راجوری//لڑکیوں کی لائبریری کے بعد ضلع انتظامیہ راجوری نے لائبریر ی و کونسلنگ سنٹر کا قیام عمل میںلاکر اسے لڑکوں کے نام وقف کیاہے جہاں وہ مسابقتی امتحانات کی تیاری کرسکیںگے۔اس لائبریری و کونسلنگ سنٹر کا افتتاح ڈپٹی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری نے سی ای او آر ڈی اے ڈاکٹر طاہر فردوس، ڈی پی او ڈاکٹر عبدالخبیر ،ڈپٹی رجسٹرار کوآپریٹوز وقار طالب، ای او میونسپل کمیٹی ایم اے لون اور دیگر افسران، معززین ،ماہرین تعلیم و طلباء کی موجو دگی میں کیا ۔لائبریری کا قیام بہت ہی کم مدت میں عمل میں لایاگیاہے۔اس لائبریری میں مسابقتی امتحانات نیٹ، این ڈی اے،سی ڈی ایس ، سیول سروسز ،مینجمنٹ ،ایپٹی چیوڈٹیسٹ او ر پبلک سروس کمیشن و یونین پبلک سروس کمیشن کے ماتحت ہونے والے دیگرامتحانات کیلئے دستیاب رکھی گئی ہیں ۔اس حوالے سے آن لائن کتابو ں تک رسائی کیلئے آئی ٹی سیل بھی قائم کیاگیاہے جو ڈیجیٹل ذرائع سے مدد دے گاجبکہ تمام کمروں کو ایئر کنڈیشن بنایاگیاہے۔اس موقعہ پر ڈپٹی کمشنر نے ڈاکٹر عبدالخبیر اور وقار طالب کی کوششوں کی سراہنا کرتے ہوئے کہاکہ انہوںنے ریکارڈ مدت میں جدید سہولیات سے آراستہ معیاری لائبریری قائم کرنے میں اہم رول اد اکیاہے۔انہوںنے دیگر لوگوں کی بھی ستائش کی۔لائبریری کے افتتاح کے بعد طلباء کے ساتھ تبادلہ خیال کا ایک سیشن بھی منعقد ہوا جس دوران طلباء کو ان کے اندراج کے طریقہ کار،لوازمات ،دستیاب سہولیات اور امتحانات کی تیاری کے بارے میں جانکاری فراہم کی گئی۔انتظامیہ کی طرف سے آئی اے ایس/کے اے ایس افسران و ماہرین تعلیم پر مشتمل ایک پینل تشکیل دیاگیاہے جو طلباء کی امتحانات کی تیاری میں رہنمائی کریںگے۔ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ ضلع انتظامیہ کی طرف سے کتب بینی اور لائبریری میں جاکر پڑھائی کرنے کیلئے کئی پہل کی گئی ہیں۔انہوں نے کہاکہ امسال جنوری میں بیس ہزار کتابوں کی دستیابی کے ساتھ لڑکیوں کیلئے لائبریری،آئی ٹی سنٹر و کونسلنگ سنٹر اور کلاس روم و ریڈنگ روم کا قیام عمل میں لایاگیاجبکہ پریس کلب بھی قائم کیاگیا۔ انہوں نے کہاکہ اسی طرح کی لائبریریوں کا قیام نوشہرہ ، درہال، سندر بنی ،کوٹرنکہ وکالاکوٹ میں بھی اس سال کے آخر تک عمل میں لایاجائے گا۔