راجوری//راجوری پولیس نے بے رحمی سے ماں بیٹی کی پٹائی کرنے والے شخص کی گرفتاری عمل میں لائی ہے۔واضح رہے کہ ماں بیٹی کی بے رحمی سے پٹائی کئے جانے کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس پر پولیس نے چار افراد کے خلاف کیس درج کیا۔پولیس نے اس واقعہ کے اہم ملزم پون کمارعرف پماولد دوارکاناتھ ساکن ٹنڈوال کرشر موڑ راجوری کو گرفتار کرلیاہے جس کے خلاف پہلے سے ہی پولیس تھانہ راجوری میں کیس درج ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق تیرہ جون کو ملزم نے دیگر کچھ افراد کے ساتھ اپنے پڑوس میں رہ رہی ماں بیٹی کی کسی بات پر بے رحمی سے پٹائی کی جس کے بعد سے ملزم فرار ہوگیا اور دو روز بعد اس واقعہ کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔دریں اثناپولیس نے گزشتہ روز ایک خصوصی اطلاع ملنے پر ملزم کو کٹھوعہ کے مہین علاقے سے چھپے ہوئے گرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق ایس ایس پی راجوری یوگل منہاس کی ہدایت اور کٹھوعہ پولیس کے تعاون سے ہیڈ کانسٹبل نفیس الحسن کی قیادت والی ایک ٹیم نے سب انسپکٹر دانش مقبول کی نگرانی میں کارروائی کرتے ہوئے اس وقت ملزم کو گرفتارکرلیاجب وہ ریاست سے بھاگنے کی کوشش میں تھا۔پولیس کے ایک سینئر افسر نے بتایاکہ ملزم کو کٹھوعہ سے راجوری لایاگیااور قانونی لوازمات پورا کرنے کے بعد اسے پولیس ریمانڈ پر بھیج دیاگیاہے۔پولیس کی طرف سے دیگر ملزمان کی گرفتاری کی کوششیں بھی کی جارہی ہیں۔واضح رہے کہ دوکنبوں کے درمیان کسی بات پر بحث ہوجانے پر تیرہ جون کو ٹنڈوال علاقے میں کچھ لوگوں نے ماں بیٹی کی پٹائی کی جس دوران وہاں سے گزر رہے کچھ لوگوں نے مداخلت کی اور معاملہ پولیس کے نوٹس میں لایاگیاجس پر سب انسپکٹر دانش مقبول اور ایس ایچ او راجوری طاہر خان کی قیادت میں ایک ٹیم موقعہ پر پہنچی اوراس نے دونوں زخمیوں کو اٹھاکر ضلع ہسپتال راجوری منتقل کیاجبکہ حملہ آور موقعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔اس سلسلے میں پولیس تھانہ راجوری میں ایف آئی آر زیر نمبر307/2018زیر دفعات 452/354/325/323کا کیس درج کیاگیا ۔اس واقعہ کی ایک ویڈیو سماجی روابط کی سائٹ پر وائرل ہوجانے کے بعد ایک مخصوص طبقہ کے لوگوں کی طرف سے احتجاج کیاگیا تھا۔