عدم شناخت نعش برآمد
بختیار حسین
سرنکوٹ//مغل شاہراہ کے کنارے دریائے سرن سے چندی مڑھ کے مقام سے ایک عدم شناخت شدہ نعش برآمد ہوئی ہے۔پولیس کے مطابق مقامی لوگوں نے نعش کو پڑے ہوئے دیکھاجس کی اطلاع ملنے پر پولیس ٹیم موقعہ پر پہنچی اور اس نے اسے اپنی تحویل میں لے لیا۔پولیس نے مزید بتایاکہ مرنے والے شخص کی عمر تیس سے چالیس برس کے درمیان ہے لیکن اس کی شناخت نہیں ہوپائی ہے۔
بدنام زمانہ منشیات فروش گرفتار
راجوری//راجوری پولیس نے ایک بدنام زمانہ منشیات فروش کو گرفتار کرتے ہوئے اس کی تحویل سے 300گرام چرس برآمد کرنے کا دعویٰ کیاہے ۔خصوصی اطلاع ملنے پر راجوری پولیس نے ڈی وائی ایس پی ہیڈ کوارٹر گووند رتن کی قیادت اور ایس ایس پی راجوری یوگل منہاس کی سربراہی میں ایک ناکہ لگاکر منشیات فروش کو رکنے کا اشارہ کیاتاہم اس نے بھاگنے کی کوشش کی جس پر پولیس نے اس کا تعاقب یا اور کچھ دورسے اسے گرفتار کرلیا ۔ منشیات فروش کی تحویل سے تین سو گرام چرس برآمد ہوئی ہے ۔ایس ایس پی کے مطابق منشیات فروش کی شناخت راجن گپتا عرف لاڈی ولد راج کمار گپتا ساکن کالاکوٹ کے طور پر ہوئی ہے جس کے خلاف ایف آئی آر زیر نمبر364/2018کاکیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہے ۔پولیس نے بتایاکہ راجن گپتا کئی مقدمات میں ملوث ہے جسے پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت بند بھی کیارکھاگیاتھا۔
قوت گویائی سے محروم لڑکی کی عصمت ریزی
پونچھ//قوت گویائی سے محروم ایک لڑکی کی عصمت ریزی کی اطلاع سامنے آئی ہے۔یہ واقعہ پونچھ کے کسلیاں علاقے کا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں پولیس کے پاس شکایت درج کروائی گئی جس پر ایک مقامی لڑکے قدیر حسین کو گرفتار کیاگیاہے۔ایک افسر نے بتایاکہ ملزم کو حراست میں لے لیاگیاہے جس پر بیس سالہ لڑکی کی عصمت ریزی کا الزام ہے جو بات نہیں کرسکتی۔
ریاستی گورنر کا دورہ ٔپونچھ آج
عشرت حسین بٹ
پونچھ// ریاستی گورنر نریندر ناتھ ووہرا آج پونچھ کا دورہ کر رہے ہیں۔اپنے دورے کے دوران جہاں وہ ضلع افسران کے ساتھ اجلاس منقد کریں گے وہیں سیاسی لیڈران سے بھی ملاقات کریں گے۔ذرائع کے مطابق ریاست میں بی جے پی اور پی ڈی پی حکومت کا اتحاد ختم ہونے کے بعدگورنر راج نافذ ہونے کے بعد گورنر این این ووہرا پہلی مرتبہ پونچھ کا دورہ کر رہے ہیں۔ذرائع نے بتایاکہ وہ یہاں ضلع میں چل رہے تعمیر و ترقی کے کاموں کے حوالے سے ضلع افسران کے ساتھ تبادلہ خیال کریں گے اور ساتھ ہی بابا بڈھا امرناتھ یاترا کے حوالے سے بھی ضلع حکام سے بات چیت کی جائے گی۔۔واضح رہے کہ آنے والے ماہ میں بابا بڈھا امر ناتھ منڈی مندر میں سالانہ یاترا کا سلسلہ شروع ہو رہا ہے جس میں ریاست اور بیرون ریاست سے ہر سال عقیدت مند بڑی تعداد میں شریک ہوتے ہیں۔
قمر کی قیادت میں پی ڈی پی کارکنان کا اجلاس
راجوری//پی ڈی پی لیڈر و ممبراسمبلی راجوری ایڈووکیٹ قمر حسین کی قیادت میں کارکنان کی ایک میٹنگ ڈاک بنگلہ راجوری میں منعقد ہوئی۔اس موقعہ پر پارٹی امور پر تبادلہ خیال کیاگیااور ورکروں نے ممبراسمبلی کی کارکردگی کی ستائش کی۔اپنے خطاب میں ممبراسمبلی نے اپنے دور میں ہوئے کاموں کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ عوامی مسائل ترجیحی بنیاد پر حل کئے جارہے ہیں اور باقی ماندہ مسائل بھی حل ہوں گے۔اس موقعہ پر انچارج میڈیاسیل طاہر لون اور دیگر کارکنان بھی موجو دتھے۔
پیپلز مومنٹ نے شہری ہلاکتوں کی مذمت کی
راجوری// جموں کشمیر پیپلز مومنٹ نے گزشتہ روز فورسز اہلکاروں کے ہاتھوں لڑکی سمیت تین نوجوانوں کے قتل کئے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ کشمیری عوام کے خلاف اعلانِ جنگ کر رکھا ہے ۔یہاں جاری بیان کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور پیپلز مومنٹ کے چیئرمین میر شاہد سلیم نے کہا کہ کشمیریوں کے خلاف اعلان جنگ کر رکھا ہے اور فوج چن چن کر کشمیری نوجوانوں کا قتلِ عام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہفتے کے روز ضلع کولگام کے ہائیورہ گاؤں میں فوج نے نوجوانوں کے ایک پر امن احتجاج پر گولیاں چلا کر تین نوجوانوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔انہوں نے کہاکہ اندھا دھند گولیاں چلا کر 20سالہ شاکر احمد کھانڈے ولد محمد حسین کھانڈے اور 19سالہ ارشاد احمد لون ولد عبدلمجید لون اور14سالہ عندلیب جان عرف انجلی کو بیہمانہ طریقے سے قتل کر دیا گیا۔ میر شاہد سلیم نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ فورسز کی جانب سے کی جا رہی کشمیریوں کی نسل کشی کا سنگین نوٹس لے کر کشمیریوں کے سیاسی اور انسانی حقوق کو تحفظ دینے کے لئے ضروری اقدامات کریں۔ انہوں نے کہاکہ متنازعہ ریاست جموں کشمیر میں ظلم و بربریت اور جبرو استبداد کے تمام حربے برو ئے کار لانے کے باوجود کشمیری عوام کے عزم و استقلال کو کسی بھی طرح کمزور نہیں کیاجاسکا، لہٰذا اب کھلے عام کشمیریوں کی نسل کشی کی جارہی ہے ۔
ایڈمنسٹریٹر اوقاف پونچھ کا دورہ ٔ سرنکوٹ
قبرستان اور دیگر وقف جائیداد پر تنازعات حل کرنے پر زور
بختیار حسین
سرنکوٹ//ایڈمنسٹریٹر اوقاف پونچھ ریاض آتش نے سرنکوٹ کادورہ کرکے مقامی معززین و افسران کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کیا ۔اس موقعہ پر ایس ڈی ایم سرنکوٹ اور ایس ڈی پی او سرنکوٹ بھی موجو دتھے ۔میٹنگ کے دوران قبرستان اور وقف جائیداد سے جڑے دیگر مسائل حل کرنے پر زور دیاگیا ۔مقررین نے کہاکہ کچھ قبرستانوں پر اجارہ داری قائم کی گئی ہے اور کچھ لوگوں کے مردوں کو وہاں دفنانے ہی نہیں دیاجارہا جبکہ ایسا ہر گز نہیں ہوناچاہئے اور یہ قبرستان سبھی کیلئے برابر ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ قبرستان اہل اسلام کے ہیں جن میں متعلقہ علاقے کے مردوں کو دفن کیاجاسکتاہے ۔ریاض آتش نے ایس ڈ ی ایم اور ایس ڈ ی پی او سرنکوٹ پر زور دیاکہ وہ لازمی اقدامات اٹھاتے ہوئے علاقے میں امن و قانون کی صورتحال کو برقرار رکھیں ۔ انہوں نے کہاکہ عوام بھی سمجھداری کا مظاہرہ کریں اور ایسے معاملات میں تنازعات نہ کھڑے کئے جائیں ۔انہوںنے کہاکہ سب نے اس دنیا سے چلے جاناہے اور آخری آرامگاہ قبرستان ہی ہے اس لئے اس حقیقت کو سبھی کو تسلیم کرناہوگا۔ انہوں نے کہاکہ وقف اراضی کو تحفظ دیاجائے اور اسے اہل اسلام کے استعمال میں لایاجائے ۔
۔50مویشی بازیاب کروانے کا دعویٰ
راجوری//راجوری پولیس نے اس بات کادعویٰ کیاہے کہ مویشی سمگلنگ کی ایک بڑی کوشش کوناکام بناتے ہوئے پچاس مویشی بازیاب کروائے گئے ہیں۔پولیس کے مطابق یہ مویشی بدھل اور سندر بنی میں کارروائیوں کے دوران بازیاب کروائے گئے ہیں۔ پولیس نے ایس ایچ او بدھل جہانگیر احمد کی قیادت میں کنگوٹہ اور ننگا تھب علاقوں میں ناکے لگاکر گاڑیوں کی تلاشی لی جس دوران مویشی سمگلنگ کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے چالیس مویشیوں کو بازیاب کروایاگیا ۔ پولیس نے اس سلسلے میں خادم حسین ولد کسر دین اور عبدالقیوم ولد کاگ حسین ساکنان گنڈاخواس کو گرفتار کرلیاہے ۔اس حوالے سے پولیس تھانہ بدھل میں ایف آئی آر زیر نمبر48/2018کا کیس درج کیاگیاہے ۔ دریں اثناء سند ربنی میں بھی پولیس نے ایک کارروائی کے دوران دس مویشیوں کو بازیاب کروانے کادعویٰ کیاہے ۔ یہ کارروائی ایس ایچ او سندر بنی تلک راج کی قیادت میں کی گئی ۔
خون عطیہ کا کیمپ منعقد
راجوری//سنت نرنکاری چیئریٹبل فائونڈیشن کی طرف سے سنت نرنکاری ست سنگ بھون راجوری میں خون کا عطیہ کیمپ منعقد کیاگیا جس دوران75لوگوں نے خون بطور عطیہ دیا۔تنظیم کے راجوری یونٹ کے چیئرپرسن نے بتایاکہ باباہردیو سنگھ جی مہاراج نے اس پروگرام کا آغاز1986میں باباگربچن سنگھ کی شہادت کے بعد کیاتھا۔اس کیمپ کا افتتاح ممبراسمبلی راجوری چوہدری قمر حسین نے کیاجبکہ اس موقعہ پر ڈپٹی کمشنر راجوری محمد اعجاز اسد و دیگر لوگ بھی موجو دتھے۔
پسماندگی کا خاتمہ باہمی اتحاد میں مضمر:جاوید احمد رانا
جاوید اقبال
مینڈھر//بلا تامل میں یہ کہنا چاہوں گا کہ ہم اپنی پسماندگی اور بدحالی کے خود ذمہ دارہیں، اس بوسیدہ اور ابن الوقت سیاست نے یہاں کی عوام کوہمیشہ فرقوں اور علاقائی بنیاد پر تقسیم کیا ہے ،ہماری صفوں میں نفاق کا بیج بو کر اپنے حقیر مفادات پورے کئے ہیں لیکن کسی نے بھی اس سرحدی خطہ کی پسماندگی کے خاتمے کے لئے کسی نے بھی کوئی کوشش نہ کی۔ان خیالات کا اظہار نیشنل کانفرنس کے مرکزی سکریٹری اور رکن قانون ساز اسمبلی مینڈھر جاوید احمد رانا نے تحصیل منکوٹ کے سرحد سے متصل گائوں ٹائیں چرنگڑی کے آپنے تفصیلی دورہ کے دوران ایک اجتماع سے اپنے خطاب میںکیا۔انہوں نے کہا کہ عموماً ہمارا سماج تذبذب کا شکار رہتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ آج اکیسویں صدی میں بھی جاگیردارانہ نظام ہماری سوچ و فکر پر غالب ہے، حالانکہ اس وڈیرا نظام کا پچھلا سانچہ ٹوٹ گیا ہے اور وڈیرار سم و رواج قریب المرگ ہے باوجود اس کے ہماری فکریں بیدار نہیں ہوئی ہیں۔ان کاکہناتھاکہ آج بھی ہمارا ذہن پر احساس محکومیت اور محرومیت کا غلبہ رہتا ہے۔جاوید احمد رانا نے کہا کہ ریاست میں جمہوری نظام نیشنل کانفرنس قیادت کی دین ہے ،اس عظیم مقاصد کے حصول کی خاطر اس تنظیم نے اپنے سینکڑوں جیالوں کو قربانی کی بھینٹ چڑا دیا ہے اور اسی جماعت نے ریاستی عوام کی مدہوش فکروں کو بیدار کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ۔جاوید احمد رانا نے کہا کہ ہمیں اس فرسودہ نظام کو بدلنے سے پہلے اپنی سوچ بدلنی ہوں گی،ہمیں اپنے نفع اور نقصان کو سمجھنا ہو گا تب جا کر اس بوسیدہ نظام کا خاتمہ ممکن ہوسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جوں ہی الیکشن قریب آتا ہے تو عوام کے نمائشی خیر خواہ عوامی ہمدردیوں کی قصیدہ گویاںکرنا شروع ہو جاتے ہیں لیکن الیکشن ختم ہونے کے بعد یہ نام نہاد انسانی دوست چھ سال تک کسی کو نظر نہیں آتے۔جاوید احمد رانانے کہا کہ میں نے آپنے اقتدار کے د وران اس پسماندہ اور بارڈر علاقہ کو آپنی ترجیحات میں شامل رکھاجسکا منہ بولتا ثبوت آپکی آنکھوں کے سامنے ہے، آج اس سرحدی تحصیل منکوٹ کا نقشہ ہی بدل چکا ہے،یہاں کے ہر ایک گائوں میں مناسب سڑک رابطہ دستیاب ہے۔انہوں نے کہاکہ اس سرحدی تحصیل کے ہر ایک گائوں میںپانی کی لفٹ اسکیمیں موجود ہیں جن سے عوام مستفید ہو رہے ہیںاورہر ایک گائوں میں فعال تعلیمی نظام موجود ہے۔انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ ان کی مشکلات کا ازالہ کیاجائے گااور وہ سرحدی عوام کے مسائل سے بخوبی واقف ہیں۔انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک کے د رمیان پائی جانے والی کشیدگی کا براہ راست اثر یہاں کی مظلوم عوام کی زندگی پر پڑتاہے تاہم مسائل برداشت کرنے کے باجود بھی یہاں کے معصوم عوام نے ملکی سلامتی کے ساتھ کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کیا ۔جاوید احمد رانا نے کہاکہ ریاست میں بڑھتی ہوئی فرقہ پرستی قابل تشویش ہے ۔ان کاکہناتھاکہ تخریب اور تقسیم کی سیاست نے اس ملک کے سیکولر نظام کو زک پہنچائی ہے، آج طاقت کے بل بوتے پر غنڈہ گردی ہو رہی ہے اوراقلیتی طبقہ کو ڈرایا اور دھمکایا جا رہا ہے،یہاں تک کہ جموں اور اس کے گرد و نواع سے خانہ بدوش قبائل کو خانہ بدر کیا جا رہا ہے۔انہوں نے گورنر انتظامیہ سے التجا کی ہے کہ مظلوم خانہ بدوش قبائل کی حفاظت کی ضمانت دی جائے تاکہ یہ مجبور اور بے بس لوگ بھی بے خوف و خطر اپنی زندگی گذار سکیں۔اس موقعہ پر حاجی میر محمد بلاک صدر مینڈھر،محمد رشید مغل، سید منیر حسین شاہ،حاجی محمد صغیر،حاجی نظام الدین،محمد لطیف اور عبد الحمید بھی موجو دتھے۔
تھنہ منڈی میں حج تربیتی پروگرام کا اہتمام
طارق شال
تھنہ منڈی//گزشتہ روزبعدنمازِظہرخطہ پیرپنجال کی معروف دینی درسگاہ مدرسۃالتوحیدجامع مسجدتھنہ منڈی کی انتظامیہ کی جانب سے تحصیل تھنہ منڈی کے تمام عازمینِ حج کوظہرانے کی دعوت کیساتھ ساتھ معلوماتی وتربیتی مجلس کاانعقادکیاگیا جس میں پورے علاقے کے عازمین کے علاوہ عوام نے بھی شرکت کی۔ اس موقعہ پرسابق استاذِحدیث جامعہ ضیاالعلوم پونچھ مولاناغلام محی الدین فاروقی قاسمی نے حج اوراس کے مناسک وارکان ،حرمِ مکہ اورحرمِ مدینہ کی حاضری کے فضائل وآداب سے سامعین کوروشناس کرایا۔مولانانے کہا کہ اولاً ہم سب کوشہرِمکہ اورشہرِمدینہ کی عظمت ومحبت سے دل کومنورکرناضروری ہے کہ جن شہروں کی قسم رب تعالی نے کھائی اورامام الانبیاحضرت رسولِ پاکؐ کاقیام جہاں رہا۔مولانانے کہا کہ شہرمکہ بنیادِعالَم اور اصلِ عالَم بھی ہے،وسطِ عالَم بھی مرکزِ عالَم بھی ،اورخوش قسمت ہیں وہ جنہیں وہاں کی حاضری نصیب ہو۔اسی طرح مدینہ منوّرہ جاکرانتہائیادب واحترام کیساتھ مسجدِنبویؐاورروضہ رسولؐپرحاضری دیں۔اسی طرح ہرمقامِ مقدّس پرعمل کرتے ہوئے اپنے رب ِ کریم کی طرف متوجہ رہیں اورہمہ وقت زبان ذکرودعااوراستغفارودرودپاک کے وردمیں مشغول رہیں۔آخرپرمولاناکی دعاپر مجلس کا اختتام ہوا۔مدرسۃالتوحیدتھنہ منڈی کے مہتمم وناظم اورخطیب مرکزی جامع مسجد مفتی عبدالرحیم ضیائی قاسمی نے تمام مہمانان کاشکریہ ادا کیا۔
مینڈھرپی ڈی پی کی ماہانہ میٹنگ
بی جے پی ریاست میں کٹھ پتلی سرکار بنانے کی غلطی نہ کرے :معروف
جاوید اقبال
مینڈھر//ڈاک بنگلہ مینڈھر میں پی ڈی پی زون مینڈھر کی ماہانہ میٹنگ منعقد ہوئی جس میں ایڈووکیٹ محمد معرو ف خان، حاجی محمد اعظم ساگر ،ضلع صدرشمیم احمد ڈار، ضلع سیکریٹری تنویر احمد ڈارو دیگر ان بھی موجو دتھے ۔اس موقعہ پر کارکنان نے محمد اعظم ساگر کو زونل صدر نامزد کئے جانے کے فیصلہ کا خیر مقدم کیا ۔مقررین نے پی ڈی پی کی قیادت والی حکومت کے تین برسوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ اس دوران مینڈھر میں اہم ترقیاتی کام ہوئے ۔تاہم مقررین نے ریاست میں موجودہ سیاسی غیر یقینی صورت حال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ محبوبہ مفتی کی قیادت میں تعمیر و ترقی کے کام ہورہے تھے لیکن مرکزی حکمران جماعت بی جے پی نے بنا سوچے سمجھے ایک غیر دانشمندانہ فیصلہ لے کر ریاستی عوام کو ان کی چنی ہوئی حکومت سے محروم کردیا اور عوام کو افسر شاہی کے نرغے میں جھونک دیا۔انہوں نے پارٹی اعلیٰ قیادت پر پورا اور مکمل اعتماد اور بھروسہ جتاتے ہوئے متحد رہنے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہاکہ تین برسوں میں بطور خاص ملازمین کو ساتواں پے کمیشن ملا ،62ہزارو ڈیلی ویجرز ملازمین کو مستقل کرنے کا منصوبہ بنایاگیا، این وائی سی سی کے زمرہ میں آنے والے لوگوں کو مستقل ملازمت د ی گئی،ریاست میں میڈیکل کالج اور یونیورسٹیز کا قیام عمل میں لایاگیاجوبڑے اقدامات ہیں۔انہوں نے کہاکہ حلقہ انتخاب مینڈھر میں پرنئی ہائیڈل کے بند پڑے پروجیکٹ کی از سر نو شروعات ،سڑکوں کی خستہ حالت کی درستی، کلسٹر یونیورسٹی اور میڈیکل کالج کو منظوری دی گئی جن کو یہاں کے لوگ کبھی بھول نہیں سکتے۔مقررین نے ڈپٹی کمشنر پونچھ اعجاز اسد کی تبدیلی پرسخت برہمی کا اظہار کیا اور گورنر جموں وکشمیر کو باور کروایا کہ جن لوگوں اور عناصر کی سازش سے یہ تبدیلی عمل میں لائی گئی ،در اصل وہ اس خطہ کی ترقی کے خلاف ہیں کیونکہ اعجاز اسد نے اس ضلع کی تعمیر و ترقی کی ایک خوبصورت اور ہمہ گیر شروعات کی تھی جس کو زک پہنچانے کے لئے گورنر انتظامیہ کو گمراہ کن اور بے معنی رپورٹنگ دے کر یہ تبدیلی کروائی جس سے ضلع پونچھ کی عوام کو سخت صدمہ ہے۔ایڈووکیٹ محمد معروف خان نے مرکزی حکومت کو متنبہ کیا کہ بی جے پی ریاست میں سازش رچا کر کٹھ پتلی سرکار کا خواب دیکھ رہی ہے اگر وہ ایسا کرنے میں کامیاب ہو گئے تو عوام جموں و کشمیر کو ایک بار پھر 1984اور1987کی تاریخ کو دہرانے پر مجبور کیا جائے گا اور عوام جموں کشمیر کا جو بھروسہ2002الیکشن کے بعد جمہوریت ہند پر بنا ہے وہ چکنا چور ہو جائے گا۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ ریاست جموں و کشمیر ایک حساس خطہ ہے جس میں ایسی ریشہ دوانیاں پنپ نہیں پائیں گی۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی ایک ایسی تحریک ہے جوعوام الناس کے دلوں کی دھڑکن ہے اور اس کے ساتھ کی جانے والی کوئی چالاکی یا سازش عوام ہر گز قبول نہیں کریں گے۔انہوں نے پارٹی کے ذمہ دار حضرات سے اپیل کی کہ وہ اپنی شکایات کا ازالہ اپنی پارٹی اعلیٰ قیادت سے کروانے کا حق رکھتے ہیںمگر جماعت عوام کی امانت ہے جس میں خیانت کرنے کا کسی کوئی کو حق نہیں۔ ضلع صدر اور زون صدر کے علاوہ ایڈوکیٹ انظار احمد خان،محمد شریف منہاس،چوہدری محمد صادق ،ایڈوکیٹ چوہدری شوکت حسین سینئر نائب صدر بار ایسوسی ایشن مینڈھر،تنویر احمد ڈار،چوہدری نذیر حسین،غلام احمد خان،ایڈوکیٹ تنویر اقبال قریشی، محمد اعظم فانی وغیرہ نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ نظامت کے فرائض سردار خورشید احمد خان کھوکھر نے انجام دئیے۔