یو این آئی
نئی دہلی//مغربی ایشیا کے بحران کی وجہ سے ایندھن کی سپلائی میں رکاوٹ اور قیمتوں میں اضافے کے درمیان اس سال مئی میں ملک میں الیکٹرک گاڑیوں (ای وی) کی ریٹیل فروخت میں زبردست اچھال دیکھنے کو ملا۔ گاڑیوں کے ڈیلرز کی اعلی تنظیم ‘فاڈا’ کی جانب سے منگل کو جاری کردہ اعداد و شمار میں تمام اقسام کی گاڑیوں میں الیکٹرک گاڑیوں کی فروخت اور حصہ داری بڑھی ہے۔اس سال مئی میں ملک میں کل 26,682 الیکٹرک مسافر گاڑیاں فروخت ہوئیں۔ یہ پچھلے سال مئی کے مقابلے 81.20 فیصد زیادہ ہے۔ ساتھ ہی ایک سال میں مارکیٹ شیئر بھی 4.5 فیصد سے بڑھ کر 6.6 فیصد پر پہنچ گیا۔
مسافر گاڑیوں میں کار، یوٹیلیٹی گاڑیاں اور وین شامل ہیں۔ اس زمرے میں 10,340 یونٹس کے ساتھ ٹاٹا موٹرز پہلے، مہندرا اینڈ مہندرا (6,210) دوسرے اور جے ایس ڈبلیو ایم جی موٹر انڈیا (4,984) تیسرے نمبر پر رہی۔ الیکٹرک ٹو وہیلر (دو پہیہ گاڑیوں) کی فروخت سالانہ بنیاد پر 62.76 فیصد بڑھ کر 1,70,733 یونٹس ہو گئی۔ کل ٹو وہیلر فروخت میں اس کا حصہ مئی 2025 کے 6.1 فیصد سے بڑھ کر 9.3 فیصد پر پہنچ گیا۔ ٹو وہیلر کے زمرے میں 42,459 الیکٹرک گاڑیوں کے ساتھ ٹی وی ایس موٹر کمپنی پہلے نمبر پر رہی۔ بجاج آٹو (39,202) کا دوسرا اور ایتھر انرجی (28,240) کا تیسرا مقام رہا۔الیکٹرک تھری وہیلر کی فروخت مئی میں سالانہ بنیاد پر 8.59 فیصد بڑھی اور 71,867 یونٹس رہی۔ ایک سال میں اس سیکٹر میں ای وی کا حصہ 61.5 فیصد سے بڑھ کر 64.4 فیصد پر پہنچ گیا۔ اس زمرے میں بجاج آٹو 11,905 یونٹس کے ساتھ مہندرا گروپ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ایک بار پھر پہلے نمبر پر پہنچ گیا۔ مہندرا گروپ 11,149 یونٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔ تیسرا مقام ٹی وی ایس موٹر کمپنی (3,590) کا رہا۔ الیکٹرک کمرشل (تجارتی) گاڑیوں کی فروخت میں سالانہ 119.4 فیصد کا زبردست اچھال دیکھا گیا اور یہ 2,400 یونٹس پر رہی۔ ایک سال میں اس زمرے میں ای وی کا مارکیٹ شیئر بھی 1.37 فیصد سے بڑھ کر 2.86 فیصد ہو گیا۔