جموں//ضلع ترقیاتی کونسل ممبران نے جمعہ کو اپنااحتجاج ،لیفٹینٹ گورنر کی طرف سے دی گئی اس یقین دہانی کہ ’حفظ مراتب‘کے مسودے کوان کے ساتھ مشورے کے بعد سرنوترتیب دیا جائے گا،ختم کیا۔جموں میں راج بھون میں ضلع ترقیاتی کونسل ممبران کے 12رکنی وفد جس میں جموں کے چھ اور کشمیرکے چھ ممبران شامل تھے،سے لیفٹینٹ گورنر منوج سنہا نے ملاقات کی تاکہ ضلع ترقیاتی کونسل ممبران کے احتجاج کو ختم کیا جائے۔ ضلع ترقیاتی کونسل چیئرمین جموں بھارت بھوشن نے کشمیرعظمیٰ کو بتایا کہ ایک گھنٹے تک جاری اس ملاقات میں انہوں نے لیفٹینٹ گورنر کے ساتھ ثمرآور تبادلہ خیال کیا۔بھوشن نے کہا کہ لیفٹینٹ گورنر نے ان کے مطالبات کوغور سے سُناجس کے بعدانہوں نے حکام کو ’حفظ مراتب‘کے مسودے کو سرنو تشکیل دینے کی ہدایت دی۔ضلع ترقیاتی کونسل چیئرمینوں کو میئر (وزیرمملکت) کارتبہ دینے کایقین دلایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلع ترقیاتی کونسل نائب چیئرمینوں اور ممبران کے مرتبوں کو بھی بڑھایا جائے گا۔انہوں نے لیفٹینٹ گورنر کے ساتھ ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے مزیدکہا ،’’ہم آپ کو بااختیار بنائیں گے ،آپ کو رقومات دیں گے اور آپ کو محکمے بھی دیں گے ‘‘۔بھوشن نے کہا ،’’ضلع ترقیاتی کونسل چیئرمینوں اور ان کے نائبین کو اچھی رہائش ملے گی اور آراستہ وپیراستہ دفتر بھی مہیا کیاجائے گاجہاں میٹنگیں منعقد کی جاسکیں گی۔اس کے علاوہ ضلع ترقیاتی کونسلوں کو ضلع ترقیاتی کونسل اور پلاننگ بورڈوں کا حصہ بنایا جائے گا‘‘۔انہوں نے کانسٹیچیونسی ڈیولپمنٹ فنڈ کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ہماچل پردیش ،پانڈی چری اوردیگر ریاستوں میں یہ ایک کروڑ سے دوکروڑ روپے تک ہوتا ہے ۔ہمیں یقین دلایا گیا کہ ضلع ترقیاتی کونسلوں کیلئے کانسٹی چیونسی ڈیولپمنٹ فنڈ مقرر کیا جائے گا۔اگر چہ ہم نے اعزازیہ کی بات نہیں کی لیکن انہوں نے کہا کہ یہ باتمیز ہوگا۔اس دوران سچیت گڑھ کے آزادضلع ترقیاتی کونسل ممبرترن جیت سنگھ نے کہا کہ مسودے کو ہمارے مشورے سے سرنوترتیب دیاجائے گا۔ہم نے لیفٹینٹ گورنر کو ایک یاداشت بھی پیش کی۔انہوں نے کہا کہ ملاقات کے مثبت نتیجہ کے بعد ہم نے اپنااحتجاج ختم کیااورتمام ضلع ترقیاتی کونسل چیئرپرسنوں اور ان کے نائبین اور ممبران کو اپنے متعلقہ اضلاع کو روانہ ہونے کی اپیل کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ وہ ابھی جموں میں ٹھہرے تھے اور ملاقات کے نتیجہ کے انتظار میں تھے۔اس لئے ان سے درخواست کی گئی کہ وہ اپنے اضلا ع کو روانہ ہوجائیں۔میٹنگ میں چیف سیکریٹری بی وی آر سبھرامنیم ،پرنسپل سیکریٹری روہت کنسل،سیکریٹری دیہی ترقی وپنچایتی راج شیتل نندااور دیگر موجودتھے۔