عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//کشمیر یونیورسٹی کے سینٹر فار ویمنز اسٹڈیز اینڈ ریسرچ (CWSR) نے فورم فار اویئرنیس آف نیشنل سیکیورٹی (FANS) کے اشتراک سے یونیورسٹی کے مرکزی کیمپس میں خواتین کاروباری شخصیات کی تین روزہ میگا نمائش کا انعقاد کیا، جس میں وادی کشمیر کے مختلف علاقوں سے تقریباً 100خواتین کاروباری افراد نے شرکت کی۔یہ نمائش شعب مینجمنٹ اسٹڈیز کے سبزہ زاروں میں منعقد کی جا رہی ہے، جس کا مقصد خواتین میں کاروباری صلاحیتوں، اختراع اور معاشی خودمختاری کو فروغ دینا اور انہیں اپنی مصنوعات اور کاروباری سرگرمیوں کی نمائش کے لیے ایک مثر پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔نمائش میں دستکاری، ہینڈلوم مصنوعات، نامیاتی اشیا، غذائی مصنوعات، فیشن لوازمات اور جدید اسٹارٹ اپ منصوبوں کے متعدد اسٹالز سجائے گئے ہیں۔
نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے کشمیر یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر نیلوفر خان نے کہا کہ کاروبار خواتین کو بااختیار بنانے اور معاشی خودمختاری حاصل کرنے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر یونیورسٹی خواتین میں اختراع، کاروباری رجحان اور اسٹارٹ اپ کلچر کے فروغ کے لیے پرعزم ہے اور اس مقصد کے لیے رہنمائی، انکیوبیشن سہولیات، ہنر مندی کی تربیت اور نیٹ ورکنگ کے مواقع فراہم کرتی رہے گی تاکہ خواتین اپنے خیالات کو کامیاب کاروباری منصوبوں میں تبدیل کر سکیں۔پروفیسر نیلوفر خان نے خواتین کی کاروباری سرگرمیوں کے سماجی و معاشی ترقی میں کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو کاروبار کے ذریعے مضبوط بنانا خاندانوں اور معاشروں کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔انہوں نے نمائش کے مختلف اسٹالز کا دورہ کیا اور خواتین کاروباری افراد کی تخلیقی صلاحیتوں، عزم اور کاروباری جذبے کو سراہا۔اس موقع پر رجسٹرار کشمیر یونیورسٹی پروفیسر نصیر اقبال، ڈین کالج ڈیولپمنٹ کونسل پروفیسر انیسہ شفیع، ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف ہوم سائنس پروفیسر حمیرہ عظیم، ڈائریکٹر ای ایم آر سی پروفیسر سلیمہ جان، وائس چانسلر کے خصوصی سیکریٹری ڈاکٹر اشفاق زری، فینز کی چیئرپرسن محترمہ صبا بھٹ سمیت یونیورسٹی کے متعدد اساتذہ اور افسران بھی موجود تھے۔ انہوں نے بھی مختلف اسٹالز کا معائنہ کیا اور کاروباری خواتین سے تبادلہ خیال کیا۔سی ڈبلیو ایس آر کی کوآرڈینیٹر ڈاکٹر روشن آرا نے کہا کہ یہ نمائش خواتین کاروباری افراد کو اپنی صلاحیتوں، مصنوعات اور کاروباری خیالات پیش کرنے کے ساتھ ساتھ ممکنہ صارفین، سرمایہ کاروں اور شراکت داروں سے رابطے کا بہترین موقع فراہم کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ سی ڈبلیو ایس آر خواتین کی معاشی شمولیت اور قیادت کے فروغ کے لیے مسلسل کام کر رہا ہے اور اس نوعیت کی سرگرمیاں خواتین میں اعتماد، خود انحصاری اور پائیدار روزگار کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔افتتاحی روز اساتذہ، محققین، طلبہ، خواتین کاروباری افراد، مختلف تنظیموں کے نمائندوں اور معاشرے کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ کشمیر یونیورسٹی کی متعدد سابق طالبات بھی اس نمائش میں شریک ہیں اور اپنے کاروباری منصوبوں اور کامیابی کی داستانوں کو پیش کر رہی ہیں۔توقع کی جا رہی ہے کہ یہ نمائش خواتین کی نئی نسل کو کاروبار کی جانب راغب کرے گی اور خطے میں اختراع، خود انحصاری اور جامع سماجی و معاشی ترقی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی۔