عظمیٰ نیوز سروس
ڈوڈہ// ضلع ترقیاتی کمشنرڈوڈہ اور میرا یووا بھارت ضلعی مشاورتی کمیٹی کے چیئرمین کرشن لال نے ڈی سی آفس کمپلیکس ڈوڈہ کے کانفرنس ہال میں ضلعی مشاورتی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے میرا یووا بھارت پروگرام کے نفاذ اور پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اجلاس میں نوجوانوں کی زیادہ سے زیادہ رجسٹریشن اور انہیں مختلف ترقیاتی سرگرمیوں سے جوڑنے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس کے دوران ضلع یوتھ آفیسر، میرا یووا بھارت، ڈوڈہ نے پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعے پروگرام کے مقاصد، رجسٹریشن کے طریقہ کار، مختلف سرگرمیوں اور اب تک حاصل ہونے والی پیش رفت سے متعلق تفصیلی معلومات پیش کیں۔ انہوں نے بتایا کہ یہ پروگرام نوجوانوں کو رضاکارانہ خدمات، ہنر مندی کی ترقی، سماجی بیداری مہمات اور قومی تعمیر کے مختلف شعبوں میں فعال کردار ادا کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈی ڈی سی کرشن لال نے کہا کہ نوجوان کسی بھی معاشرے کا سب سے قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں، اس لیے ان کی صلاحیتوں اور توانائی کو مثبت سمت میں بروئے کار لانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کے درمیان بہتر باہمی ہم آہنگی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو ترقیاتی منصوبوں، رضاکارانہ سرگرمیوں اور سماجی خدمت کے پروگراموں میں بھرپور شرکت کے مواقع فراہم کیے جائیں۔اجلاس میں میرا یووا بھارت پورٹل پر نوجوانوں کی رجسٹریشن میں اضافہ، اسکولوں، کالجوں، آئی ٹی آئیز اور دیہی علاقوں میں آگاہی مہم کو مزید مؤثر بنانے اور سرکاری پروگراموں میں نوجوانوں کی فعال شرکت کو یقینی بنانے کے لیے مختلف تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔ڈی ڈی سی نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ وہ میرا یووا بھارت پروگرام کے تحت دستیاب مواقع سے متعلق بیداری پروگرام منعقد کریں اور ان کی وسیع پیمانے پر تشہیر کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے ضلع یوتھ آفیسر کو محکمہ اسکولی تعلیم، سرکاری ڈگری کالجوں، آئی ٹی آئیز اور دیگر تعلیمی اداروں کے ساتھ قریبی رابطہ قائم کرکے زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو پروگرام سے جوڑنے کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کی بھی ہدایت دی۔