جموں//امدادِ باہمی اور لداخ امور کے وزیر چیرنگ دورجے نے لداخ خطے کے دونوں اضلاع میں کواپریٹیو سوسائٹیوں کو مناسب رقومات فراہم کر کے کواپریٹیوتحریک کو مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔ آج یہاں ایک جائزہ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ نئی دہلی میں این سی ڈی سی افسروں کے ساتھ حالیہ جائزہ میٹنگ کے دوران کئے گئے اقدامات کی بدولت لداخ خطے میں کواپریٹیو تحریک کو ایک نئی سمت ملے گی ۔ وزیر نے اس موقعہ پر سوسائٹیوں کی فنڈنگ سے جُڑے امور کو زیر بحث لایا ۔ انہوں نے کہا کہ خوبانی اور کئی دیگر میوو¿ں کو تحفظ دینے اور ان کی پیکنگ کیلئے لیہہ میں ایک یونٹ قایم کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں اضلاع کی کواپریٹو سوسائیٹیوں کو این سی ڈی سی کی طرف سے معقول رقومات دستیاب کی جائیں گی تا کہ وہ اپنے کاروباری یونٹ قایم کر کے خطے میں نوجوانوں کیلئے روز گار کے زیادہ سے زیادہ مواقعے پیدا کئے جا سکیں ۔