پی جی کالج راجوری
راجوری//گورنمنٹ پی جی کالج راجوری میں مولاناابوالکلام آزادکے یوم پیدائش کو قومی یوم تعلیم کے طورپرمنایاگیا۔اس سلسلے میں کالج کی کلچرل اورلٹریری کمیٹی کے عہدیداران پروفیسرمحدماقبال رینہ اورڈاکٹرمحمدسلیم وانی کی جانب سے تقریب کاانعقاد کیاگیا۔اس دوران طلباء نے پروگرام میں بڑھ چڑھ کرحصہ لیااورمولاناابوالکلام آزادکے حوالے سے خیالات کااظہارکیا۔ مقررین نے مولاناابوالکلام آزادکی ملک کے تعلیمی نظام کوبہتربنانے کیلئے انجام دی گئی خدمات کواُجاگرکیا۔انہوں نے کہاکہ مولاناابوالکلام آزادایک اعلیٰ پایہ کے مفکراورماہرتعلیم تھے اوران کی دوراندیشی کی وجہ سے انہیں امام ِ ہندکاخطاب دیاگیاتھا۔اس دوران خطاب کرنے والوں میں ڈاکٹر وائی پی شرما،پروفیسرجاویدمغل، ڈاکٹربشیراحمد اورپروفیسرایچ ۔ایس ایشر کے اسمائے گرامی شامل ہیں۔اس موقعہ پرتقریب کی نظامت کے فرائض ڈاکٹرعبدالحق نعیمی نے انجام دیئے ۔اس دوران فیکلٹی ممبران بشمول پروفیسراسداللہ خان،پروفیسراین پی شرما، پروفیسرآصف اعجازلون ،ڈاکٹرنسیم احمد،پروفیسریاسرچوہدری ودیگران بھی موجودتھے۔قبل ازیں استقبالیہ خطبہ ڈاکٹرسلیم وانی نے پیش کیاجبکہ اختتام پرشکریہ کی تحریک پروفیسرعبدالکریم نے پیش کی۔
ڈگری کالج مینڈھر
مینڈھر//گورنمٹ ڈگری کالج مینڈھرمیں قومی یوم تعلیم کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت پروفیسر شبیر حسین شاہ ،پرنسپل گورنمٹ ڈگری کالج مینڈھر نے کی جبکہ پروفیسر محمد اکرم سکریٹری اسٹاف کونسل نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا اور تعلیم اور اخلاقیات کے رشتے پر روشنی ڈالی ۔ اس تقریب میں کالج کے طلبہ وطالبات نے بھی حصہ لیا اور متعدد طلبہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوے خطہ پیر پنجال کے تعلیمی مسائل کو اجاگر کیا اور کہاکہ ابتدائی اور ثانوی جماعتوں میں نقل کلچر نے مذکورہ خطے کے تعلیمی نظام کو بری طرح متاثر کیاہے ۔ اور اس بات پر زور دیا کہ اسکولوں میں نقل کلچر کو ختم کرنے کی سعی کے بغیر تعلیم کا اعلی میعار کائم نہیں کیا جا سکتا ۔ پرنسپل ، پروفیسر شبیر حسین شاہ نے اپنے صدارتی خطبے میں کہا کہ تعلیم کا بنیادی مقصد اعلی اخلاقی اقدار کو فروغ دینا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ نئی نسل کی ہمہ گیر ترقی کے لئے ضروری ہے کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ ان اقدار کو بھی رواج دیا جائے جو ایک صحت مند اور انسانیت اساس سماج کی ضمانت ہوتی ہے۔ انہون نے کہا کہ یہ طلبہ کا فرض ہے کہ وہ تمام طرح کے علاقائی ، لسانی ، نسلی اور جغرافیائی تعصبات سے بالاتر ہو کر سوچیں تاکہ سماج میں وسع القلبی ، کشادہ ذہنی ، وسیع النظری اور فرقہ وارانہ ہم أہنگی کو فروغ دیا سکے۔ تقریب میں کالج کے طلبہ وطالبات کے علاوہ کالج فکلیٹی ممبران نے بھی شرکت کی ۔ آخر میں پروفیسر محمد اکرم ، اسٹاف سکریٹری نے شکریہ کی تحریک پیش کی۔
ڈگری کالج تھنہ منڈی
ڈگری کالج تھنہ منڈی میں قومی یوم تعلیم کے موقعے پر ’’خطہ پیرپنچال میں تعلیمی صورتحال ‘‘کے موضوع پر علاقائی سیمینارکاانعقادکیاگیا ۔اس دوران سیمینارکی صدارت پروفیسرشکیل احمدرینہ نے کی جبکہ اس موقعہ پرماہرتعلیم نذیراحمدقریشی مہمان خصوصی جبکہ محمداقبال شال مہمان ذی وقارکے طورپرموجودتھے۔سیمینارمیں اسکالروں کی جانب سے 10مقالات پیش کئے گئے ۔اس موقعہ پر محمداقبال شال نے پرنسپل ڈگری کالج تھنہ منڈی ڈاکٹرشکیل احمدرینہ کی خطہ پیرپنچال میںتعلیم کے فروغ کیلئے کاوشوں کوسراہا۔ انہوں نے کہاکہ تھنہ منڈی کالج طلباء کوبہترسمت دینے کیلئے نمایاں کام کررہاہے۔نذیراحمدقریشی نے ڈاکٹرشکیل رینہ کے کالج کومتحرک بنانے کیلئے انجام دیے جارہے رول کی ستائش ۔اس موقعہ پر ڈاکٹرشکیل احمدرینہ نے مولاناابوالکلام آزادی کی تعلیم کے شعبے کومستحکم کرنے کیلئے انجام دی گئی خدمات پرتفصیلی روشنی ڈالی۔انہوں نے کہاکہ مولاناابوالکلام آزاد عظیم شخصیت تھے ۔اس دوران کالج کی گذشتہ دوبرسوں کی حصولیابیوں پرمبنی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔قبل ازیں پروگرام کاآغازابراراحمدکی جانب سے تلاوتِ کلام پاک سے کیاگیا۔استقبالیہ خطاب ڈاکٹرارون شرما جبکہ شکریہ کی تحریک پروفیسرشاجی خان نے پیش کی۔ پروگرام کوکمپئر پروگرام انچارج پروفیسررضوان احمدنے کیا۔