راجوری //لولی پروفیشنل یونیورسٹی کی جانب سے منعقدہ ایک ایک لائن مقابلے میں راجوری ضلع کی ایک لڑکی نے قومی سطح پر دوسری پوزیشن حاصل کر کے علاقہ کا نام روشن کیا ہے ۔ضلع کے تھنہ منڈی علاقہ سے تعلق رکھنے والی عاشہ کوثر دختر غلام مصطفےٰ اور طاہرہ پر ویشن جو کہ تعلیم کے سلسلہ میں اس وقت راجوری کے کھیورہ علاقہ میں قیام پذیر ہیں ،نے لولی پروفیشنل یونیورسٹی کی جانب سے منعقدہ آن لائن مقابلے میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ۔عاشہ اس وقت بی اے سمسٹر دوم میں زیر تعلیم ہیں تاہم انہوں نے ایک دن کی پڑھائی و محنت سے دوسرا مقام حاصل کیا ۔دوشیزہ نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ مقابلے کے سلسلہ میں اس کو 24جون کو اطلاع موصول ہوئی تھی جبکہ آن لائن پروگرام 25جون کو منعقد کیا جانا تھا ۔موصوفہ نے بتایا کہ اس نے ’کووڈ اور اس کے حکومت پر اثرات ‘موضوع تیاری شروع کی جبکہ آن لائن خطاب کے ودران انہوں نے مذکورہ موضوع پر تفصیلی خطاب کیا ۔غور طلب ہے کہ عاشہ کا سبجیکٹ پبلک ایڈمنسٹریشن نہ ہونے کے باوجود انہوں نے مذکورہ عنوان کو منتخب کرکے اس میں معیاری کامیابی حاصل کی ۔اس سلسلہ میں بولتے ہوئے موصوفہ نے کہا کہ مذکورہ شعبہ براہ راست عام زندگی کےساتھ منسلک ہے ۔ہمالین ڈگری کالج راجوری کے منتظمین نے ایک بیان میں کہاکہ عاشہ کی بہترین کارکردگی کی وجہ سے خطہ کانام روشن ہوا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ’سیاست اور انتظامیہ ‘کے عنوان سے منعقدہ اس آن لائن مقابلے میں ملک بھر کے بچوں نے شرکت کی ۔