آنجہانی گردھاری لال ڈوگرہ کے یوم پیدائش پرہیرانگرمیں تقریب
بی جے پی لیڈران کوجموں کے ’جے چندوں ‘کے طورپریادکیاجائے گا:ـبلبیرسنگھ
کٹھوعہ//سینئرکانگریس لیڈروایم ایل سی بلبیرسنگھ نے بی جے پی لیڈران کوجموں کے جے چندوں سے تعبیرکرتے ہوئے کہاکہ عوام جموں کے تاریخی منڈیٹ کوضائع کرنے کیلئے انہیں ہمیشہ یادرکھے گی ۔انہوں نے کہاکہ بی جے پی کو تاریخ میں جموں کشمیرکے جے چندوں کے طورپریادکیاجائے گا۔ان خیالات کااظہارہیرانگرمیں کانگریس کے سینئرلیڈر آنجہانی گردھاری لال ڈوگرہ کے 103ویں یوم پیدائش کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے آنجہانی رہنماکوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ گردھاری لال ڈوگرہ جموں کے عوامی لیڈراوراصلی نمائندہ تھے۔ بلبیرسنگھ نے کہاکہ بی جے پی کوگردھاری لال ڈوگرہ کی جموں کے لوگوں کی بہبودکیلئے انجام دی گئی بے لوث خدمات سے سبق سیکھناچاہیئے۔انہوں نے کہاکہ آنجہانی رہنماء نے جموں کے لوگوں کے جذبات کی ہمیشہ قدرکی اورانہیں کبھی مایوس نہیں ہونے دیالیکن جموں ریجن کامنڈیٹ عوام نے بی جے پی کودیاتھا ،بی جے پی نے اقتدارکیلئے جموں کے مفادات کاکوئی تحفظ نہ کرنے کے سبب جموں کامنڈیٹ ضائع کیاجسے عوام کبھی نہیں بھولے گی۔انہوں نے کہاکہ بی جے پی بدعنوانی اورٹرانسفرانڈسٹری کوفروغ دیا اورترقیاتی کاموں کی طرف کوئی توجہ نہیں دی۔بلبیرسنگھ نے کہاکہ نئی نسل بی جے پی کوعوام کی امنگوں کی بے ادبی کرنے کیلئے کبھی معاف نہیں کرے گی۔انہوں نے کہاکہ 2014 میں بڑے جوش وخروش کے ساتھ لوگوں نے بی جے پی کوووٹ دیئے تھے لیکن بی جے پی تین سال کے دوراقتدارمیں لوگوں کے مسائل کوحل کرنے میں مکمل طورناکام رہی۔اس دوران سابق ایم ایل اے ہیرانگر جگدیش ڈوگرہ ، گردھاری لال چلوترہ بلاک صدور ہیرانگراوردیگرسینئرکانگریس لیڈران نے بھی خیالا ت کااظہارکیا۔
ایس ایم وی ڈی یونیورسٹی
گورنر نے100 کروڑ توسیعی منصوبے کا جائیزہ لیا
سرینگر/ گورنر این این ووہرا جو شری ماتا ویشنو دیوی یونیورسٹی کٹرہ کے چانسلر بھی ہیں، کو یونیورسٹی کے توسیعی منصوبوں کے بارے میں جانکاری دی گئی جن میں اکیڈیمک بلاک، انڈو سپورٹس کمپلیکس، سکالر فیملی ہوسٹل جیسی عمارتوں کی تعمیر بھی شامل ہے۔ گورنر کو اس حوالے سے متعلقہ فرموں کے نمائندوں نے ایک پریذنٹیشن دی گئی۔شرائین بورڈ کے ممبر بی بی ویاس، گورنر کے پرنسپل سیکرٹری امنگ نرولا، ایس ایم وی ڈی شرائین بورڈ کے سی ای او دھیرج گپتا، وائس چانسلر ایس ایم وی ڈی یونیورسٹی ڈاکٹر سنجیو جین، یونیورسٹی کے رجسٹرار ڈاکٹر وی کے بھٹ اور یونیورسٹی کے کئی دیگر افسروں نے بھی میٹنگ میں شرکت کی۔گورنر نے وائس چانسلر کی ٹیم اور آرکیٹکٹس کو ہدایت دی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ یہ عمارتیں زیادہ جگہ نہ لیں کیوں کہ کیمپس میں ایک لمبے عرصے کے لئے کافی درکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمارتوں کا منصوبہ علاقہ کے سبزے کو برقرار رکھتے ہوئے مرتب کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ان عمارتوں میں جسمانی طور ناخیر افراد کی رسائی بھی ممکن ہونی چاہئے۔ علاوہ ازیں ان میں قابلِ تجدید توانائی کو بھی بروئے کار لایا جانا چاہئے۔مجوزہ اکیڈیمک بلاک میں لیبارٹریوں، کلاس رومز اور لیکچر تھیٹروں کے علاوہ کئی دیگر سہولیات بھی دستیاب ہوں گی۔غیر نصابی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور طُلاب کی حوصلہ افزائی کے لئے یونیورسٹی کیمپس میں انڈور سپورٹس سٹیڈیم تعمیر کیا جائے گا جس میں باسکٹ بال، بیڈ منٹن اور سکوئش کوٹس دستیاب ہوں گے۔ علاوہ ازیں اس میں ٹیبل ٹینس، سکیٹنگ، باکسنگ اور سوئمنگ کی بھی گنجائش موجود ہوگی۔کمپلیکس میں کمیونٹی ہال تعمیر کرنے کا بھی منصوبہ ہے۔یونیورسٹی میں تحقیقی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے یونیورسٹی میں سکالرز فیملی ہوسٹل بھی شادی شدہ ریسرچ سکالروں کے لئے تعمیر کیا جائے گا جس میں50 رہایشی یونٹوں کی گنجائش ہوگی۔
ہماچل پردیش یونیورسٹی نے نئے کورسزمتعارف کئے
جموں //ہماچل پردیش کے سولن میں واقع شلونی یونیورسٹی نے نئے تعلیمی سیشن کے لیے نئے کورسزشروع کرنے کااعلان کیاہے جن میں بی ٹیک اگریکلچرل انجینئرنگ ،ایم ایس سی ڈیٹااینالیسز،بی ایس سی (آنرس ) اگریکلچر، بی ایس سی یوگا،ایم ایس سی یوگا،بی ایس سی ہاسپیٹلٹی اینڈہوٹل منیجمنٹ ، پی جی ڈپلوما اِن نیٹ ورک انجینئرنگ ،پی جی ڈپلوما اِن ڈیجیٹل جرنلزم ، پی جی ڈپلوما اِن ڈیزاسٹرمنیجمنٹ شامل ہیں۔یہاں جاری پریس بیان میںپروفیسر پی کے کھوسلا، وائس چانسلر، شلونی یونیورسٹی نے بتایا کہ یونیورسٹی کی طرف سے پیش کئے گئے نئے کورسز منفرد ہیں اور ان میں سے کچھ اس علاقے میں پہلی بار پیش کئے گئے ہیں. ان میں ایگریکلچرل انجینئرنگ، ڈیٹا اینالسس، یوگا، نیٹ ورک انجینئرنگ، ڈیجیٹل جرنلزم اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ شامل ہیں، جنہیں اس علاقے میں پہلی بار پیش کیا گیا ہے۔ یوگ میں ڈاکٹروں کا پروگرام بھی یوجک سائنس کے ریسرچ بیس مضبوط کرنے کے لئے شروع کیا جا رہا ہے۔پروفیسر کھوسلا نے کہا کہ نیٹ ورک انجینئرنگ میں ڈپلوما کے ذریعے، نیٹ ورک ڈیزائن اور انتظام کے میدان میں کیریئر کی ترقی کے لئے تلاش کرنے والے لوگوں کے لئے ایک ایڈوانس پروگرام کے لئے کیا جا سکتا ہے۔
سرکارنے سکول عمارت کیلئے اراضی حاصل کی لیکن ملازمت نہیں دی
اراضی مالکان کا محکمہ تعلیم پروعدہ خلافی کاالزام ،گورنرسے مداخلت کی اپیل
بارہمولہ//ضلع بارہمولہ کی تحصیل اڑی کے مختلف دیہات کے ایک درجن کے قریب کنبوں نے سابق حکومت پرسکول عمارتوں کی تعمیرکیلئے اراضی حاصل کرکے کنبے کے فردکوملازمت دینے میں ناکام رہنے کاالزام عائدکرتے ہوئے ریاستی گورنرسے پرزوراپیل کی کہ ہمارے معاملات پرہمدردانہ غورکرکے کنبے کے ایک فردکوملازمت فراہم کی جائے۔اس سلسلے میں میڈیاسے بات کرتے ہوئے متاثرہ کنبوں کے سربراہوں بشمول محمدعلی ،نثارالدین ،غلام محمد،صدام قریشی ،جلال الدین ،عبدالمجید، بشیراحمدساکنان نامبلہ اڑی کاکہناہے کہ محکمہ تعلیم نے سکول عمارتیں تعمیرکرنے کیلئے اراضی حاصل کی تھی ۔انہوں نے کہاکہ محکمہ تعلیم نے ہم سے یہ کہہ کر ملکیتی اراضی لی تھی کہ آپ کے کنبے کے ایک فردکودرجہ چہارم (گارڈ) کی ملازمت فراہم کی جائے گی لیکن حکومت اپنے وعدوں کوپوراکرنے میں ناکام رہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہمارے گھرمیں نوجوان پڑھے لکھے بچے ہیں اس لیے ریاستی گورنرانتظامیہ سے ہم پرزورمطالبہ کرتے ہیں کہ ہماری جائزمانگ کوپوراکیاجائے اورکنبے کے ایک فردکوسرکاری ملازمت دینے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔
گورنر کی شکایات کے ازالے کے میکانزم کو فوری طور بحال کرنے کی ہدایت
ریاستی گورنرکے صلاح کار جموں میں ہربدھوار عوامی مسائل سُنیں گے
سری نگر/ عوامی شکایات کے تیز تر نمٹارے کو یقینی بنانے کے لئے گورنر سیکرٹریٹ نے کہا ہے کہ گورنر کے صلاح کار ہفتے میں جموں اور سری نگر میں عوامی شکایات سنیں گے۔صلاح کار جائزہ میٹنگوں کا بھی انعقاد کریں گے جس دوران وہ شہریوں ، وفود ، سول سوسائٹی ، تنظیموں کے نمائندوں سے ان کے مطالبات اور مشکلات کا جائزہ لیں گے جو بصورت دیگر گورنر سیکرٹریٹ میں موصول ہوتی ہیں۔گورنر سیکرٹریٹ کی طرف سے جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ صلاح کار عوام کے ساتھ تبادلہ خیال کے علاوہ اُن کے متعلقہ محکمہ جات میں مختلف شکایات کا جائزہ لیں گے اور ان محکموں کے نوڈل افسران کے ذریعے ان شکایات کا بروقت ازالہ کیا جائے گا۔گورنر نے 11جولائی کو ریاستی گریوینس سیل واقع چرچ لین سری نگر کے دورے کے بعد عوامی شکایات کے تیز نمٹارے کے لئے خصوصی ہدایات جاری کی تھیں۔ان ہدایات پر گورنر کے صلاح کار بی بی وِیاس ہر سوموار کو چرچ لین سونہ وار میں گریوینس سیل میں صبح 10بجے سے دوپہر 12بجے تک اور ہر جمعہ کو بینکٹ ہال جموں میں ان ہی اوقات کے دوران عوامی شکایات سنیں گے۔صلاح کار خورشید احمد گنائی چرچ لین میں قائم گریوینس سیل میں ہر جمعرات کو صبح 10بجے سے دوپہر 12بجے تک اور ہر سوموار کو بینکٹ ہال جموں میں ان ہی اوقات کے دوران عوامی شکایات سنیں گے۔صلاح کار کے وجے کمار چرچ لین میں قائم گریوینس سیل میں ہر بدھ وار کو صبح 10بجے سے دوپہر 12بجے تک عوامی شکایات سنیں گے۔ان احکامات کے مطابق ریاستی سرکار کی گریوینس سیل کو اب ریاستی گورنر کی گریوینس سیل کے نام سے منسوب کیا جائے گا جو سری نگر اور جموں میں گورنر کے سیکرٹریٹ کے انتظامی کنٹرول میں کام کرے گی۔گورنر کے پرنسپل سیکرٹری گریوینس سیل کے مجموعی کام کاج کی ذمہ داری سنبھالیں گے ۔گورنر کی گریوینس سیل کی دیکھ ریکھ ایڈیشنل سیکرٹری انعام الصدیقی کی سربراہی میں پروجیکٹ منیجمنٹ یونٹ کرے گاجسے اب پروجیکٹ ڈائریکٹر گورنر گریوینس سیل کے طور تعینات کیا گیا ہے ۔
کوٹ بھلوال میں پی ایس اے کے تحت قید
بارہمولہ کے شخص کی جموں کے ہسپتال میں موت
عظمیٰ نیوز
جموں//کوٹ بھلوال سنٹرل جیل میں پبلک سیفٹی ایکٹ (پی ایس اے) کے تحت قیدبارہمولہ سے تعلق رکھنے والے ایک قیدی کی یہاں گورنمنٹ میڈیکل کالج اینڈہوسپٹیل (جی ایم سی اینڈ ایچ ) جموں میںگردے ناکارہ ہونے کی وجہ سے موت واقع ہوگئی ۔کشمیرعظمیٰ سے بات کرتے ہوئے جیل کے ایک اہلکارنے بتایاکہ غلام حسن ملک (70-72) ولد محمدملک ساکن اڑی بارہمولہ کی گورنمنٹ میڈیکل کالج اینڈہوسپٹل جموں میں گردے ناکارہ ہونے کے سبب موت ہوگئی۔14 جولائی کوقیدی مذکورہ کا بلڈپریشراچانک کم ہوگیاتھاجس کی وجہ سے اس کی حالت نازک ہوگئی تھی۔ اہلکارنے مزیدکہاکہ حالت بگڑنے کے بعداسے علاج کے سلسلے میں میڈیکل کالج جموں لے جایاگیاجہاں منگل کے روزگردے ناکارہ ہونے سے اس کی موت ہوگئی ۔غلام حسن ملک کورواں سال 2 فروری کو ملی ٹینسی سے متعلق معاملات کے سلسلے میں گرفتارکرکے اس پر پی ایس اے عائدکیاتھا۔
شیعہ فیڈریشن کاپونچھ کے نوجوان کی حادثاتی موت پراظہارافسوس
جموں// پونچھ پلیرہ کے22سالہ نوجوان انجینئرشہوار حیدر میر کی بیرون ریاست میرٹھ میں سڑک حادثہ میں ہلاکت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے شیعہ فیڈریشن نے لواحقین سے ہمدردی ظاہر کی ہے ۔یہاں جاری ایک تعزیتی پیغام میں فیڈریشن کے صدر عاشق حسین خان اور دیگر تمام ارکان نے اس صدمے کی موت پر دکھ و رنج و الم کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ وہ اس گھڑی لواحقین خاص کر مرحوم کے والد محمد انیس میر اور ان کے چچا بشیر میر جو فیڈریشن کے نائب صدر بھی ہیں ،کے ساتھ برابر کے شریک ہیں اور دعا گوہیں کہ خدا مرحوم کو جنت الفردوس میں جگہ عنایت فرمائے ۔عاشق خان نے کہاکہ قوم نے ایک قیمتی جوہر کھودیاہے جس سے سب کو بہت زیادہ امیدیں تھیں ۔ انہوں نے کہاکہ موت ابدی ہے اور ہر ایک کو اس کا مزہ چھکناہے لیکن اس نوجوان نے کی وفات سے سب کے دل غم سے رنجور ہیں ۔ انہوں نے لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے ۔