منجاکوٹ //منجاکوٹ پتراڑہ میں محکمہ سیاحت کی طرف سے لاکھوں روپے خرچ کرکے ایک عمارت تعمیر کی گئی تھی جس کی حالت آج یہ ہے کہ اس کی دیکھ ریکھ کرنے والاکوئی نہیں اور اس کے احاطے میں گھوڑے بندھے ہوئے ہیں ۔محکمہ نے اس عمار ت کو تعمیر کرنے کے بعد ویران چھوڑ دیاہے اور کسی بھی ملازم کو اس کی دیکھ ریکھ کیلئے تعینات نہیں کیاگیا جس سے فائدہ اٹھاکر کچھ لوگ اس کے احاطے کے اندر گھوڑے باندھتے ہیں ۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ وہ کئی برسوںسے اس عمار ت کو ویران دیکھ رہے ہیں جس کو کسی اور مقصد کیلئے تعمیر کیاگیاتھا۔ انہوںنے کہاکہ یہ عمارت گھوڑوںاور دیگر جانوروں کی آماجگاہ بن چکی ہے اور اس سے نہ ہی مقامی آبادی کو فائدہ ہورہاہے اور نہ ہی محکمہ سیاحت کو۔ محمد طفیل اورمحمد جاوید کاکہناہے کہ یہ عمارت برائے نام بن کر رہ گئی ہے اور اس سے کسی کوکوئی فائدہ نہیں پہنچا۔انہوںنے کہاکہ اس کو بیروزگار نوجوانوں کو دے کر انہیں فائدہ دیاجاسکتاتھاتاہم نہیں معلوم محکمہ سیاحت نے کیوں ایسا نہیں کیا اور عمارت ویران پڑی ہوئی ہے ۔انہوںنے کہاکہ سرکاری خزانے کو تباہ کیاجارہاہے اور لاکھوں روپے کے تصرف سے تعمیر ہونے والی یہ عمارت تباہ ہورہی ہے ۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ عمارت کی سفیدی اتر رہی ہے اور اب اس کے اندر کی حالت بھی خراب بنی ہوئی ہے ۔رابطہ کرنے پر محکمہ سیاحت کے ضلعی افسر نے بتایاکہ 2010میں کیفٹیریا مقصد سے اس عمارت کو تعمیر کیاگیاتھا جس پر 36لاکھ روپے خرچ ہوئے ۔انہوںنے کہاکہ اس عمارت کا مقصد بیروزگاروںکو روزگار دلاناتھا لیکن دو تین ٹینڈر بھی کئے گئے تاہم بدقسمتی سے کسی نے اس میں دلچسپی نہیں دکھائی ۔البتہ انہوںنے کہاکہ اب پھر سے ٹینڈر کئے جائیںگے اور اس عمارت کی دیکھ ریکھ بھی کی جائے گی ۔ انہوںنے کہاکہ اگر کسی نے عمارت کو نقصان پہنچایاہوگاتو اس کے خلاف کارروائی ہوگی ۔