لیفٹیننٹ گورنر کی کبیر جینتی پرمبارکباد
سرینگر// لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے سنت کبیر داس جی جینتی کے موقعہ پر جموںوکشمیر کے عوام کو مبارک باد دی ہے۔اَپنے مبارک بادی کے پیغام میں لیفٹیننٹ گورنر نے کہا ہے کہ سنت کبیر ، صوفی شاعر اور ایک ویور نے اَپنی تحریروں کے ذریعے بہت سی معاشرتی اِصلاحات کیں جو کبیر کے دوہا کے نام سے مشہور ہیں اور ہندوستان کے معاشرتی ماحول پر اَپنا اثر ڈال چکے ہیں۔ لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ اُنہوں نے اَپنی تعلیمات اور فلسفے سے اتحاد ، اَمن اور معاشرتی اِنصاف کے پیغام کو عام کیا ہے جو آنے والے نسلوں کے لئے متاثر کرتا رہے گا۔لیفٹیننٹ گورنر نے لوگوں سے کہاکہ وہ سنت کبیر کے بھائی چارے اور معاشرتی ہم آہنگی کے نظریات پر عمل کریں جو بہتر معاشرے کی تشکیل کے لئے زیاد ہ مناسب ہیں۔اُنہوں نے اِس موقعہ پر یوٹی میں پائیدار اَمن ، ترقی اورخوشحالی کیلئے دعا کی ہے۔
ترسنگم بانڈی پورہ میں گڈریا نالہ میں بہہ گیا
عازم جان
بانڈی پورہ // ضلع بانڈی پورہ کے دور افتادہ پہاڑی علاقہ ترسنگم میں 55سال کا گڈریا پیر پھسلنے سے تیز بہا والے نالہ مدومتی میں بہہ گیا ۔ بانڈی پورہ پولیس نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جائے حادثہ کی طرف این ڈی آرایس کی ٹیم اور پولیس پارٹی کو روانہ کیا گیا۔نورالدین چوپان ولدمحمد سلطان ساکن اجس متی پورہ دشوار گزار جنگلی علاقہ ترسنگم میں نالہ پار کرنے کے دوران پیر پھسلنے سے گر کر نالہ کے تیز بہاومیں بہہ گیا۔ اگرچہ وہاں ارد گرد بعض لوگوں نے بچاو کاروائی میں جٹ گئے لیکن آخری اطلاع تک لاش برآمد نہیں کی گئی ۔
جھیل ڈل میں ترال کی خاتون کی لاش برآمد
سرینگر//فورشور روڑ سرینگر میں ترال کی ایک خاتون کی لاش برآمد ہوئی۔ کے این ایس کے مطابق فورشور روڈ میں جمعرات کی دوپہر اُس وقت سنسنی پھیل گئی جب جھیل ڈل میں ایک خاتون کی لاش تیرتی ہوئی پائی گئی۔ اس موقعہ پر لوگوںنے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس اہلکاروں نے جھیل ڈل سے لاش کو نکالا جس کی شناخت36سالہ گلشن ساکن گمراز ترال پلوامہ کے بطور ہوئی ہے۔ پولیس نے خاتون کی موت کی وجوہات جاننے کیلئے لاش کوہسپتال لے جاکر پوسٹ مارٹم کرنے کیلئے منتقل کیاہے۔ اس دوران پولیس نے کیس درج کرکے معاملہ کی تحقیقات شروع کی ہے۔
جموں وکشمیر کو ریاستی درجہ جلد بحال کیا جائے: محلدار
سرینگر//وادی سے نقل مکانی کرنے والے کشمیری پنڈتوں کی جماعت ریکان سی لیشن،ریٹرن اینڈ رہبلٹیشن آف مائیگرنٹس (مہاجرین کی مفاہمت، واپسی اور بازآبادکاری) کے چیئرمین ستیش محلدار نے وزیر اعظم نریندر مودی کی جموں و کشمیر کے لیڈروں کے ساتھ کل جماعتی ملاقات کو مرکزی خطے میں سیاسی اعتماد پیدا کرنے کی سمت میں ایک اہم قدم قرار دیاہے۔انہوںنے کہاکہ ریاست کا درجہ ختم کرنے پرجموں و کشمیر کے لوگوںکو شکایات ہے ۔ ستیش محلدار نے کہا کہ کئی دہائیوں کے دوران جموں و کشمیر کے لوگوں کو خاص طور پر جنگجوئت کی آمد کے بعد مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے جس نے سیاسی اور آبادیاتی نقشے کو متاثر کیا ہے۔انہوں نے کہا’’یہ مناسب وقت ہے کہ جو ہمارا حق ہے اسے واپس کردیں‘‘۔انہوں نے مطالبہ کرتے ہوئے جموں و کشمیر کی ریاستی حیثیت کو جلد سے جلد بحال کیا جانا چاہے۔ ستیش محلدار نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ جموں کشمیر دو دشمن ممالک پاکستان اور چین سے گھرا ہوا ہے اور عسکریت پسندی کی وجہ سے مرکزی زیر انتظام خطہ بری طرح سے دوچار ہے لہذا جموں کشمیرکو خصوصی درجہ دینا لازمی ہوجاتا ہے۔
اسرائیلی سفارتخانے کے باہر بم دھماکہ کا معاملہ
دہلی پولیس نے لداخ کے4طالب علم گرفتار کئے
سرینگر//اسرائیلی سفارتخانے کے باہر ہوئے بم دھماکہ کے سلسلہ میں دہلی پولیس نے لداخ کے 4طلباء کو گرفتار کرلیا ہے۔ 29جنوری کولوٹینس میں ایک آئی ای ڈی دھماکہ ہو جس کے نتیجہ میں سفارتخانے کے باہر چند گاڑیوںکو نقصان ہوا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ دہلی پولیس کی خصوصی سیل نے بم دھماکہ کے سلسلہ میں لداخ کے4طالب علموں کو گرفتار کیا جنہیںریمانڈ کیلئے دہلی منتقل کیاگیا۔
لسجن بائی پاس میں لاورث بیگ سے سنسنی
کھولا تو کپڑے نکلے
سرینگر//لسجن بائی پاس میں ایک لاوارث بیگ سے سنسنی پھیل گئی تاہم بم ڈسپوزل سکارڈ نے بیگ سے کپڑے برآمد کئے ۔ کے این ایس کے مطابق جمعرات کو بائی پاس پر ایک لاوارث بیگ پایاگیاجس کے نتیجہ میں اس میں بم ہونے کے خدشہ سے خوف و ہراس پھیل گیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور حفاظتی عملہ لسجن بائی پاس پہنچا اور علاقہ میں تمام نقل و حرکت پرپابندی عائد کردی۔ اس دوران بم ڈسپوزل سکارڈ کو طلب کیاگیا جنہوںنے بیگ کی تلاشی لی جس کے دوران اس میں کپڑے برآمد ہوئے۔ بعد میں کئی گھنٹوں کے بعد گاڑیوں کی نقل وحرکت بحال ہوگئی۔
حبہ کدل میں شہری کی ہلاکت قابل مذمت: نیشنل کانفرنس
سرینگر//نیشنل کانفرنس نے شہر سرینگر کے حبہ کدل میں عام شہری عمر نذیر بٹ کی ہلاکت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعہ کی تحقیقات کا مطالبہ کیاہے۔ پارٹی صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ نے مسلسل ہلاکتوں کو افسوسناک اور تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت لوگوں کے مال و جان کا تحفظ کیلئے ٹھوس اور کارگرد اقدامات کرنے چاہئے۔ انہوں نے مرحوم کے لواحقین کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔ پارٹی جنرل سکریٹری علی محمد ساگر،صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، خواتین ونگ کی ریاستی صدر شمیمہ فردوس اور ترجمان عمران نبی ڈار نے بھی عمر نذیر بٹ کی ہلاکت کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
عوام کووڈ رہنما خطوط پر عمل کریں: ڈی سی بڈگام
شوپیان///ضلع ترقیاتی کمشنر شوپیان سچن کمار واشیا نے لوگوں سے ماسک پہننے ، معاشرتی فاصلے برقرار رکھنے ، ہاتھوں کو دھونے کے علاوہ کووِڈ مناسب طریقے اور دیگر ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے ۔انہوں نے کہاکہ وائرس کے پھیلائو کو روکنے کے لئے معاشرتی اجتماعات سے گریز کیا جائے۔اِن باتوں کا اِظہار ضلع ترقیاتی کمشنر شوپیان نے میڈیا اَفراد کوضلع میں کووِڈ کی صورتحال کے حوالے سے بریفنگ دینے کے دوران کیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ صحتیابی کی شرح میں اضافہ ہورہا ہے اور مثبت معاملات میں تخفیف کا رجحان برقرار ہے ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ صحتیابی کی شرح ابھی تک نئے سرگرم معاملات کی شرح سے بہتر ہے۔اُنہوں نے کہا کہ ضلع میں متعدد مقامات کو ٹیکے لگانے کے لئے نامز د کیا گیا ہے اور اِس مقصد کے لئے تشکیل دی گئی ٹیمیں وہاں دستیاب ہیں ۔اُنہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ آگے آئیں اور اِس بیماری سے بچنے کے لئے کووِڈ حفاظتی ٹیکے لگائیں۔سچن کمار واشیا نے لوگوں کے تعاون ہر انہیں سراہا اور سول سوسائٹی کے ممبران ، لمبرداروں ، اوقاف کمیٹیوں سے اپیل کی کہ وہ آگے آئین اور 18برس عمر کے گروپ کو اپنی قیمتی جانیں بچانے کے لئے اَپنے علاقوں کے قریبی مقامات پر ٹیکے لگانے کے لئے متحرک کریں۔اُنہوں نے کہا کہ اِس ہفتے کے آکر میں پابندی ختم کر دی گئی ہے اور دُکانیں کھلی ہیں لیکن اِنتظامیہ کی جانب سے وقتاً فوقتاً جاری کردہ ایس او پیز اور دیگر رہنما خطوط کو اَپنانے پر زور دیا گیا ہے۔قارئین ڈی سی شوپیان کے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ @dmshopian اور ڈی آئی سی شوپیان کا آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ@Informationspn.پر دیکھ سکتے ہیں۔
بیروہ میں گیدڑ کا بچہ پکڑا گیا
گاندربل //ارشاد احمد//بیروہ بڈگام میں محکمہ جنگلی حیات کی ایک ٹیم کو جمعرات کی صبح مقامی لوگوں نے تیندوے کے بچے کو پکڑنے کے لئے طلب کیا گیا تھا جو بعد میں گیڈر کا بچہ نکلا۔محکمہ جنگلی حیات رینج آفیسر نے کشمیر عظمی کو بتایاکہ انہیں جمعرات کی صبح بیروہ سے ملحقہ بونہ ہامہ کے مقامی لوگوں نے اطلاع دی کہ علاقہ میں تیندواکا بچہ پایا گیا ہے تاہم 30 کلو میٹر کا سفر طے کرنے کے بعد جب وہ موقع پر پہنچے تو وہ گیڈر کا بچہ نکلا۔انہوں نے کہا کہ لوگ محکمہ سے فائدہ اٹھاتے ہیں اور محکمہ کا قیمتی وقت ضائع کرتے ہیں جو لوگوں کو نہیں کرنا چاہئے۔اس موقعہ پر انہوں نے عام لوگوں سے درخواست کی کہ وہ صرف اس وقت محکمہ کو فون کریں جب انہیں اپنے علاقوں میں کوئی جنگلی جانور ہونے کی مصدقہ اطلاع ملے۔
کان کنی پر پابندی ناانصافی
صدر کوٹ بالا میں احتجاجی دھرنا
بانڈی پورہ// عازم جان //صدرکوٹ بالا میںکان کنی سے وابستہ افراد نے انتظامیہ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے پتھر نکالنے پر پابندی ہٹانے کا مطالبہ کیا ۔مظاہرین نے دھرنا دیکر ٹریفک کی نقل و حرکت بھی مسدود کردی۔مظاہرین نے کہا کہ حکام نے پابندی عائد کرکے ان کے روزگار کو چھیننے کی کوشش کی اور ان کے اہل خانہ کو فاقہ کشی کیلئے مجبور کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ چیوہ صدر کوٹ بالا کی وسیع آبادی کیلئے روزگار کا واحد ذریعہ کان کنی ہی ہے لیکن حکومت نے اس پر پابندی عائد کرکے وسیع آبادی کو بیروزگارکردیا ہے۔ احتجاجی مظاہرین نے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ سے مانگ کی کہ صدر کوٹ بالا چیوہ میںپابندی کا حکمنامہ فوری طور کالعدم قرار دیا جائے تاکہ انہیں بیروزگار نہ ہونا پڑے۔اس موقع پر پولیس نے دھرنا پر بیٹھے مظاہرین کویقین دلایا کہ ان کے جائز مطالبات کو اعلیٰ حکام تک پہچایا جائے گا جس کے بعد وہ پُرامن طورمنتشر ہوگئے ۔
نیشنل کانفرنس اور کانگریس کی سکھ برادری کو مبارکباد
سرینگر// نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے سکھ برادری کو گورو ہرگوبندسنگھ کی سالگرہ پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ مذہبی تہوار بھائی چارہ اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو تقویت بخشنے میں اہمیت کا حامل ہے ۔انہوں نے کہا کہ گورو ہر گوبند سنگھ جی نے انسانیت کی فلاح وبہبود کیلئے اپنی ساری عمر صرف کی۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر اورمعاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر مصطفی کمال نے سکھ برادری کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم شیخ محمد عبداللہ نے ہندو مسلم سکھ اتحاد کی مشعل کو فروزان رکھا۔ اس موقع پر پارٹی کے دیگر لیڈران نے بھی سکھ برادری کو مبارکباد پیش کی۔ ادھر جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر غلام احمد میر نے سکھ برادری کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ گورو ہر گوبند جی نے ہمیشہ امن کا نعرہ دیا۔انہوں نے امید ظاہرکی کہ یہ موقع جموں و کشمیر میں مکمل امن و استحکام کا راستہ ثابت ہوگا۔
لولاب میں انٹرنیٹ سہولیات ناقص ، صارفین برہم
سرینگر// لولاب میں مواصلاتی کمپنیوں کے خلاف برہمی کا اظہار کرتے ہوئے صارفین نے الزام لگایا کہ لولاب میں انٹرنیٹ سہولیات انتہائی ناقص ہیں۔ لالپورہ، سوگام ، دیوراور دیگر علاقوں کے صارفین نے ائر ٹیل اور بی ایس این ایل کے خلاف برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ علاقوں میں انٹرنیٹ سہولیات فراہم کرنے کے نام پر لوگوں کو دودو ہاتھوںلوٹا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ صارفین کو 4جی تو دور، 2جی انٹرنیٹ سہولیات بھی دستیاب نہیں ہیں جس کے نتیجے میں طلبہ و دیگر افراد کو سخت پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ صارفین کے مطابق اس حوالے سے اگرچہ مذکورہ کمپنیوں کے ذمہ داروں کو کئی دفعہ آگاہ کیا گیا تاہم انہوںنے ابھی تک اس حوالے سے کوئی اقدام نہیں اُٹھایا ۔سی این آئی
ریڈ کراس اور سی آر پی ایف کاعطیہ خون کا کیمپ منعقد
سرینگر//انڈین ریڈ کراس سوسائٹی جموں و کشمیر کے ہیڈ کوارٹرنے سمبل میںسی آر پی ایف کے 45 ویں بٹالین کے اشتراک سے عطیہ خون کاکیمپ منعقد کیا۔ کیمپ کا افتتاح اقبال احمد ، کمانڈنگ آفیسر 45 ویں بٹالین نے کیا۔ اس موقع پر 50 افسران اور جوانوں نے خون کا عطیہ کیا اور یہ خون لل دید ہسپتال کے بلڈ بنک میں جمع کیا گیا۔ جموں و کشمیر کے وسطی علاقے میں کفایت حسین رضوی کی ہدایت پر انڈین ریڈ کراس سوسائٹی ، جموں و کشمیر کے ذریعہ خون عطیہ کرنے والے کیمپ لگائے جارہے ہیں۔ رضوی نے خون کے عطیہ دہندگان کے لئے ان کے عمدہ جذبات اور بے لوث انسانی خدمات کے لئے شکریہ ادا کیا۔
۔25ہزارماسک اور600سینی ٹائزر
فلپس انڈیا نے ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ کو فراہم کیں
سرینگر//کووڈ کے خلاف جنگ میں انتظامیہ کی مدد کے لئے جاری کوششوں کے سلسلے میں فلپس انڈیا لمیٹڈ نے 25000 ماسک اور 600 سینی ٹائزر عوام میں تقسیم کے لئے ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد کے حوالے کئے۔ڈی سی بانڈی پورہ نے جاوید احمد- ASM کشمیر اور عبدالقیوم منکنو ، ڈسٹری بیوٹر جی پی آئی بارہولہ و بانڈی پورہ پر مشتمل ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔
سیکریٹری اے آر آئی نے گورنمنٹ پریس سرینگر کامعائنہ کیا
سرینگر//سیکرٹری اے آر آئی اینڈ ٹریننگ عبدالمجید نے گورنمنٹ پریس سیمپورہ کا دورہ کیا اور وہاں دو کروڑ روپے کی تخمینہ لاگت سے دفتر اور سٹور بلاک کے جاری تزئین و آرائش کاموں کا جائزہ لیا۔سیکرٹری کے ہمراہ جنرل منیجر گورنمنٹ پریس اعجاز احمد آخون اور دیگر متعلقہ اَفسران تھے۔نئے تجدید شدہ آفس مع سٹور بلاک کا معائینہ کرتے ہوئے سیکرٹری نے متعلقہ ایگزیکٹیو ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ وہ کام کی رفتار میں سرعت لا کر عمارت کو جلد سے جلد محکمہ کے حوالے کریں۔سیکرٹری نے کہا کہ گورنمنٹ پریس سرینگر محکمہ جات کے تقاضوں کو پورا کرنے کے ذریعے سٹیٹ ایڈمنسٹریشن میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔عبدالمجید نے رواں مالی سال کے لئے تفصیلی پروجیکٹ رِپورٹ طلب کی جس کے لئے محکمہ خزانہ نے فنڈس پہلے ہی جاری واگزار کئے ہیں ۔اُنہوں نے متعلقہ اَفسران سے مزید کہا کہ آفس کم سٹور بلاک کو مکمل طور پر فعال بنانے کے لئے تمام زیر اِلتوأ کاموں جیسے میکنیکل ، بجلی وغیرہ کو مکمل کریں۔اِس موقعہ پر سیکرٹری نے ملازمین مسائل بغور سنا اورملازمین کی جانب سے اُٹھائے گئے جائز مسائل کے ازالے کے لئے یقین دہانی کرائی۔اِس کے علاوہ تمام اہل ملازمین کی محکمہ جاتی پروموشن کا بروقت اِنعقاد کرنے پر زور دیا ۔اُنہوں نے ملازمین کو ہدایت دی کہ وہ وبائی مہلک بیماری سے بچنے کے لئے مناسب طرز عمل اختیار کریں۔
میرواعظ مولانا احمد اللہ شاہ کا یومِ وصال
انجمن نصرۃ الاسلام کا خراج عقیدت
سرینگر//سرکردہ عالم دین اور انجمن نصر الاسلام کے سابق صدر میر واعظ کشمیرمولانا احمداللہ شاہ کایوم وصال آج نہایت عقید اور احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے۔موصولہ بیان میں انجمن نے مرحوم میرواعظ کی دینی، تبلیغی ،سماجی اور روحانی خدمات کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدات ادا کرتے ہوئے انہیں ایک سچے عاشق رسولؐ ہونے کے علاوہ حسن اخلاق کا مجسمہ قرار دیا۔بیان میں کہا گیا کہ مرحوم نے اپنے دور میں ختم نبوت کے خلاف رچائی جارہی سازشوں کا نہ صرف پردہ چاک کیا بلکہ اس فتنے کیخلاف عوام میں ایک زور دار تحریک چلاکر کشمیری مسلمانوں کو کفر اور ارتداد کی آندھی سے بچانے کی ہر ممکن کوشش کی اور تادم وفات اپنے منصبی فرائض اور ذمہ داریاں خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دیتے رہے۔بیان کے مطابق کورونا کے پیش نظر انجمن نصر الاسلام کے تعلیمی ادارے بند رہنے کی وجہ سے نہ تو خراج عقیدت کی کوئی تقریب منعقد کی جاسکی اور نہ ہی ا یصال ثواب کے حوالے سے کسی مجلس کا انعقاد ممکن ہو سکا۔
پھولبانی محکمہ نے 12پارکوں کو سنبھال لیا ہے
سرینگر//ایک اہم اِقدام کے تحت محکمہ فلوری کلچر ، باغات او رپارکس نے 1029 کنال اراضی پر مشتمل 12 باغات اور پارکوں کو سنبھالا ہے جن کا پہلے سی ایس آر موڈ کے تحت جموںوکشمیر بینک لمٹیڈ کی دیکھ ریکھ کی جارہی تھی۔اِن پارکوں میں ضلع سرینگر میں اِقبال پارک اور بادام واری سیاحوں کی توجہ کا ایک خاص مقام ہے۔کمشنر سیکریٹری فلوری کلچر ، گارڈنز اینڈ پارکس محکمہ شیخ فیاض احمد نے کہا کہ جموںوکشمیر میں باغات اور پارکوں کی ترقی ، بحالی اور خوبصورتی کے لئے محکمہ کی اَوّلین ترجیح ہے۔انہوں نے مزید کہا’’ محکمہ کو بہترین ہنر مند اَفرادی قوت حاصل ہے کہ وہ اَپنے دائرہ کار میں باغات اور پارکوں کو برقرار رکھنے اور ان کی خوبصورتی کے لئے بہترین ممکنہ اَنداز میں خوبصورت بنائیں‘‘۔اُنہوں نے کہا کہ جے جموںوکشمیر بینک لمٹیڈ سے حاصل کئے جانے والے 12 پارکوں میں سے 7پارکیں ضلع اننت ناگ کے مختلف مقامات پر موجو دہیں جن میں امیوزمنٹ پارک پہلگام،ہائیکر پارک پہلگام ،لِدر ویو پارک پہلگام ، گلستان وزیر باغ پارک ،رانی باغ پارک،دارا شکوہ پارک بیج بہاڑہ اور پادشاہی باغ پارک بجبہاڑہ شامل ہیں۔اِس کے علاوہ ضلع سرینگر میں اِقبال پارک او ربادام واری اورشہید پارک پلوامہ، بارہمولہ میں گلنار پارک اورراجندر چلڈرنس پارک جموں شامل ہیں۔ ان پارکوں او رباغات کی دیکھ ریکھ اَب محکمہ فلوری کلچر ، گارڈنز اینڈ پارکس کرے گا۔
سابق ممبر اسمبلی غلام رسول بہار فوت
ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا اظہارِ رنج
سرینگر//نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے سابق ممبراسمبلی غلام رسول بہار ساکن حاجن کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مرحوم کے جملہ سوگواران کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی اور بلند درجات کیلئے دعا کی۔انہوں نے کہا کہ مرحوم نے بحیثیت ایم ایل اے اپنے حلقہ انتخاب کے لوگوں کی بے لوث خدمت کی اور وہ ہر وقت لوگوں کے لئے دستیاب رہتے تھے۔ شمالی کشمیر کے زون صدرمحمد اکبر لون نے مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ موصوف نے پارٹی کی مضبوطی کیلئے بہت کا م کیا اور وہ ایک عوام دوست شخصیت کے مالک تھے۔ پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ ،جنرل سکریٹری علی محمد ساگرسمیت پارٹی کے دیگر لیڈران نے بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ دریں اثناء ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے حکیم غضنفر علی ساکن علمگری بازار زیڈی بل کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے مرحوم کے جملہ سوگوران کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔ پارٹی لیڈر تنویر صادق نے بھی حکیم غضنفر علی کے انتقال پر رنج و الم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موصوف کی موت سے ایک خلاء پیدا ہوگیا جسے پُر کرنا انتہائی مشکل ہے۔
آغا سید حسن کا اظہار تعزیت
سرینگر// انجمن شرعی شیعیان نے بابر انیس بٹ ساکن بارجی بالا ہارون کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار کنبے سے تعزیت و تسلیت کا اظہار کیا۔تنظیم کے صدرآغا سید حسن نے گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار کنبے سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور مرحوم کی جنت نشینی کی دعا کی۔
محمد سعید دیدہ مری کی فاتحہ خوانی
کثیر لوگوں نے شرکت کی
سرینگر// عوامی مجلس عمل کے زیر اہتمام تنظیم کے زونل صدرسرینگر مرحوم خواجہ محمد سعید دیدہ مری کی اجتماعی فاتحہ خوانی کی تقریب اُن کی رہائش گاہ دیدہ مری منزل نائید کدل سرینگر میں انجام دی گئی ۔اس موقعہ پر تنظیم کے مرکزی عہدیداروں، سینئر کارکنوںاور مقامی تنظیمی ذمہ داروں اور شہر سرینگر کے حلقہ صدور کے علاوہ علاقہ بھر کے لوگوں نے شرکت کی۔تعزیتی اجتماع میں مرحوم کی بے لوث خدمات کو خراج عقیدت ادا کیا گیا ۔مقررین نے مرحوم رہنما کو ایک فعال ، مخلص اورتنظیمی سپاہی قرار دیتے ہوئے یہ بات دہرائی کہ جہاں مرحوم کی تنظیم کے تئیں خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا وہیں مرحوم نے جس دیدہ دلیری کے ساتھ تنظیمی اور تحریکی پروگراموںکو شہر خاص میں آگے بڑھانے کیلئے رول ادا کیا ہے اسے نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔