سرنکوٹ//سرنکوٹ کے فضل آباد تا سعید علیم غازی درگارہ چٹی بٹی جانے والی رابطہ سڑک گززشتہ 14برسوں سے مکمل نہیں ہو سکی جس کی وجہ سے عام لوگوں کو دوران آمد ورفت شدید مشکلات درپیش ہیں ۔مقامی لوگوں نے تعمیر اتی ایجنسی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ سڑک کی کٹائی کا عمل 2007میں شروع کیا گیا تھا لیکن اس کے بعد متعلقہ محکمہ کی جانے سے پروجیکٹ کو مکمل کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں لی گئی ۔انہوں نے بتایا کہ نہ تو آمد ورفت کیلئے سہولیات فراہم کی گئی ہیں اور نہ ہی نالیوں کا کوئی بندوبست کیا جارہا ہے ۔نالیوں کی عدم دستیابی کی وجہ سے ملحقہ علاقوں کا پانی نالوں کی صورت میں لوگوں کی زرعی زمینوں میں داخل ہو کر ان کی فصلیں تباہ کررہا ہے ۔مقامی معززین نے بتایا کہ سڑک کے ملحقہ علاقہ میں رہنے والے لوگوں کو محکمہ کی لاپرواہی کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ تین کلو میٹر سڑک کو مکمل کرنے کیلئے کئی برس لگ گئے ہیں جبکہ لوگوں کے رہائشی مکانات و زمینیں بھی تباہ ہو تی جارہی ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ سڑک پر پڑے ہوئے کھڈوں میں پانی کی بھاری مقدار جمع رہتی ہے جس کی وجہ سے عام لوگوں کا پیدل چلنا بھی مشکل ہے ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ رابطہ سڑک کی تعمیر کو جلدازجلد مکمل کرنے کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی جائیں ۔