ادہم پور //مرکزی حکومت کی کارکردگیوں اور حصولیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم کے دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے آج کہا کہ مرکزی سرکار روہنگیائی مہاجرین کو واپس بھیجنے کے لئے وعدہ بند ہے ۔ ادہم پور میں مختلف چناوی ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے نیشنل کانفرنس اور کانگریس کو روہنگیائی مسئلہ کے لئے ذمہ دار قرار دیا اور کہا کہ اس کا مقصد جموں کے آبادیاتی تناسب کو تبدیل کرنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اور نیشنل کانفرنس و دیگر پارٹیاں ہر چھوٹے بڑے مسئلہ پر مرکزی سرکار کے چار سالہ دور حکومت پر نشانہ سادھنے لگتی ہیں جب کہ کانگریس 65سال سے ملک میں بر سر اقتدار تھی اور پچھلے 15سال سے روہنگیائی مہاجر جموں اور آس پاس آباد ہو رہے تھے لیکن اس وقت یہ جماعتیں خاموش رہیں۔ انہوں نے بی جے میدواروں پر زور دیا کہ وہ گھر گھر جا کر ادہم پور کے لوگوں سے سوال کریں کہ کیوں پچھلی چھ دہائیوں میں یہاں کے ایم ایل اے، ایم ایل سی اور ایم پی دیویکا کو صاف کرنے کا معاملہ نہیں اٹھا سکے اور اب اس پوتر ندی کو صاف کرنے کے لئے ایک بڑا پروجیکٹ تیار کیا گیا ہے ۔ انہوں نے ادہم پور ریڈیو سٹیشن کے قیام کا کریڈٹ لیتے ہوئے کہا کہ 1965کی جنگ کے دوران اس ریڈیو سٹیشن کی ضرورت محسوس کی گئی تھی لیکن اس کے قیام میں نصف صدی لگ گئی اور اب اس سال کے آخر تک اس کے مکمل ہونے کی توقع ہے ۔ ڈاکٹر سنگھ جو کہ مقامی ممبر پارلیمنٹ بھی ہیں، نے کہا کہ کانگریس پچھلے چار سال کے دوران جموں کے ساتھ امیتاز کا معاملہ اٹھاتی رہی ہے جب کہ اس دوران ڈوڈہ اور کٹھوعہ میں میڈیکل کالج، کٹھوعی میں انجینئرنگ کالج کھولا گیا، ادہم مٰں ریلوے سٹیشن، پتنی ٹاپ ریلے سٹیشن ، بھدرواہ ریڈیو سٹیشن کو اپ گریڈ کرنا، شاہ پور کنڈی ڈیم ،بھدرواہ میں میڈیسن پلانٹ سنٹر، پاڈر میں ڈگری کالج چھتر گلہ ٹنل، سپورٹس سٹیڈیم رام نگر، بائیو ٹیک پارک کٹھوعہ اور دیگر ایسے کئی پروجیکٹ ہیں جو صرف موجودہ حکومت کے تحت ہی ممکن ہو سکے ہیں۔