کشتواڑ //کورونا لاک ڈاﺅن کے سبب گھروں میں محصور لوگوں نے اب گھروں سے نکل کر سیاحتی مقامات کا رخ کرنا شروع کر دیا ہے اور ضلع کے سیاحتی مقامات پر گرمی کے اس سیزن میں مقامی سیاحوں کا بھاری رش دیکھا جا رہا ہے ۔ جہاں شام کے وقت چوگان گروانڈ میں لوگوں کی بھاری بھیڑ دیکھنے کو ملتی ہے وہیں لوگ سیرو تفریح کےلئے صبح وشام گھروں سے میل دور پیدل سفر کر کے دیگر مقامات تک بھی پہنچتے ہیں ۔ضلع کے مغل میدان، بلانا، ڈونواری، گالی گڈھ، بیملناگ، سرٹاپ، سنگھپورہ، فامبر و دیگر مقامات کی طرف بھی لوگوں کی ایک بڑی تعداد کو جاتے دیکھا جاتا ہے ۔تاسین شیخ نامی ایک شہری نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ مسلسل بندشوں کے سبب لو گ زہنی تناﺅکا شکار ہورہے تھے اور اس سے بچنے کےلئے لوگوں نے سیر وتفریح کو ترجیح دی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت اگرچہ ضلع میں درجنوں سیاحتی مقامات موجود ہیں لیکن انتظامیہ وہاں پر بنیادی سہولیات دستیاب رکھنے میں مکمل طور پر ناکام ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر انتظامیہ ان سیاحتی مقامات کی طرف توجہ مبذول کرے گی تو نہ صرف سیاحوں کے آنے سے ضلع انتظامیہ کو فائدہ ہو گا، بلکہ سیاح بھی ان خوبصورت علاقوں سے لطف اندوز ہوں گے ۔ نیت کمار نامی ایک مقامی شہری نے بتایا کہ پچھلے دو ماہ سے کورونا لاک ڈاﺅن کے سبب وہ گھروں میں محصور ہیں جس کی وجہ سے وہ اپنا ذہنی توازن کھو رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ ذہنی تناﺅ کو کم کرنے کےلئے انہوں نے دوستوں کے ساتھ صلاع ومشورہ کیا کہ وہ
سیر وتفریخ کےلئے جائیں اور سیر کرنے کے بعد وہ اپنے آپ کو کافی بہتر محسوس کر رہے ہیں ۔ کئی ایک سیاحوں نے کہا کہ وہ انتظامیہ کی جانب سے جاری کورونا ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ماسک کا استعمال کر کے چوگان کا رخ کرتے ہیں اور وہاں سب لوگ سماجی فاصلہ کو بھی برقرار رکھتے ہیں ۔