سرینگر // گورنر ستیہ پال ملک نے سابق وزیر قاضی محمد افضل کے انتقال پر دُکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے ۔ اپنے پیغام میں گورنر نے سوگوار کنبے کے ساتھ ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے روح کی ابدی سکون کیلئے دعا کی ۔سابق وزیر خزانہ الطاف بخاری، پردیش کانگریس کے سینئر رہنما غلام نبی مونگا نے قاضی محمد افضل کے انتقال ہونے پر ان کو خراج تحسین عقیدت کرتے ہوئے غمزدہ خاندان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔ الطاف بخاری نے کہا کہ مرحوم نے بحیثیت وزیر جنگلات بہت ہی ترقیاتی کام انجام دئے۔انہوں نے کہا کہ گاندربل کے عوام کے لئے فلاح و بہبود کے لئے ترقیاتی منصوبے اور اقدامات قابل تعریف ہیں۔انہوں نے مرحوم کو عوام دوست رہنما قرار دیا۔ پردیش کانگریس کے سینئر رہنما اور نائب صدرغلام نبی مونگا نے اپنے ایک تعزیتی پیغام میں قاضی محمد افضل کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اپنے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندان کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا۔ادھر مرحوم قاضی محمد افضل کے انتقال پر اظہار تعزیت کے لئے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے صدر اور سابق وزیر اعلی محبوبہ مفتی،سابق وزیر نعیم اختر،محمد اشرف میر،محمد رفیق میر،نظام الدین بٹ،بشیر احمد میر سمیت دیگر رہنما اور کارکنان دن بھر لار گاندربلپہنچ کر غمزدہ خاندان کی ڈھارس بندھائی۔پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وزیر سابق وزیر نعیم اختر نے قاضی محمد افضل کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے مرحوم کو ایک قابل سیاسی کارکن قرار دیا، جس نے عمر کا لحاظ کئے بغیر اور خراب صحت کے باوجود عوام کے درمیان ایک ادنی کارکن کی حیثیت سے لوگوں کی مدد کرتے رہے۔نعیم اختر نے کہا کہ مرحوم قاضی محمد افضل ایک غریب پرور سیاستدان تھے اور 2002 میں اہم سیاسی شخصیات کی حیثیت سے جموں و کشمیر میں جمہوری سیاست کے طور پر ابھرے جس نے اس وقت نیشنل کانفرنس کے اہم ترین ستون عمر عبداللہ کو گاندربل سے شکست دی تھی۔نعیم اختر نے مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے غمزدہ خاندان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے ضلع صدر بانڈی پورہ غلام نبی تانترے نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم نے لوگوں کی خدمت کے لئے گراں قدر کام کیا ہے اور وہ منجھے ہوئے سیاسی لیڈر تھے ۔ نیشنل کانفرنس صدردڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ نے سابق وزیر قاضی محمد افضل کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس سانحہ ارتحال پر مرحوم کے سوگوارخاندان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے اور مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، شمالی زون صدر محمد اکبر لون، ضلع صدر گاندربل شیخ اشفاق جبار نے بھی قاضی محمد افضل کے انتقال پر اپنی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔