نینی تال// اتراکھنڈ کی الموڑہ پولیس نے کورونا وبا کے سبب ماسک نہ پہننے اور سوشل ڈسٹینسنگ پر عمل نہ کرنے کے معاملے میں 102افراد کے خلاف کاروائی کی ہے ۔ اس کے علاوہ ٹرانسپورٹ ضابطوں کی خلاف ورزی کے معاملے میں بھی پولیس نے 84افراد کے خلاف کاروائی کرکے کل 54950 روپیے کا جرمانہ وصول کیا ہے ۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق الموڑہ کے سینیئر پولیس افسر کی ہدایت پر ضلع میں ماسک نہ پہننے اور سماجی دوری پر عمل درآمد نہ کرنے والوں کے خلاف سرگرم مہم چلائی جا رہی ہے ۔ اسی سلسلے میں پولیس نے اتوار کو ماسک نہ پہننے کے معاملے میں 67 افراد اور سماجی دوری پر عمل نہ کرنے کے الزام میں 32افراد کے خلاف کاروائی کی ہے ۔ اتنا ہی نہیں عوامی مقامات پر تھوکنے کے معاملے میں پولیس نے تین افراد پر جرمانہ عائد کیا ہے ۔ پولیس کی جانب سے ان سے کل 10200 روپیے کا جرمانہ وصول کیا ہے ۔ علاوہ ازیں پولیس نے ٹرانسپورٹ کے ضابطوں کو نظر انداز کرنے کے معاملے میں بھی ضلع میں کاروائی کرتے ہوئے 84ڈرائیوروں کے خلاف سخت کاروائی کرتے ہوئے 38000روپیے وصول کیا ہے ۔ کوتوالی الموڑہ اور چیکُھٹیا تھانہ حلقے کے تحت دو گاڑیوں کو ضبط کیا گیا۔ پولیس نے ضلع کے عوامی مقامات پر ہُڑدنگ مچانے والوں کو بھی نہیں بخشا اور ان کے خلاف اتراکھنڈ پولیس ایکٹ کی دفعہ 81کے تحت کاروائی کی ہے ۔ یو این آئی