سول سیکریٹریٹ میں متعددوفود ملاقی
سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان سے سول سیکرٹریٹ میں مختلف وفود اور افراد نے ملاقات کی اور انہیں اُن کی شکایات اور مطالبات سے آگاہ کیا ۔ امر سنگھ کلب کے ایک وفد نے مشیر سے ملاقات کی اور انہیں کلب کے مختلف امور اور دیگر مقامی امور سے آگاہ کیا ۔ انہوں نے مشیر سے درخواست کی کہ وی کلب کی خامیوں کو دور کریں ۔ انہوں نے کلب میں مختلف سہولیات کو بڑھانے کے علاوہ کلب کی سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنے کا مطالبہ کیا ۔ وفد نے مشیر کو کلب کے مقاصد اور سماجی سرگرمیوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا ۔ مشیر نے کلب کے ممبروں کو مشورہ دیا کہ وہ ایسی سر گرمیاں کریں جو معاشرے میں وسعت پیدا کرنے میں مدد فراہم کریں ۔ انہوں نے ممبروں سے کہا کہ وہ ضلعی انتظامیہ سے وابستہ ہوں تا کہ وہ ویکسی نیشن کی اہمیت اور کووڈ مناسب رویے کے بارے میں شعور پیدا کریں ۔ ماتا کھیر بھوانی جی یاترا کے کنوینئر کرن واتل کی سربراہی میں ایک وفد نے مشیر سے ملاقات کی اور لفٹینٹ گورنر اور مشیر بصیر خان کا یاترا میں سہولت فراہم کرنے میں تعاون پر شکریہ ادا کیا ۔ اسی طرح ایک اور وفد نے اپنے اپنے علاقوں میں عوامی اہمیت کے متعدد امور اٹھائے اور اس سلسلے میں مشیر سے مداخلت کا مطالبہ کیا ۔ اسی طرح متعدد افراد نے مشیر سے بھی ملاقات کی اور مختلف امور سے متعلق انفرادی معاملات اٹھائے ۔ مشیر نے تمام وفود کو غور سے سُنا اور ان کے جائیز مطالبات اور امور کو جلد از جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔ انہوں نے کہا کہ ان کے پیش کردہ امور متعلقہ محکموں کے ساتھ اٹھائے جائیں گے ۔ مشیر نے لوگوں کی مختلف شکایات کو دور کرنے کیلئے موقع پر ہی ہدایات جاری کیں ۔
کپوارہ اور گاندربل کے ڈپٹی کمشنروں کی میڈیا بریفنگ
کووڈ 19کیخلاف ٹیکہ کاری مہم میں عوام پیش پیش رہیں
کپواڑہ+بڈگام//ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ اِمام الدین اور ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل کرتیکا جیوتسنا نے اضلاع میں کووڈ 19کی صورتحال سے ذرائع ابلاغ کو آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ فعال معاملات میں کمی آرہی ہے۔ امام الدین نے ہر خدمات کو ویکسی نیشن کے ماتحت کیا جائے گا او رکووِڈ ۔19 وَبائی اَمراض کے خاتمے کے لئے ٹیکہ کاری مہم پر زور دیا گیا ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ نے کووِڈ۔19 پر قابو پانے کے اِقدامات کے بارے میں تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ ضلع کپواڑہ میں صحتیابی کی شرح میں 96فیصدہوگئی۔اُنہوں نے کہا کہ اَموات کی شرح 1.17 فیصد اور مثبت معاملات کی شرح 1.3 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ڈپٹی کمشنر نے آئیسولیشن مریضوں کے بارے میں کہا کہ ضلع میں گھریلو آئیسولیشن مریضوں کی تعداد 198 اور ہسپتال آئیسولیشن مریضوں کی تعداد 21 ہیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے مزید کہا کہ ایک مشن موڈ میں ویکسی نیشن جاری ہے اور ضلع میں اَب تک 45 برس سے زیادہ عمر کے 60فیصد آبادی کو کووِڈ حفاظتی ٹیکے لگائے جاچکے ہیں اور ضلع میں روزانہ نمونے لینے کا تعداد2,350 مقرر کیا گیا ہے۔ادھر کرتیکا جیوتسنا نے بتایا کہ ضلع گاندربل میں فعال مثبت معاملات میں بڑے پیمانے پر کمی دیکھنے میں آئی ہے اور اس وقت اس طرح کے 199 معاملات ہیں ، اس کے علاوہ مثبت شرح صرف 2.23 فیصد ہے ۔ ڈی سی نے تفصیلات دیتے ہوئے بتایا کہ گذشتہ ہفتے 9000 ٹیسٹ کئے گئے تھے اور مجموعی طور پر مثبت شرح خواندگی 2.23 فیصد پر آ گئی ہے جو ایک حوصلہ افزاء علامت ہے اور فی الحال ڈسٹرکٹ ہسپتال میں صرف 13 مثبت مریض داخل ہیں ۔ 44-18 سال کے گروپ میں ٹیکہ کاری مہم کے بارے میں ڈی سی نے کہا کہ ویکسین آسانی سے چل رہی ہے کیونکہ ویکسین ضلع کے تمام 94 ویکسی نیشن سائیٹوں پر دستیاب ہے اور 18 سے 44 سال تک کی عمر کے تقریباً 12 فیصد آبادی کو پہلی خوراک دی گئی ہے ۔ اس موقعہ پر ڈی سی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ کووڈ رہنما خطوط پر سختی سے عمل پیرا رہیں ۔
شوپیان میں گیس سلنڈر میں آگ سے شہری جھلس گیا
شاہد ٹاک
شوپیان //ضلع شوپیان میں پیر کی شام ایک شہری گیس سلینڈر میں آگ لگنے سے جھلس گیا۔ 50سالہ عبدالخالق ٹھوکرساکنہ چکورہ گیس سلنڈر میں آگ لگنے کی وجہ سے جھلس گیا اور اسے تشویشناک حالت میں نزدیکی اسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے سرینگر منتقل کیا۔مقامی لوگوں کے مطابق باورچی خانہ میں سیلنڈر موجود تھا اور اس میں آگ لگ گئی۔مقامی لوگوں اور گھر والوں کی مدد سے مذکورہ شہری کو کسی طرح کچن سے باہر نکال کر تشویشناک حالت میں ضلع اسپتال شوپیان پہنچایا جہاں ڈاکٹروں نے اسے صدر ہسپتال سرینگر منتقل کیا۔بعد میں مقامی لوگوں نے آگ پر قابو پالیا اور آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا۔
کالوچک جموں فوجی سٹیشن کے نزدیک 2ڈرونوں سے سنسنی
گولیاں چلاکر ڈرون واپس چلے گئے
سرینگر//جموں کے کالوچک فوجی سٹیشن کے نزدیک 2ڈرون نظر آئے جس کے نتیجے میں وہاں سنسنی پھیل گئی تاہم فوجی اہلکاروںنے ڈرونوں پر گولیاں چلاکر ان کو واپس جانے پر مجبور کردیا ۔جموں کے ائر بیس پر گزشتہ روز ہوئے ڈرون کے ذریعے بم دھماکہ کے ایک دن بعد جموں شہر کے مضافاتی علاقہ کالوچک میں قائم فوجی سٹیشن کے نزدیک فضا میں گردش کر رہے دو ڈرونز پر فوجی اہلکاروں نے گولیاں چلائیں جس کے بعد وہ چلے گئے۔سی این آئی کے مطابق ڈرونوں کی نقل و حمل کے نتیجے میںجموں کے سرحدی علاقوں اور اہم تنصیبات پر فورسز کو چوکنا رہنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ یاد رہے کہ یہ واقعہ جموں ائیر فورس سٹیشن پر ایک مشتبہ ڈرون کے ذریعے دو بم گرانے کے ایک دن بعد رونما ہوا ہے۔اس ضمن میں فوجی ذرائع نے بتایا کہ جموں کے کالوچک علاقے میں قائم فوجی سٹیشن کے نزدیک اتوار کی شب قریب ساڑھے گیارہ بجے دو ڈرونز کو فضا میں گردش کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ان پر گولیاں چلائیں گئیں جس کے بعد وہ کہیں چلے گئے۔
بانڈی پورہ میں منہ کھر بیماری سے متعدد بھیڑ ہلاک
بانڈی پورہ /عازم جان /ضلع بانڈی پورہ کے دور دراز بہکوں اور متعدد علاقوں میں منہ کھر کی بیماری سے کئی بھیڑ بکریاں مرگئیںجس کے سبب گڑریوں کو مالی نقصان سے دوچار ہونا پڑرہاہے۔ ضلع انتظامیہ بانڈی پورہ نے محکمہ شیپ اینڈ ہسبنڈری سے وابستہ ڈاکٹروں کی ٹیمیں گریز اور دیگر بہکوں میں روانہ کیں لیکن ابھی تک اس تیزی سے پھیلتی ہوئی بیماری کی روکتھام کرنے میں کامیابی حاصل نہیں ہوئی ہے ۔ یہ ٹیمیں انجکش اور دیگر قسم کی دوائیاں لیکر خیمہ زن ہیں۔گریز کی بہکوں کے علاوہ ترسنگم مانتری ماوی چھانہ دجی میمرگی سریندر وغیرہ کی بہکوں میںمنہ کھربیماری سے بھاری تعداد میں بھیڑ بکریاں مرگئی ہیں جبکہ متعدد علاقوں میں بھی مویشی بیمارہے۔ اس تشویشناک پھیلتی بیماری کے سبب مال مویشی پالنے والے افراد بہت فکر مند ہیں ۔ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد نے کہا کہ تمام بہکوں میں ماہر ڈاکٹروں کی ٹیمیں اورڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر روانہ کئے گئے ہیں اور وہاں انہوں نے مردہ بھیڑوں کا پوسٹ مارٹم بھی کیا ۔چنانچہ اچانک موسم بدلنے اور شدت کی سردیوں سے زیادہ تر چھوٹی عمر کے بھیڑوں کو نمونیا ہوگیا ۔ڈپٹی کمشنر نے بتایاکہ بہت ساری بہکوں میں شدت کی سردی کے کی وجہ سے دوسری جگہوں پر منتقل کئے ہیں تاکہ نمونیا سے محفوظ رہ سکے ۔انہوں نے کہا کہ پوسٹ مارٹم کرنے کے بعد معلوم ہوا ہے کہ منہ کھر mouth and foot بیماری نہیں ہے بلکہ نمونیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ضلع انتظامیہ صورتحال پر گہری نظر رکھی ہوئی ہے ۔
سکھ برادری کے جذبات کا احترام اور تحفظ ہمارا فریضہ:آغا حسن
سرینگر// انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن نے سکھ برادری سے وابستہ لڑکیوں کو جبری طور اسلام قبول کروانے کی مبینہ کارروائی کے خلاف شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دین اسلام میں اس طرح کے اقدام کی کوئی بھی گنجائش نہیں۔ایک بیان میں آغا حسن نے کہا کہ اگر کوئی مسلمان اس طرح کا اقدام کرتا ہے تو وہ بالکل غلط ہے۔انہوںنے وادی کی سکھ برادری کو کشمیری قوم کاایک ملنسار طبقہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں آباد سکھ برادری نے ہر قسم کے حالات میں مسلمانوں کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات پر آنچ آنے نہیں دی ۔آغا حسن نے کہا کہ سکھ برادری کے جذبات کا احترام اور انکے جان و مال اورعزت و آبرو کی حفاظت ہمارا فریضہ ہے ۔
بڈگام ہسپتال میں ڈائلسز سنٹر کا افتتاح
نیوز ڈیسک
سرینگر //ایڈیشنل چیف سیکریٹری ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن اتل ڈلو کی ہدایت پر ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر مشتاق احمد راتھر اور ڈپٹی کمشنر بڈگام نے مشترکہ طور پر بڈگام ضلع اسپتال میں ڈائلسز سنٹر کا افتتاح کیا ۔ افتتاح چیف میڈیکل افسر ڈاکٹر تجمل حسین اور میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ضلع اسپتال بڈگام کی موجودگی میں کیا گیا ۔ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کے ترجمان ڈاکٹر میر مشتاق نے بتایا کہ ڈائلیسزسنٹر کے علاوہ،شعبہ زچگی میں 6بستروں پر مشتمل انہتائی نگہداشت والے وارڈ او اور بچوں کیلئے انتہائی نگہداشت والے وارڈ کا بھی افتتاح کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ ان سہولیات کا قیام ایڈیشنل چیف سیکریٹری اتل ڈلو کی ہدایت پر کیا گیا ۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر مشتاق احمد راتھر نے کہا کہ ضلع اسپتال بڈگام میں شعبہ زچگی میں انہائی نگہداشت والے وارڈ کے قیام سے حاملہ خواتین کی سرینگر منتقلی میں کمی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع اسپتال میں ڈائیلیسز یونٹ کا قیام لوگوں کی پرانی مانگ تھی۔ انہوں نے مزیدکہا کہ اس سے مریضوں کو راحت نصیب ہونگی جنہیں ڈائلیسز کیلئے نجی اسپتالوں اور سرینگر جانا پڑتا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ شعبہ اطفال میں انتہائی نگہداشت والے وارڈ کو کورونا وائرس کی تیسری ممکنہ لہر کو مد نظر رکھتے ہوئے شروع کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سخت علیل مریضوں کو اب بڈگام ہسپتال میں راحت نصیب ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ دیگر ضلع اسپتالوں میں یہ سہولیات پہلے سے ہی موجود ہیں۔ ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز نے ایڈیشن چیف سیکریٹری اتل ڈلو اور ضلع انتظامیہ بڈگام کا شکریہ ادا کیا۔ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز نے لوگوں سے ویکسین لگانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ تیسری لہر کبھی بھی شروع ہوسکتی ہے ، اسلئے جان بچانے کا واحد ہتھیار ویکسین ہے۔
پلوامہ میں 3افراد نشیلی اشیاء سمیت گرفتار
سرینگر// منشیات کے خاتمے کے لئے اپنی کوششوں کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے پلوامہ میں تین افراد کو گرفتار کیا ہے اور ان کے قبضے سے برائون شوگر برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پلوامہ تھانہ کی ایک پارٹی نے ٹینگہ پونہ میں گشت کے دوران ایک گاڑی زیر نمبرJK13D-0351کی تلاشی کے دوران 53 کلوگرام پوست کا بھوسہ اور 3 گرام براؤن شوگر برآمد کیا ہے اورگاڑی میںسوار تین افراد اشفاق احمد شیخ ، نذیر احمد ڈار اور فیاض احمد ڈار ساکن ٹینگہ پونہ پلوامہ کو گرفتار کیا ہے۔اس مناسبت سے ایف آئی آر نمبر 184/21 تھانہ پلوامہ میں درج کیا گیا ۔
سروس کی مدت میں اضافہ
ڈاکٹر آہنگر کو نگوا صدر کی مبارکباد
سرینگر //سروس کی مدت میں اضافہ کیلئے نگوا صدر نے ڈائریکٹر سکمز صورہ کو مبارکباد دی ہے۔ نگوا صدر اشتیاق احمد بیگ کی قیادت میں پیر کو ایسوسی ایشن کا ایک وفد ڈائریکٹر سکمز سے ملاقی ہوا اور ان کو مدت کار میں اضافہ کیلئے مبارکباد پیش کی۔ بیگ نے ڈائریکٹر سکمز ڈاکٹر اے جی آہنگر کی مدت کار میں 6ماہ کے اضافہ کیلئے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، چیف سیکریٹری اور ایڈیشنل چیف سیکریٹری کا شکریہ ادا کیا ۔ اشتیاق بیگ نے بتایا کہ ڈائریکٹر اے جی آہنگر کو مزید وقت دینے سے نہ صرف شروع کئے گئے پروجیکٹ وقت پر مکمل ہونگے بلکہ مریضوں کو فراہم کئے جانے علاج و معالجہ میں بھی بہتری آئے گی۔
ہیومن رائٹس اینڈ اینٹی کرپشن فورم کی نئی باڈی تشکیل
سرینگر//ہیومن رائٹس اینڈ اینٹی کرپشن فورم نے جموں وکشمیر کیلئے نئے عہدیداروں کا اعلان کیا۔ایک بیان میںتنظیم کے صدر( جموں وکشمیر) انجینئر سجاد مشتاق ریشی نے جن نئے عہدیداروں کے ناموں کا اعلان کیاان میں ثاقب حسین میر انچارج بڈگام و بارہمولہ،محمد زمان انچارج شوپیاں و پلوامہ،فاروق احمد کٹھانہ انچارج بانڈی پورہ و کپوارہ،رفیق احمد قریشی انچارج سرینگر و گاندربل اوراشفاق مجید انچارج ممبر شپ و پرسنل اسسٹنٹ برائے صدر شامل ہیں۔نامزد عہدیداروں نے اس بات کا عزم کیاہے کہ وہ جموں وکشمیر میں حقوق انسانی کی بالادستی اور کرپشن کے خاتمہ کیلئے پوری تندہی سے کام کریں گے۔
نیشنل کانفرنس کا اظہارِ تعزیت
سرینگر//نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر ناصر اسلم وانی نے سرائے بالا کے تاجر جاوید احمد خان کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے جملہ سوگواران خصوصاً پارٹی کے یوتھ لیڈر اور مرحوم کے برادر خواجہ اعجاز احمد خان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔ انہوں نے مرحوم کے پسماندگان کے ساتھ ٹیلی فون پر رابطہ کرکے تعزیت کی جبکہ بلاک صدر امیرا کدل رفیق احمد الائی اور دیگر عہدیداران نے مرحوم کی فاتحہ خوانی میں شرکت کی۔