عظمیٰ نیوز سروس
کپوارہ//ڈائریکٹر سریکلچر کشمیر اعجاز احمد بٹ نے منگل کوضلع کپوارہ کے سرحدی گائوں الاچھی زب کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے گائوں کی ترقیاتی صورتحال کا جائزہ لیا اور وائبرنٹ ولیج پروگرام (VVP)کے تحت جاری مختلف ترقیاتی اقدامات کی پیش رفت کا معائنہ کیا۔گائوں پہنچنے پر ڈائریکٹر نے پنچایت گھر الاچھی زب میں متعلقہ افسران کی ایک میٹنگ طلب کی، جس کے دوران گائوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور مجموعی ترقیاتی ایجنڈے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اعجاز احمد بٹ نے ترقیاتی کاموں کو بروقت مکمل کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے مختلف محکموں کے درمیان مثر رابطہ اور ہم آہنگی کو گائوں کی ہمہ جہت ترقی کیلئے ناگزیر قرار دیا۔اجلاس میں چیف پلاننگ آفیسر، اسسٹنٹ کمشنر ڈیولپمنٹ، محکمہ آر اینڈ بی، پی ایچ ای کے ایگزیکٹو انجینئرز اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔بعد ازاں ڈائریکٹر نے گائوں میں ایک عوامی رابطہ پروگرام کی صدارت کی، جس میں مقامی باشندوں اور معمر شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر لوگوں نے مختلف ترقیاتی مسائل اور مطالبات پیش کیے، جن میں مقامی اسکول اور ہیلتھ سینٹر کی اپ گریڈیشن، پینے کے پانی کی فراہمی میں بہتری، سڑکوں کی میکڈامائزیشن اور روزمرہ عوامی مسائل شامل تھے۔ڈائریکٹر نے عوامی شکایات اور مطالبات کو غور سے سنا اور یقین دلایا کہ تمام جائز مسائل کو متعلقہ محکموں کے ذریعے مقررہ مدت میں حل کیا جائے گا۔