مرکزی سالانہ بجٹ ۔10دسمبر تک لوگوں کی تجاویز طلب

نیوز ڈیسک

نئی دہلی//وزارت خزانہ نے مرکزی بجٹ کیلئے عام شہریوں سے 10 دسمبر تک تجاویز طلب کی ہیں۔مرکزی وزارت خزانہ نے مالی سال 2023-24 کے مرکزی بجٹ کیلئے لوگوں سے 10 دسمبر تک اپنی تجاویز بھیجنے کیلئے کہا ہے۔وزارت خزانہ نے اپنی ویب سائٹ پر اعلان میں کہا ہے کہ جَن بھاگیداری کے جذبے کو بڑھاوا دینے کی خاطر سرکار ہرسال لوگوں سے تجاویز طلب کرتی ہے، تاکہ بجٹ تیار کرنے کے عمل کو سب کی شمولیت والا بنایا جاسکے۔اِس میں کہا گیا ہے کہ لوگوں کی تجویزیں اور خیالات شامل کرکے بھارت کو جامع ترقی کے ساتھ بڑی عالمی اقتصادی قوت بنانے میں مدد ملے گی۔واضح رہے کہ اتوار کو ملک کی سبھی ٹریڈ یونین انجمنوں کو وزیر خزانہ نے اپنی تجاویز دینے کیلئے طلب کیا تھا لیکن ہر ایک انجمن کو صرف 3منٹ کا وقت دیا گیا تھا جس کی بنا پر سبھی ٹریڈ یونین تنظیموں نے میٹنگ کا بائیکاٹ کیا تھا۔