تھنہ منڈی //راجوری ۔ تھنہ منڈی سڑک کے خستہ حالی پر تھنہ منڈی کی عوام سخت نالاں ہے اوراس نے محکمہ گریف نے عدم توجہی کاالزام عائد کیاہے ۔یہ سڑک جو ایک تاریخی سڑک ہونے کے ساتھ ساتھ مغل روڈ کا حصہ بھی ہے،سے چھ کلو میٹر دوری پر معروف بزرگ حضرت با با غلام شاہ بادشاہ ؒ کی آخری آرام گاہ واقع ہے۔ اس معروف زیارت پر ہر روز سینکڑوں کی تعداد میں زائریں اندرون و بیرون ریاست سے حاضری دینے آتے ہیںلیکن یہ زائرین اس خستہ حال سڑک پر سفر کر کے کافی ما یوس دکھائی دیتے ہیں۔ اسی سڑک سے ایک رابطہ سڑک گھمبیر مغلاں کوجاتی ہے اور ایک رابطہ سڑک براستہ منگوٹہ درہال کو تھنہ منڈی کے ساتھ جوڑتی ہے۔ راجوری۔تھنہ منڈی سڑک پر ہزاروں نجی و مسافر گاڑیاں وادی کشمیر سے براستہ مغل روڈ جموں کی طرف روانہ ہوتی ہیں لیکن اتنی مصروف سڑک ہونے کے باوجود یہ گریف کی طرف سے عدم توجہی کاشکار بنی ہوئی ہے اوراس پر جگہ جگہ کھڈے بنے ہوئے ہیں ۔ مغل روڈ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے قائم مقام چیئر مین عبدالرشید شال نے کہا کہ محکمہ گریف اس تاریخی سڑک کی تعمیر میں عدم دلچسپی کا مظاہرہ کر رہاہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری نے محکمہ گریف کی نکیل کس کرراجوری – تھنہ منڈی سڑک کی حالت سدھارنے کی کوشش کی تھی لیکن محکمہ نے کام راجوری شہر کے قرب و جوار میں سڑکوں کو پختہ کر نے تک محدود رکھا ہواہے۔ موصوف نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری سے اپیل کی کہ اس تاریخی سڑک کی مرمت اور کشادگی کی جائے ۔