جموں//گورنر کے مشیر کے ۔ وِجے کمار نے محکمہ جنگلات اور اس سے منسلک شاخوں کے مجموعی کام کاج میں بہتری لانے کے لئے مانسر میں اِن محکموں کے اعلیٰ افسروں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔اِس میٹنگ میں کمشنر سیکرٹری جنگلات منوج کمار دویدی ، ڈائریکٹر سوئیل اینڈ واٹر کنزرویشن پی کے سنگھ ، ڈائریکٹر ماحولیات بی سدھارتا کمار اور متعلقہ محکموں کے کئی دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔مشیر موصوف نے افسروں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اس تبادلہ خیال کا بنیاد ی مقصد یہ ہے کہ زمینی سطح پر محکمہ کے کام کاج کے بارے میں جانکاری حاصل کی جاسکے اور ہر ایک منصوبے کو مؤثر طریقے پر عملایا جاسکے۔اس موقعہ پر افسروں کی طرف سے محکمہ کے کام کاج میں بہتری لانے کے تعلق سے کئی معاملات اُجاگر کئے گئے ۔ کے ۔ وِجے کمار نے ریاست میں ایکو سیاحتی سرگرمیوں کو بڑھاوا دینے کے لئے دیگر ریاستوں کی طرف سے اختیار کئے گئے ماڈلوں کو متعارف کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔میٹنگ میں مانسر جھیل کوتحفظ دینے کے تمام پہلوئوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔مشیر موصوف نے وائیلڈ لائف محکمہ کو ہدایت دی کہ وہ مانسر جھیل میں پائے جانے والے کچھوئوں سے متعلق اعداد و شمار جمع کرائیں تاکہ ان کے لئے تحفظاتی اقدامات عملائے جاسکیں۔انہوں نے جھیل کے پانی کے معیار میں بہتری لانے پر بھی زور دیا ۔انہوں نے پولیوشن کنٹرول بورڈ کے افسروں سے کہا کہ وہ اس ضمن میں لازمی اقدامات اٹھائیں۔