راجوری قتل کیس میں 5ملزمان گرفتار
راجوری //جموں وکشمیر پولیس نے حالیہ دنوں میں راجوری میں ہوئے قتل کیس میں ملوث5ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے ۔پولیس نے بتایا کہ گائو رکشکوں کی جانب سے قتل کئے گئے نوجوان کے قتل کے سلسلہ میں پولیس نے ایک معاملہ زیر ایف آئی آر 408/2021زیر سیکشن 302/341/323/336/147اور 148آئی پی سی میں مطلوب ملزمان میں سے پانچ کو گرفتارکرلیا ہے جبکہ اس سلسلہ میں مزید تحقیقاتی عمل شروع کر دیا گیا ہے ۔جموں وکشمیر پولیس نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہاکہ تھنہ منڈی کے راجدھانی علاقہ کے اعجاز ڈار کے قتل کے سلسلہ میں جانکاری ملنے کے بعد اس سلسلہ میں ایک کیس درج کیا گیا تھا جبکہ اس سلسلہ میں کیس درج کرتے ہوئے ملزمان کی تلاش شروع کی گئی تھی جبکہ اس دوران مختلف ٹیموں نے کئی مقامات پر چھاپے مارتے ہوئے 5ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے ۔پولیس نے بتایا کہ اس سلسلہ میں 24جون کو پولیس نے 4ملزمان کو گرفتار کرلیا تھا جبکہ 24جون کو پولیس ٹیم نے ایک اور ملزمان کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کر لی ہے ۔غور طلب ہے کہ نوجوان کی موت کی وجہ سے ضلع میں لوگوں کی جانب سے کئی جگہوں پر احتجاج بھی کئے گئے تھے جبکہ ملزمان کیخلاف سخت سے سخت کارروائی کرنے کی مانگ کی جارہی ہے ۔
مشکوک حالت میں لاش باز یاب
راجوری //راجوری ضلع کی خواص تحصیل میں ایک شخص کی مشکوک حالت میں لاش بر آمد ہونے کے بعد پولیس نے اس سلسلہ قانونی کارروائی شروع کر دی ہے ۔پولیس نے بتایا کہ مذکورہ شخص کی شناخت محمد بشیر ولد گلاب دین سکنہ گندنہ گائوں کے طورپر ہوئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں مقامی لوگوں کی جانب سے ایک اطلاع فراہم کی گئی تھی جس میں کہا گیا کہ دریا کے پانی میں ایک لا ش پڑی ہوئی ہے جس کے بعد پولیس پوسٹ خواص سے پولیس کی ایک ٹیم موقعہ پر پہنچی اور لاش کو پانی سے باہر نکال کر تحویل میں لے کر اس سلسلہ میں مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں ۔
ڈی ڈی سی رکن کیساتھ بد تمیزی کا معاملہ
اسسٹنٹ ڈائریکٹر اٹیچ ،انکوائری کا حکم جاری
جاوید اقبال
مینڈھر //گزشتہ دنوں محکمہ بھیڑ پالن کے بلنوئی فارم میں تعینات اسسٹنٹ ڈائریکٹر کی جانب سے ضلع ترقیاتی کونسل رکن و مکینوں کیساتھ کی گئی مبینہ طورپر بد تمیزی کے سلسلہ میں کارروائی عمل میں لاتے ہوئے ضلع ترقیاتی کمشنر نے مذکورہ آفیسران اپنے دفتر کیساتھ اٹیچ کر کے اس سلسلہ میں انکوائری کا حکم جاری کیا ہے ۔گزشتہ دنوں اس سلسلہ میں ایک ویڈیو وائر ل ہوئی تھی جس میںاسسٹنٹ ڈائریکٹر شیپ فارم بلنوئی کی جانب سے ضلع ترقیاتی کونسل رکن منکوٹ چوہدری عمران ظفر کیساتھ بدسلوکی کو دیکھا گیا جبکہ مذکورہ ویڈیو میں کچھ مکینوں نے آفیسر کے سامنے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ مویشیوں کے چرانے میں کچھ افراد کیخلاف کارروائی کی گئی جبکہ کچھ کو کھلی چھوٹ بھی دی گئی ہے ۔اسسٹنٹ ڈرائریکٹر کے رویہ کے سلسلہ میں سوشل میڈیا اور دیگر چینلوں پر کی گئی تنقید کے بعد ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ نے ایک حکم نامہ جاری کرتے ہوئے مذکورہ آفیسر کو پونچھ ڈی سی دفتر کیساتھ اٹیچ کر تے ہوئے مزید تحقیقات کا حکم دیا ہے جبکہ اسسٹنٹ ڈسٹر کٹ ڈیولپمنٹ کمشنر پونچھ اس سلسلہ میں انکوائری آفیسر تعینات کئے گئے ہیں ۔
کرناہ میں سومو گاڑی کھائی میں گرگئی
۔5ماہ کا بچہ سمیت90سالہ شہری ہلاک ،8زخمی
اشفاق سعید
کرناہ // جبڑی گلی کرناہ میں ایک سومو گاڑی حادثہ کا شکار ہو گئی جس کے نتیجے میں5ماہ کا بچہ اور 90سالہ شہری جان بحق اور8 زخمی ہوگئے ۔سومو گاڑی زیر نمبر JK05B/8799جبڑی سے مسافروں کو لیگر ٹنگدار آرہی تھی کہ گاڑی جبڑی گلی کے قریب ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر 200فٹ نیچے کھائی میں جاگر ی جس کے نتیجے میں 5ماہ کے کمسن بچے نذاکت علی سمیت 90سالہ صدر علی ساکنان جبڑی موقع پر ہی لقمہ اجل بن گئے ۔حادثہ کی خبر سنتے ہی پولیس اور مقامی لوگوں نے بچائو کارروائی شروع کی اور زخمیوں کو سب ضلع ہسپتال منتقل کیا جہاں سے 2 زخمیوں 30سالہ شمسہ بیگم زوجہ محمد یاسین اور 40سالہ محمد یاسین ولد محمد مسکین کو صدر ہسپتال سرینگرمنتقل کیا گیا جبکہ 6زخمیوںعابدہ بی بی، 10ماہ کا بچہ افان احمد ،28سالہ امتیاز احمد، 25سالہ مریدہ بیگم ،5سالہ اعیان امتیاز اور 25سالہ رضیہ بیگم کاعلاج ومعالجہ سب ضلع ہسپتال ٹنگڈار میں چل رہا ہے ۔کرناہ حادثہ میں لقمہ اجل بنے افراد کے لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کرناہ کے سیاسی سماجی اور ادبی تنظیموں نے زخمی افراد کے بہتر علاج ومعالجہ کا حکا م سے مطالبہ کیا ہے۔ اس دوران کمسن بچہ اور90سالہ شہری کی لاش آبائی گھر وں کوپہنچائی گئی تو وہاں کہرام مچ گیا اور خواتین سینہ کوبی کرنے لگیں۔پولیس نے اس تعلق سے کیس درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہے ۔