عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//جموں راجوری۔پونچھ نیشنل ہائی وے پر منگل کی علی الصبح اس وقت ٹریفک کی روانی متاثر ہوگئی جب لمبیڑی کے مقام پر اینٹوں سے لدا ایک ٹرک بے قابو ہو کر الٹ گیا اور دیکھتے ہی دیکھتے آگ کی لپیٹ میں آ گیا۔ واقعہ نوشہرہ سب ڈویژن کے علاقہ لمبیڑی میں پیش آیا جس کے باعث شاہراہ کے دونوں جانب گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔سرکاری ذرائع کے مطابق مذکورہ ٹرک جموں سے راجوری کی طرف جا رہا تھا کہ پیر اور منگل کی درمیانی شب ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا۔ تیز رفتاری یا سڑک کی خستہ حالی کو حادثے کی ممکنہ وجہ قرار دیا جا رہا ہے، تاہم اصل وجوہات کی جانچ کی جا رہی ہے۔ ٹرک شاہراہ کے عین وسط میں الٹ گیا جس کے فوراً بعد اس میں اچانک آگ بھڑک اٹھی اور شعلے بلند ہونے لگے۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ آگ نے چند ہی لمحوں میں ٹرک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس سے گاڑی اور اس میں لدی اینٹوں کو شدید نقصان پہنچا۔ آگ کے شعلے اور دھواں دور دور تک دکھائی دے رہا تھا جس سے مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ خوش قسمتی سے ڈرائیور نے بروقت حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گاڑی سے چھلانگ لگا دی اور وہ محفوظ رہا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگ، پولیس اہلکار اور فائر اینڈ ایمرجنسی سروس کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔ فائربریگیڈ کی ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پانے کی کوششیں شروع کیں اور کچھ دیر کی جدوجہد کے بعد شعلوں کو بجھا دیا گیا۔ اس دوران حفاظتی اقدامات کے تحت شاہراہ پر ٹریفک کو دونوں اطراف سے روک دیا گیا تھا۔حادثے کے باعث جموں–راجوری–پونچھ شاہراہ پر کئی گھنٹوں تک ٹریفک کی آمدورفت متاثر رہی۔ بعد ازاں متعلقہ محکموں نے کرین اور دیگر مشینری کی مدد سے جلی ہوئی گاڑی کو سڑک سے ہٹا کر صفائی کا عمل مکمل کیا، جس کے بعد ٹریفک کو بحال کر دیا گیا۔ پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔