ڈوڈہ //محکمہ جل شکتی میں کام کر رہے ڈیلی ویجر ورکرز نے اپنے مطالبات کو لے کر احتجاج کرتے ہوئے حکومت کی عدم توجہی پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کئی دہائیوں سے وہ اپنی خدمات قلیل سی رقم پر انجام دے رہے ہیں اور سرکار ان کی طرف توجہ نہیں دیتی ہے۔ اس دوران اراضی مالکان نے بھی احتجاج میں شریک ہوکر کہا کہ حکام نے ان کے ساتھ کئے گئے وعدوں کو پورا نہیں کیا۔ تفصیلات کے مطابق جل شکتی محکمہ کے ڈیلی ویجر ملازمین نے ہفتہ کے روز اسپیشل سب ڈویژن گندوہ کے دفتر کے باہر احتجاج کرتے ہوئے حکومت سے انہیں مستقل بنانے، ماہانہ تنخواہ بڑھانے و زمینداروں کو معاوضہ ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔مظاہرین نے کہا کہ مہنگائی کے اس دور میں ان کا جینا محال بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ حکومتوں کی طرح موجودہ سرکار بھی نظر انداز کررہی ہے۔ مقررین نے ایل جی انتظامیہ سے ان کے مطالبات کو پورا کرنے کی مانگ کرتے ہوئے سخت احتجاج شروع کرنے کا عندیہ دیا۔ اس دوران انہوں نے اپنی مانگوں کو لے کر نعرے بازی بھی کی۔ اس موقع پر یوگراج، عبدالطیف یونین صدر نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔