یواین آئی
بیونس آئرس/ارجنٹینا کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی زیمبیا کے خلاف میچ کے دوران جذباتی ہو کر آبدیدہ ہو گئے ۔ گزشتہ روز ارجنٹینا میں کھیلے گئے میچ میں میزبان ٹیم نے زیمبیا کو 0-5 سے شکست دی، تاہم اس بار لیونل میسی اپنی کارکردگی کے بجائے اپنے جذبات کی وجہ سے توجہ کا مرکز بنے رہے ۔
میچ کے دوران لیونل میسی نے اپنے جذبات پر قابو رکھنے کی کوشش کی، مگر وہ خود کو روک نہ سکے اور آبدیدہ ہو گئے ۔بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ ہوم گراؤنڈ پر لیونل میسی کے کیریئر کا ممکنہ طور پر آخری میچ تھا، جس کی وجہ سے ماحول انتہائی جذباتی ہو گیا تھا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ میچ سے قبل اسٹیڈیم میں موجود شائقین نے کھڑے ہو کر اپنے کپتان کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا، جس پر لیونل میسی جذباتی ہو گئے۔ واضح رہے کہ لیونل میسی سے توقع کی جا رہی ہے کہ وہ فیفا ورلڈ کپ 2026 میں بھی ارجنٹینا کی قیادت کریں گے ۔