سید مشتاق احمد شاہ بخاری نے ریاستی اسمبلی کو فوری طور پر تحلیل کرنے پر زور دیاہے ۔سرنکوٹ کے گونتھل گائوں میں کارکنان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بخاری نے کہاکہ اگر جمہوریت کو بچاناہے اور کشمیر کے لوگوں میں پائے جارہے غم وغصہ کو کم کرناہے تو پھراسمبلی کو فوری طور پر تحلیل کیاجائے ۔ان کاکہناتھاکہ سابق پی ڈی پی ۔ بی جے پی اتحاد کی وجہ سے کشمیری عوام میں زبردست غم وغصہ پایاجارہاہے اور یہ غصہ مزید بڑھ جانے سے قبل اسمبلی کو تحلیل کردیاجائے ۔ انہوں نے کہاکہ بے شک کشمیر کے حالات اس وقت الیکشن کیلئے سازگار نہیں تاہم اسمبلی کو باقی رکھنا فائدہ بخش نہیں ہے اس لئے اسے فوری طور پر تحلیل کردیناچاہئے ۔بخاری نے کہاکہ اسمبلی تحلیل ہونے سے لوگوں کے غم و غصہ میں کمی آئے گی اور پھر حالات سازگار ہونے پر الیکشن بھی کروائے جاسکتے ہیں ۔انہوں نے کشمیر میں شہری ہلاکتوں کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ اس طرح سے صورتحال مزید کشیدگی اختیار کرے گی لہٰذا وقت کی ضرورت ہے کہ ماضی کی غلطیوں سے سبق حاصل کرتے ہوئے کشمیر میں امن کی بحالی کیلئے بات چیت کا راستہ اختیار کیاجائے ۔بخاری نے کہاکہ طاقت کے بل بوتے پر کچھ بھی حاصل نہیںہوگا اور بالآخر افہام و تفہیم کا راستہ ہی اپنایاجائے گا جس کیلئے مزید انتظار نہ کیاجائے ۔این سی لیڈر نے کہاکہ موجودہ ریاستی حالات کیلئے پی ڈی پی اور بھاجپا کاغیر اصولی اور غیر فطری اتحاد ذمہ دار ہے جس نے ریاست کو ایک نئی مشکل میں ڈال دیاہے۔
بھاجپا۔پی ڈی پی اتحادریاست کا سیاہ دور:جاویدرانا
مینڈھر//نیشنل کانفرنس لیڈر و ممبراسمبلی مینڈھر جاوید احمد رانا نے کہاہے کہ پی ڈی پی ۔بھاجپا اتحاد ریاست کی تاریخ کا سیاہ دور ثابت ہواہے کیونکہ اس اتحاد سے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہونے کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوا۔یہاں جاری بیان کے مطابق کاسبلاڑی میں مڈل سکول بسریلاکو ہائی سکول کا درجہ دینے کے سلسلے میں منعقد ہوئی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا نے کہاکہ دونوں جماعتوں نے تمام شعبوں میں عوام کے مجموعی مفادات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اپنے ذاتی مفادات کو ترجیح دی جس کے نتائج سب کے سامنے ہیں ۔ان کاکہناتھاکہ اس غیر مقدس اتحادنے نیشنل کانفرنس کیلئے ایک بڑا چیلنج کھڑا کردیاہے کہ اب لوگوں کا اعتبار کس طرح سے جمہوری اصولوں پر بحال کیاجائے ۔رانانے کہاکہ موجودہ حالات اسی اتحاد کی ناکامیوں کا نتیجہ ہیں جس نے ریاست کو غیر مستحکم صورتحال سے دوچار کردیا اور لوگوں میں ناامیدی اور غم وغصہ اپنے عروج پر ہے ۔ممبراسمبلی نے نئی حکومت کی تشکیل کی خبروں پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ گورنر اس بات کو یقینی بنائیں کہ بھاجپا ایسا نہ کرنے پائے جیساکہ سننے میں آیاہے کہ پی ڈی پی کے کچھ ناراض ممبران بی جے پی کے ساتھ حکومت بنانے کے حق میں ہیں ۔ان کاکہناتھاکہ بی جے پی نے ہمیشہ سستی سیاست کا کھیل کھیلا اور یہ جماعت ایسے حالات سے فائدہ اٹھانے میں ماسٹر مانی جاتی ہے ۔ان کاکہناتھاکہ گورنر کو اس بات کو یقینی بناناہوگاکہ ایوان کا تقدس بحال رہے اور اس پر عوام کا اعتماد برقرار رکھاجاسکے ۔اس موقعہ پر مقامی لوگوں نے سکول کادرجہ بڑھانے اور دیگر کاموں کیلئے ممبراسمبلی کا شکریہ ادا کیا۔اجلاس سے مجید چوہدری ، عبدالخالق ،محمد سعید ، باغ حسین ، محمد حفیظ ، عبدالخالق جٹ ، محمد شفیق نمبردار،بشیر احمد، ظفر ندیم ، سرفراز احمد اور محمد حنیف نے بھی خطاب کیا ۔