جموں// انجینئروں کو کالا کوٹ حلقے میں ماہِ رمضان کے دوران پینے کے پانی کی وافر دستیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے بھیڑ و پشو پالن کے وزیر عبدالغنی کوہلی نے کہا کہ حکومت لوگوں کو ان کی دہلیز پر بنیادی سہولیات مہیا کرانے کی وعدہ بند ہے۔یہ بات وزیر موصوف نے آج یہاں محکمہ صحت عامہ ، آبپاشی اور فلڈ کنٹرول کے علاوہ دیگر متعلقہ محکموں کی میٹنگ کے دوران کہی جو کالا کوٹ حلقے میں سال 2017-18ءکی مالی اور طبعی حصولیابیوں اور سال 2018-19ءکے منصوبوں کا جائزہ لینے کے لئے طلب کی گئی تھی۔کوہلی نے کالاکوٹ میں عملائی جارہی مختلف واٹر سپلائی سکیموں کے تعمیری کام کا جائزہ لیا۔انہوںنے کہا کہ لوگوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ۔حلقے میں کچھ واٹر سپلائی سکیموں کے کام کی سست رفتاری پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے وزیر نے ان کے کام میں سرعت لانے کی ہدایت دی۔عبدالغنی کوہلی نے صحت عامہ محکمہ کو سال 2017-18 ءکے دوران تکمیل نہ پہنچے ہوئے کاموں کو مکمل کرنے کی ہدایت دی۔وزیر نے محکمہ کے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ ان کاموں کی تکمیل کے لئے افرادی قوت اور مشینری کو متحرک کریں ۔انہوں نے خراب پڑی پانی کی پائیپوں کی مرمت کی بھی ہدایت دی۔