بھوپال//مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے کہا ہے کہ معاشی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں اور عوام کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ، اس کے مدنظر ہمیں کورونا وائرس کوروکنے کے لئے لاک ڈاؤن کے علاوہ دیگر تمام متبادل تلاش کرنے ہوں گے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق چوہان گذشتہ رات اپنی رہائش گاہ سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ریاست کے تمام اضلاع میں کورونا کی صورتحال اور انتظامات کا جائزہ لے رہے تھے۔ اجلاس میں چیف سکریٹری اقبال سنگھ بینس ، ڈی جی پی وویک جوہری ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری صحت محمد سلیمان ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم راجیش راجاؤرا ، پرنسپل سکریٹری منیش رستوگی موجود تھے۔وزیر اعلی نے کہا ہے کہ ریاست میں ایک بار پھر کورونا وائرس کا خطرہ بڑھ رہا ہے۔ ایسے وقت میں حکومت کی اولین ترجیح کورونا کو پھیلنے سے روکنا ہے۔ سبھی انچارج افسران چوکس ہو جائیں اور روزانہ اپنے اضلاع کی نگرانی کریں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بیدار ہونا ہوگا کہ سبھی ماسک لگائیں اور سماجی فاصلے کا خیال رکھیں اور سبھی ضرروی احتیاطی اقدامات کریں۔