یو این آئی
غزہ//غزہ میں 7اکتوبر 2023کے بعد اسرائیلی حملوں میں جاں بحق ہونے والے فلسطینیوںکی تعداد 71ہزار 400سے تجاوز کرگئی جبکہ 1 لاکھ 71ہزار سے زائد زخمی ہیں۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے ڈاکٹرز ود آٹ بارڈرز کو بھی غزہ میں کام بند کرنے کا حکم جاری کردیا ہے۔اسرائیل کے مطابق تنظیم اسرائیل کی نئی پابندیوں پر عمل درآمد میں ناکام رہی۔ ان میں غزہ کے تمام ملازمین کی ذاتی معلومات دینا بھی شامل تھا۔تنظیم کا کہنا ہے کہ وہ بچ جانے والے 20 فیصد سے زائد اسپتالوں کو چلانے میں مدد فراہم کررہے ہیں۔دوسری جانب اسرائیل کی غزہ میں جنگ بندی معاہدے کے باوجود قبضہ مہم کا سلسلہ جاری ہے، اسرائیلی حملوں سے بچ جانے والی 2500 عمارتیں مسمار کردی گئیں۔دو ماہ سے زائد عرصہ قبل جنگ بندی معاہدے پر دستخط کرنے کے باوجود اسرائیل نے غزہ میں کئی عمارتوں اور انفرااسٹرکچر کو تباہ کرنا جاری رکھا ہوا ہے۔رپورٹس کے مطابق غزہ میں بیشتر عمارتیں اسرائیل کے زیرِ قبضہ یلو لائن میں تھیں جنہیں مکمل طور پر مسمار کردیا گیا ہے۔غیرملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ جنگ بندی معاہدے کے دوران عمارتوں کو مسمار کرنا اسرائیل کا ایجنڈا ہے۔