فاسٹ ٹریک بھرتی کے دعوے
فائر سروس کی لسٹ 2013سے منظر عام پر نہ آئی
عشرت حسین بٹ
پونچھ//حکام کی طرف سے روزگار کی فراہمی میں فاسٹ ٹرک بنیادوں پر بھرتی کے دعوے کئے جاتے ہیں مگر صورتحال یہ ہے کہ کئی کئی سال سے لسٹیں منظر عام پر ہی نہیں آتی ۔فائراینڈ ایمرجنسی محکمہ کی طرف سے سال 2011 میں بھرتی کی گئی تھی جس کی فہرست ابھی تک منظر عام پر نہیں آئی جس کے انتظار میں کئی امیدوارنوکری پانے کی عمر کی آخری حد بھی پار کرگئے ہیں۔اس سلسلے میں ان امیدواروں کا ایک اجلاس کرشن چندر پار ک پونچھ میں منعقد ہواجس سے خطاب کرتے ہوئے عمران معراج نے گزشتہ حکومتوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سال 2011میں ریاست کے مختلف اضلاع کے بے روز گار نوجوانو ں نے فائر اینڈ ایمرجنسی محکمہ میں بھرتی ہونے کے لئے قسمت آزمائی کی ۔ انہوںنے بتایاکہ 840 نوجوانوں نے بھرتی میں حصہ لیا جن کے باضابطہ طور پر انٹر یو بھی ہوئے مگر پانچ سال گزر جانے کے باوجود بھی اس لسٹ کو محکمہ نے جاری نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ سال 2013میں 840 اسامیوں کے لئے فارم جمع کئے گئے تھے اور 2014 میں انٹرویو ہوئے لیکن آج تک لسٹ منظر عام پر نہیں آئی ۔انہوں نے کہاکہ حکام کی طرف سے نوجوانوں کے ساتھ کھلواڑ کیاجارہاہے اور ان کا مستقبل مخدوش بنادیاگیاہے ۔انہوں نے کہاکہ بیروزگاری کی مار جھیل رہی ریاست جموں و کشمیر میں ایسی مثالیں تشویشناک ہیں ۔ انہوں نے اس لسٹ کے فوری طور پر مشتہر کرنے کی مانگ کی ۔ اس موقعہ پر عظیم الحق، حیدر عباس، افراد خان بھی موجو دتھے۔
مینڈھر میں عالمی یوم آبادی منایاگیا
جاوید اقبال
مینڈھر//سب ضلع ہسپتال مینڈھر میں بلاک میڈیکل افسر ڈاکٹر پرویز احمد خان کی قیادت میں عالمی یوم آبادی منایاگیا۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے پرویز خان نے کہاکہ یہ دن اقوام متحدہ کی طرف سے 1989میں متعارف کروایاگیا۔انہوں نے کہاکہ یہ دن پورے عالم میں اس لئے منایاجاتاہے کہ بڑھتی آبادی پر روک لگائی جائے ۔انہوں نے بتایاکہ ہندوستان کا شمار آبادی کے لحاظ سے دنیا کے دوسرے سب سے دوسرے بڑے ملک میں ہوتاہے جبکہ چین کی آبادی دنیا بھر میں سب سے زیادہ ہے ۔انہوں نے خاندانی منصوبہ بندی کے بارے میں بھی اس موقعہ پر بتایا۔
طالبہ کوحراساں کرنے کا الزام
پونچھ کی سکھ تنظیموں کاسخت کارروائی کا مطالبہ
پونچھ//پونچھ کی سکھ تنظیموں نے کشمیر کے ترال علاقے میں ایک سکھ لڑکی کو مبینہ طور پر حراساں کرنے کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے اس سلسلے میں سخت کارروائی کی مانگ کی ہے۔گردوارہ پربندھک کمیٹی پونچھ کے صدر نریندر سنگھ نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ترال واقعہ قابل مذمت ہے جس پر حکام کو فوری طور پر کارروائی کرکے ملوثین کو کیفر کردار تک پہنچاناچاہئے۔انہوں نے ریاست میں بھائی چارے کو برقرار رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے گورنر انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ واقعہ میں ملوثین سے سختی سے نمٹاجائے۔
۔70 سالہ شخص کی 22 سال کی لڑکی سے شادی
سمت بھارگو
راجوری//راجوری کے سندر بنی علاقے میں ایک ستر سالہ شہری نے بائیس سالہ دوشیزہ سے شادی رچائی ہے۔اس شادی کی تقریب میں مقامی لوگوں اور دونوں خاندانوں کے افراد نے شرکت کی۔ذرائع نے بتایاکہ سندر بنی کے جوگی نالہ کے سترسالہ شہری ایم ایس چب نے بائیس سالہ پشپا دیوی ساکن ریاسی سے شادی کی ہے۔ذرائع نے بتایاکہ لگ بھگ ڈیڑھ ماہ قبل یہ شادی عدالت کے ذریعہ سے ہوئی تھی لیکن گزشتہ روز سندربنی میں ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔شادی کی اس تقریب کی ویڈیو بھی سماجی روابط کی ویب سائٹ پر وائرل ہوگئی ہے جس میں ایم ایس چب کو سیاسی بیان دیتے ہوئے دیکھاجاسکتاہے جس میں وہ کہتے ہیں کہ وہ الیکشن میں حصہ لیں گے۔دریں اثناشادی کی تقریب کے ساتھ دولہے اور دلہن میں لڑائی شروع ہوگئی ہے اور اس سلسلے میں دلہن کی طرف سے پولیس کے پاس شکایت درج کروائی گئی ہے جس میں یہ الزام عائد کیاگیاہے کہ اس کو دلہے نے حراساں کیاہے۔پولیس کے ایک افسر نے بتایاکہ شکایت موصول ہوئی ہے جس پر تحقیقات شرو ع کردی گئی ہے۔
افواہوں پر دھیان نہ دیں:یوتھ پی ڈی پی مینڈھر
مینڈھر// پی ڈی پی یوتھ مینڈھر نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوںپر دھیان نہ دیں جو بے سود ہیں۔ ایک پریس بیان میں ایڈووکیٹ انظار احمد خان،ایڈووکیٹ اکبر خان،ایڈووکیٹ دلیر،ایڈووکیٹ غزنفر احمد خان،ایڈووکیٹ عادل سلیم چوہدری، ایڈووکیٹ تنویر اقبال قریشی نے کہا کہ ریاست جموں وکشمیر میں پی ڈی پی اور بی جے پی کی سرکار ٹوٹنے کے بعد طرح طرح کی افواہیں پھیلائی جار ہی ہیںجو بے معنی ہیں۔ان کاکہناتھاکہ کچھ لوگ بوکھلاہٹ کا شکار ہیں جنہوں نے ہمیشہ ریاست کو آگ میں دھکیلنے کا کام کیا،کیونکہ جب وہ لوگ اقتدار سے باہر ہوتے ہیں تو الگ بیان اور جب اقتدار سے باہر ہوتے ہیں تو وہ الگ بیان دیتے ہیں جس سے صاف عیاں ہے کہ وہ اپنی سیاست چمکانے کے لئے لوگوں سے کھلواڑ کررہے ہیں ۔ان کاکہناتھاکہ پی ڈی پی کا یہ تین سالہ دور اقتدار تاریخ کے روشن صفحات پر درج ہے جس دوران پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے بی جے پی کے ساتھ کسی بھی غیر اصولی بات پر سمجھوتہ نہیں کیا ۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ محبوبہ مفتی کو یقین دلاتے ہیں کہ انہیں ان کی قیادت پر مکمل بھروسہ ہے اورمینڈھر میں پی ڈی پی مضبوطی کی طرف گامزن ہے ۔ان کاکہناتھاکہ جو راستہ مرحوم و مغفور مفتی محمد سعید نے اپنایا، اسی راستہ پرپی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی بڑی استقامت اور بردباری سے چل رہی ہیں جو کئی لوگوں کو ہضم نہیں ہو رہا۔انہوںنے کہاکہ وہ محمد معروف خان پراعتماد ظاہر کرتے ہیں۔یوتھ لیڈران نے محمد اعظم ساگر زونل صدر پی ڈی پی مینڈھر، شمیم احمد ڈار ضلع صدر پی ڈی پی پونچھ پر بھی اعتماد کا اظہار کیا۔
منشیات کا قلع قمع کیاجائے:شہزادملک
جاوید اقبال
مینڈھر//سائیں ناتھ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر شہزاد ملک نے منشیات کے سماجی،اقتصادی اور طبی نقصانات سے باخبر کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر زور دیاکہ وہ فوری اور سخت کارروائی کرتے ہوئے ایسے افراد پر نکیل کسیں جو منشیات کا بیج بورہے ہیں۔مینڈھر میں منشیات مخالف ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملک نے کہاکہ مینڈھر سے منشیات جیسی ناسور کا خاتمہ کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ نوجوان نسل اس کی وجہ سے تباہ ہورہی ہے۔انہوں نے کہاکہ ان کی طرف سے منشیات کے خلاف یہ مہم جاری رہے گی اور ضرورت اس بات کی ہے کہ نوجوان ، سابق سرکاری افسران،اساتذہ ، مذہبی رہنماو دیگر معززین گھر گھر اس کے خلاف مہم چلائیں اور اس کے برے اثرات سے نوجوانوں کو واقف کروایاجائے۔ملک نے کہاکہ پونچھ کے لوگ پہلے سے ہی سرحدی کشیدگی کی مار جھیل رہے ہیں اور انہیں بیروزگاری کی وجہ سے بھی مسائل کاسامناہے،ایسے مین منشیات کا استعمال تباہ کن اور ناقابل برداشت ہے۔
سڑک حادثے میں ایک زخمی
درہال//درہال کے چوکیاں علاقے میں پیش آئے سڑک حادثے میں ایک شخص زخمی ہواہے۔چوکیاں کے پتی علاقے میں ایک منی ٹرک سڑک سے لڑھک کر کھائی میں جاگرا جس کے نتیجہ میں ایک شخص زخمی ہواجس کی شناخت انور احمد کے طور پر ہوئی ہے۔اسے فوری طور پر وہاں سے اٹھاکر ہسپتال پہنچایاگیاجہاں اس کا علاج جاری ہے۔اس سلسلے میں پولیس نے کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔
کاظمی نے محکمہ مال کے ریکارڈ کا معائنہ کیا
درہال//ریجنل ڈائریکٹر سروے و لینڈ ریکارڈز پیر پنچال شوکت حسین کاظمی نے تحصیل درہال کا دورہ کرکے وہاں محکمہ مال کے ریکارڈ جمع بندی،خسرہ گرداوری اور دیگر ریکارڈ کا معائنہ کیا۔ان کے ہمراہ تحصیلدار درہال محمد یونس مرزا اور نائب تحصیلدار و گرداور بھی تھے۔موصوف نے اپنے دورے میں پٹوار حلقوں چوکیاں،۔ڈڈاج اور نڈیاں کے ریکارڈ کا معائنہ کیا اور متعلقہ عملے کو ہدایت دی کہ وہ ریکارڈ کو برقرار رکھیں۔انہوں نے کہاکہ جمع بندی اور گرداوری رجسٹرکے عمل کو مکمل کیاجائے اور اس کام میں تیزی لاکر اسے ربیع 2018تک پایہ تکمیل پہنچایاجائے۔انہوں نے تحصیلدار درہال کو ہدایت دی کہ وہ ریکارڈ کے اپ ڈیٹ کرنے کے عمل میں سرعت لائیں۔