جموں//وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کل کلسٹر یونیورسٹی جموں میں بنیادی ڈھانچے کی مختلف سہولیات کا افتتاح کیا۔وزیر اعلیٰ جو یونیورسٹی کی چانسلر بھی ہیں ،نے سکول آف سائنسز کی دو عمارتوں ، سوشل سائنسز سکول کی عمارتوں ، سکول آف ٹیچر ایجوکیشن ، سکول آف ہیومنٹیز و لیبرل آرٹس اور سکول آف انجینئر نگ کا افتتاح کیا۔انہوں نے کہا کہ اس بنیادی ڈھانچے سے یونیورسٹی میں تدریسی سرگرمیوں کو دوام حاصل ہوگا۔یونیورسٹی وجود میں آنے کے بعد وہاں معمول کی تدریسی سرگرمیوں کے علاوہ 8 مربوط آنرس کورسز چلائے جارہے ہیں اور اس سال چار مزید کورس متعارف کئے جارہے ہیں اور ان میں دو کورس ایسے ہیں جو ابھی تک ریاست کی کسی بھی یونیورسٹی میںنہیں پڑھائے جارہے ہیں۔اس سے قبل کلسٹر یونیورسٹی آف جموں کی وائس چانسلر پروفیسر انجو بھسین نے کہا کہ یونیورسٹی میں معیاری نصاب پڑھایا جارہا ہے جو ملک کی معروف یونیورسٹیوں کے متراد ف ہے جن میں دلی یونیورسٹی ، علی گڈھ مسلم یونیورسٹی اور بنارس ہندو یونیورسٹی شامل ہیں۔وزیر تعلیم سید محمدالطاف بخاری جو یونیورسٹی کے پرو چانسلر بھی ہیں ، تعلیم کی وزیر مملکت پریا سیٹھی ، پرنسپل سیکرٹری اعلیٰ تعلیم ڈاکٹر اصغر سامون ، ڈویژنل کمشنر جموں ہمنت شرما، وی سی جموں یونیورسٹی پروفیسر آر ڈی شرما ، وی سی سینٹرل یونیورسٹی آف جموں پروفیسر اشوک ایمہ کے علاوہ تعلیم دانوں، دانشور وں ، سکالروں اور طلاب کی ایک اچھی خاصی تعداد بھی اس موقعہ پر موجودتھی۔واضح رہے کہ ریاستی حکومت نے 2016 میں دو کلسٹر یونیورسٹیاں قائم کیں جن میں ایک سرینگر جبکہ ایک جموں میں قائم کی گئی تاکہ ریاست میں اعلیٰ تعلیمی منظر نامے کو تقویت دی جاسکے۔