توحید کے بعد موجودہ دور میں مسلمانوں کو سب سے زیادہ ضرورت اتحاد کی ہے۔توحید کی کامیاب تبلیغ اور اشاعت جبھی ممکن ہے کہ ہر توحید پسند مسلمان اُمت سے پیوستہ رہے۔بقول علامہ اقبال ’’پیوستہ رہ شجر سے امید ِ بہار رکھ‘‘۔چنانچہ اس ضمن میں سورہ آلِ عمران کی ایک آیت بے حد مشہور ہے:{ وَاعْتَصِمُوْابِحَبْلِ اللّٰہِ جَمِیْعًا وَّلَاتَفَرَّقُوا۔وَاذْکُرُوْا نِعْمَتَ اللّٰہِ عَلَیْکُمْ اِذْکُنْتُم اَعْدَآئً فَاَلَّفَ بَیْنَ قُلُوْبِکُم فَاَصْبَحْتُم بِنِعْمِتِہٖ اِخْوَانًا}’’اور سب مل کر اللہ کی رسی کو مضبوطی سے پکڑلواورجداجدا نہ ہوجائواور اپنے اوپر اللہ کی نعمت یاد کرو‘ جب تم دشمن تھے تو اُس(اللہ) نے تمہارے دلوں کے درمیان الفت ڈال دی تو تم اس کی نعمت سے بھائی بھائی بن گئے‘‘(اٰلِ عمران :103)
اللہ کی رسی کیا ہے؟
اللہ کی رسی سے مراد قرآن ہے ۔ چنانچہ زید بن ارقمؓ روایت کرتے ہیں کہ اللہ کے رسولﷺ نے فرمایا کہ خبر دار ہوجائو! میں تمہارے درمیان دو بھاری چیزیں چھوڑے جارہا ہوں ،ان میں سے ایک اللہ کی کتاب ہے وہ اللہ کی رسی ہے۔اور دوسری بھاری چیز میرے اہل ِ بیت ہیں(مسلم کتاب فضائلِ صحابہؓ)۔ ہر اختلاف کے وقت قرآن کی طرف رجوع کریں اور قرآن کو تھامے رکھیں۔صوفیاء ، فلاسفا ء اور متکلمین کے بجائے قرآن کو صحابہؓ کے فہم پر سمجھنے کی کوشش کریں۔ قرآن کی اس آیت سے اجتماعیت کا جو تصور ملتا ہے اس پر غور کرنا وقت کا ایک اہم تقاضا ہے۔فرقہ بندی،مسلک پرستی اور شخص پرستی اس وقت امت میں عام ہوچکی ہے ،کہیں تصوف کو دین سمجھاجاتاہے تو کہیں فلسفہ نے مسلمانوں کا بیڑا غرق کر رکھا ہے،کہیں پیر مریدی کا سلسلہ دیکھنے کو ملتا ہے اور کہیںشرک و بدعات کی ہاہاکار ہے۔قرآن کے بنیادی تصورات اور عقائد سے عام مسلمان کوسوں دورہوچکا ہے جومسلمانوں میں فرقہ بندی اور گروہ بندی کی بنیادی وجہ ہے۔یہاں ہر مسلمان قرآن و سنت سے لاتعلق اپنے لئے الگ عقیدے وضع کربیٹھا ہے ۔گویا کہ مسلمانوںنے قرآن کو ایک رسمی کتاب کا درجہ دے رکھا ہے اس کی تعلیمات اور عقائد اپنے لئے کافی تصور نہیں کرتے ؎
خوار از مہجور ے قرآں شدی
شکوہ سنج گردشِ دوراں شدی
’’یعنی تم قرآن سے دور ہوکر رسوا ہوگئے مگر افسوس کہ تم اپنی رسوائی کا الزام زمانے پر ڈال رہے ہو۔‘‘
تفرقہ نہ ڈالو
تاریخ گواہ ہے کہ جوقوم تفرقہ میں پڑتی ہے وہ اپنی حیثیت اور اپنی پہچان کھوبیٹھتی ہے۔مسلمانوں کی موجودہ صورتِ حال اظہر من الشمس ہے ۔عالمی سطح پر مسلمانوں کی کیا حیثیت رہ چکی ہے ،وہ کوئی پر اسرار بات نہیں ۔ چالیس سے زیادہ ممالک میں مسلمانوں کی اپنی حکومت ہے لیکن قرآن وسنت کی تبلیغ اور اشاعت کے بجائے وہ اپنی اپنی رسی کھینچنے میں لگے ہیں،دین ِ اسلام کی اصل صورت مسخ ہوکر رہ چکی ہے۔ بقول شاعر ؎
رہ گئی رسمِ ازاں روحِ بلالی نہ رہی
امریکہ کے سابق مشیر’’Samuel P Hongtington ‘‘ نے ’’ Clash Of Civilizations‘‘کے نام سے ایک کتاب شائع کی ہے۔اس کتاب میں وہ مسلمانوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے لکھتا ہے کہ مسلمان ایک ایسی قوم ہے کہ یہ دنیا کی کسی بھی طاقت سے نبردآزما ہوسکتی ہے وہ امریکہ ہو یا کوئی اور۔موصوف اپنا تجربہ بیان کرتے ہوئے کہتا ہے کہ مسلمانوں میں کچھ چھوٹی چھوٹی چیزوں میں اختلاف پایا جاتاہے جب تک یہ اُن اختلافات میں الجھے رہیںگے باقی قوموں کے لئے بہتر ہے ؎
منفعت ایک ہے اس قوم کی نقصان بھی ایک
ایک ہی سب کا نبی دین بھی ایمان بھی ایک
حرم پاک بھی ‘اللہ بھی‘ قرآن بھی ایک
کچھ بڑی بات تھی ہوتے جو مسلمان بھی ایک
کوئی بھی خارجی قوت مسلمانوں کو وہ نقصان نہ پہنچا سکی جو نقصان مسلمانوں کو آپسی تفرقہ سے پہنچا ہے۔ اور اس پھوٹ اور آپسی تفرقہ کی وجہ صرف اور صرف یہ ہے مسلمان قرآن وسنت کا راستہ اور صحابہ ؓ کا فہم ترک کرکے تصوف،فلسفہ اور علم الکلام جیسی فکریات (Ideologies) میں الجھ گئے۔
اسلام میں جماعت کا تصور
سورہ انعام میں اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے ’’بے شک وہ لوگ جنہوںنے اپنے دین کو جدا جدا کرلیا اور مختلف گروہ بن گئے ،آپ(اے محمدؐ) کسی بھی چیز میں ان سے تعلق نہیں رکھتے ان کا معاملہ تو اللہ ہی کے حوالے ہے ،پھر وہ انہیں بتائے گاجو کچھ وہ کرتے تھے‘‘(آیت نمبر159)
اس آیت کی تفسیربیان کرتے ہوئے ابو نعمان سیف اللہ خالدحفظہ اللہ رقمطراز ہیں؛ ’’نبی آخرالزماں صلی اللہ علیہ وسلم کی آمد پر اللہ تعالیٰ نے قیامت تک ہر شخص کے لئے آپؐ پر ایمان لانا اور آپؐکے طریقے پر چلنا لازم قرار دے دیا۔اب جو شخص بھی کوئی جدا راستہ اختیار کرکے الگ گروہ بنائے ، خواہ دہریہ ہو یا مشرک یا یہودی ونصرانی تو اللہ تعالیٰ اپنے نبیؐ کو حکم دے رہے ہیں کہ آپ ان سے بری ہیں اور آپ کا ان سے کوئی تعلق نہیں۔اس طرح آپ کی امت میں اسلام قبول کرنے کے بعد جو لوگ اللہ اور اس کے رسول کے احکام یعنی قرآن وسنت کے علاوہ کوئی نیا طریقہ یابدعت اختیار کرکے اپنا الگ گروہ بنالیں آپ ان سے بری ہیں آپ کا ان سے کوئی تعلق نہیں‘‘(تفسیر دعوت القرآن جلد دوم، صفحہ نمبر 266)
سیدنا عبداللہ بن مسعودؓ روایت کرتے ہیں کہ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ آپس میں اختلاف مت کرو ،تم سے پہلے لوگوں نے اختلاف کیا تو وہ ہلاک اور بربا دہوگئے(بخاری۔2666)
یہاں پر یہ بات واضح کردوں کہ اختلاف کئی طرح کے ہوتے ہیں۔کچھ اختلافات کا تعلق فروع سے ہوتا ہے اور کچھ کا تعلق اصول سے۔فروع سے مراد دین ِ اسلام کے وہ معاملات ہیںجو عمل سے متعلق ہوں جبکہ اصول سے مراد دین ِ اسلام کے وہ بنیادی عقائد ہیں جن میں کسی بھی طرح کی کوئی تبدیلی کرنے سے ایک انسان الحاد اور کفر کا مرتکب ہوسکتا ہے۔مثال کے طور پر اللہ کی ذات سے متعلق قرآن کے اندر ’’استویٰ علی العرش‘‘کے الفاظ آئے ہیں یعنی اللہ عرش پر مستوی ہوگیا۔اب کوئی فرد اپنی عقل کے گھوڑے دوڑاتا ہے اور کہتا ہے کہ اللہ تعالیٰ مقام کی قید سے آزاد ہے اور ہر جگہ موجود ہے یا ہر چیز میں موجود ہے تو اس سے بڑا تفرقہ اور کیا ہوسکتا ہے کہ قرآن کی غلط اور عقلی تاویل کرکے امت کو الجھایا جائے ۔
قرآن وسنت کی یہ غلط اور عقلی تاویل کرکے بہت سے لوگوں نے نہ صرف یہ کہ عوام کو گمراہی کے اندھیروں میں دھکیلا ،بلکہ مسلمانوں کے درمیان فوٹ اور تفرقہ بھی ڈالا ہے۔علامہ اقبال کے چند فارسی اشعار باربار میرے ذہن میں آرہے ہیں ۔وہ کہتے ہیں ؎
زمن بر صوفی و مُلا سلامے
کہ پیغامِ خدا گفتند مارا
ولے تاویلِ شاں در حیرت انداخت
خدا و جبریل و مصطفیؐ را
’’صوفی اور مُلا کی کو میرا سلام پیش کرو ،کیونکہ انہوں نے خدا کا پیغام ہم تک پہنچایا ۔لیکن خدا کے اس پیغام کی انہوں نے ایسی تاویل کی ہے کہ خدا ‘جبریل ؑ اور محمد ِ مصطفیؐ تینوں حیران ہیں‘‘۔
جماعت کی فضیلت
اس میں دورائے نہیں کہ مسلمان کئی گروہوں اور جماعتوں میں بٹ چکے ہیں۔لیکن اس کا قطعاًیہ مطلب نہیں کہ ہم ان سب جماعتوں سے کنارہ کش ہوکر علیحدگی اختیار کریںبلکہ جماعت سے علیحدہ رہ کرکسی بھی شخص کا دین محفوظ نہیں رہ سکتا ۔چنانچہ اس ضمن میں صحیح بخاری سے کتاب الفتن کی حدیث کوٹ کررہا ہوں۔حضرت حذیفہ ؓ کہتے ہیں کہ لوگ اللہ کے رسول ؐ سے خیر سے متعلق پوچھا کرتے تھے جبکہ میں آپؐ سے شر کے متعلق سوال کرتا تھااس خوف سے کہ کہیں میں شر میں مبتلا نہ ہو جائوں ۔ایک دن میں نے پوچھا کہ یا رسول اللہؐ !ہم جاہلیت میں پڑے تھے ،برائیوں میںپڑے تھے کہ اللہ نے ہمیں اس خیر(اسلام) سے مشرف فرمایا،تو کیا اس خیر کے بعد بھی کوئی شر ہے؟اللہ کے رسولؐ نے فرمایا ’’ہاں‘‘۔میں نے پوچھا ،کیا اس شر کے بعد پھر خیر بھی ہے؟رسول اللہؐ نے فرمایا ’’ہاں‘‘ لیکن اس میں ’’کدورت ‘‘ہوگی۔ میں نے پوچھا کدورت کیا ہوگی؟تو اللہ کے رسول ؐنے فرمایا کہ ایسے لوگ بھی ہوں گے جو میرے طریقہ کی بجائے دوسرے طریقوںکی طرف رہنمائی کریں گے،تم ان کی کچھ باتوں کو اچھا اور کچھ باتوں کو برا سمجھو گے۔میں نے عرض کیا ،کیا اس خیر کے بعد پھر شر ہوگا؟رسول اللہ ؐ نے فرمایا ہاں!لوگ (یوں گمراہی پھیلائیں گے) گویا کہ وہ جہنم کے دروازے پر کھڑے ہوکرلوگوں کو بلا رہے ہوںگے۔جو ان کی پکار پر لبیک کہے گاوہ اُسے جہنم میں ڈال دیں گے۔میں نے پوچھا یا رسول اللہ ؐ ان کی کوئی صفت ہم سے بیان کردیجیے۔اس پر رسول اللہؐ نے فرمایاکہ وہ ہماری ہی قوم کے لوگ ہوں گے اور ہماری ہی زبان میں باتیں کریں گے۔میں نے پوچھا اگر میں وہ زمانہ پالوں تو مجھے آپ کس بات کا حکم دیتے ہیں؟رسول اللہ ؐ نے فرمایا کہ ’’تمہیں مسلمانوں کی جماعت اور ان کے امام سے چمٹے رہنا ہوگا‘‘میں نے پوچھا اگر نہ مسلمانوں کی کوئی جماعت ہو اور نہ کوئی امام ؟تو رسول اللہ ؐ نے فرمایا ایسی حالت میں تمام فرقوں سے علیحدہ ہوجانا،خواہ تمہیں درخت کی جڑیں ہی کیوں نہ چبانی پڑیں،حتیٰ کہ تمہیں موت آئے تو اسی حالت میں موت آئے۔ اس حدیث سے کئی چیزوں کی وضاحت ہوجاتی ہے ۔اول تو یہ واضح ہوجاتا ہے کہ لوگ قرآن وسنت کو چھوڑکر دین کے نام پر دوسرے طریقوں کو رواج دینگے،دوم یہ کہ یہ لوگ مسلمانوں ہی میں سے ہونگے۔کیوں کہ حدیث میں کہا گیا ہے کہ وہ لوگ ہماری ہی قوم کے ہونگے اور ہماری ہی زبان میں بات کرینگے۔یہ بھی کہا گیا کہ اُن کی کچھ باتیں اچھی اور کچھ باتیں بری ہونگی۔ میرے نزدیک رسول اللہ ؐ کی یہ پیشن گوئی من وعن پوری ہوچکی ہے۔بلکہ حقیقت تو یہ ہے کہ صحابہ ؓ کے دور سے ہی مسلمانوں میں الحاد کی تخم ریزی شروع ہوگئی تھی جس کا پہلا بیچ عبداللہ ابن ِ سبایمنی نے بویا تھا جو یہودی الاصل تھا اور اسلام کا پیرہن زیب تن کرکے مسلمانوں کو ہر ممکن توڑنے کی کوشش کی۔ ڈاکٹر ابو عدنان سہیلؔ لکھتے ہیں ’’سب سے پہلے عبداللہ بن سبا نامی یہودی نے جو یمن کا رہنے والا تھا ،ایک سازش کے تحت اسلام قبول کیا اور پھر وہ مسلمانوں کے درمیان رہ کر مکر وفریب کے جال پھیلانے میں مصروف ہوگیا۔قسمت نے اس کی یاوری کی اور نئے نئے دائرہ اسلام میں داخل ہونے والے اس وقت کے مسلمان (خصوصاًمصر اور عراق کے علاقہ میں)اس کے دامِ فریب میں آگئے۔اور ان لوگوں کی ریشہ دوانیوں کا پہلا ہدف حضرت عثمانِ غنیؓ کی ذاتِ مبارکہ ہوئی۔آپؓ کی شہادت کے خونچکاں واقع اور پھر اس کے نتیجہ میں جنگ ِ جمل وصفین میں مسلمانو ںاورخاص کر صحابہ کرامؓ کے قیمتی خون کی ارزانی نے ملت ِ اسلامیہ کو ہلاکر رکھ دیا‘‘۔( اسلام میں بدعت و ضلالت کے محرکات،صفحہ نمبر38)
اس کے بعد بہت سے فتنوں نے امت ِ مسلمہ کو گھیر لیا ۔ بعد میں بہت سے مختلف فرقے وجود میں آئے۔ لیکن اس سے بھی بڑا المیہ تو یہ ہے کہ مسلمانوں کی فکر(Ideology) ٹوٹ گئی جبکہ قرآن نے انہیں ایک فکر پر جمع کیا تھااور رسول اللہ ؐ نے اپنے صحابہؓ کو جو فہم و فراست بخشی تھی وہ بعد میں مفقود ہوگئی۔قرآن و سنت کو سمجھنے کے لئے مسلمانوں نے تصوف اور علم الکلام جیسے نئے پیمانے تراشے جس کا لازمی نتیجہ یہ نکلا کہ مسلمانوں کے ہاتھوں سے اللہ کی مضبوط رسی چھوٹ گئی اور مسلمان ادھراُدھر بکھر گئے۔اس کے بعد امت میں اتحاد کے فقدان کو لیکرپچھلی کچھ صدیوں میں مسلمانوں میں مختلف تنظیمیں اور تحریکیں وجود پزیر ہوئیںجو ایک مثبت فکر لیکر تو ضرور اُٹھی تھیںلیکن ان میںسے اکثر تنظیمیںاور تحریکیں کوئی مثبت نتیجہ اخذ نہ کرسکیں۔ اصل حقیقت تو یہ ہے کہ ان تحریکوں نے یا تو اجتماعیت پر ساری توجہ مرکوز کی یاپھر کچھ مخصوص اشخاص کی فکر کی تبلیغ واشاعت پر اپنا زور صرف کیا جبکہ ضرورت اس بات کی تھی کہ اسلامی تعلیمات کو اُن خارجی اثرات اوربدعات سے پاک کیا جاتا جنہوںنے اسلام کی اصل صورت کو مسخ کرکے امت میں تفرقہ ڈالاہے۔
آخری بات
اس وقت مسلمانوں میں کئی جماعتیں پائی جاتی ہیں جومختلف فکریات پر کا م کرتی ہیں۔میں پہلے بھی عرض کرچکا ہوں کہ ہم تمام جماعتوں سے کنارہ کش ہوکر علیحدگی اختیار نہیں کرسکتے۔حضرت حذیفہ ؓ کی روایت کردہ حدیث قبل ازیں گزرچکی ہے۔ اس کے علاوہ حضرت عمر ؓ کی ایک روایت ہے کہ رسول اللہ ؐ نے فرمایاکہ تم میں سے جو شخص یہ چاہتا ہے کہ وہ جنت کے درمیان میں جگہ پائے تو وہ جماعت کے ساتھ چمٹ جائے کیونکہ اکیلے شخص کے ساتھ شیطان ہوتا ہے اور دو آدمیوں (جماعت)سے دور ہوتاہے(مستدرک حاکم)
کون سی جماعت سے انسان منسلک ہو جائے ؟یہ ایک اہم سوال ہے۔ جس کا سادہ سا جواب یہ ہے کہ مسلمانوں کی ایسی جماعت جوبعد کی اختراعات سے صرف نظرکرکے قرآن و سنت کو محض صحابہ کرام ؓ کے فہم پر سمجھنے کی کوشش کرتی ہو۔تمام اختلافات سے صرفِ نظر کرکے ایک مسلمان کو چاہیے کہ وہ موجودہ زندگی میں اللہ کو راضی کرے جس کاواحد راستہ یہ ہے کی صحابہ ؓ کاطریقہ اختیار کیا جائے۔
پتہ۔سیر جاگیر، سوپورکشمیر
فون نمبر۔8825090545