پونچھ//گوجر بکروال ایمپلائز ایسوسی ایشن پونچھ کے بینر تلے گزشتہ روز گوجر ہوسٹل پونچھ میں چوہدری غلام حسین لسانوی کی یاد میں یک روزہ کانفرنس اور گوجری طرحی مشاعرہ کا اہتمام کیا گیا جس میں مہمان خصوصی کے طور پر ممبراسمبلی کنگن و سابق وزیر میاں الطاف احمد نے کی ۔اس تقریب کی صدارت قانون ساز کونسل کے سابق ڈپٹی چیئرمین جہانگیر حسین میر نے کی جبکہ مرحوم غلام حسین لسانی کے پوتے چوہدری محمداکرم جو ممبراسمبلی سرنکوٹ ہیں ،مہمان اعزازی کے طور پر شریک ہوئے ۔اپنے خطاب میں سینئر سیاسی رہنما میاں الطاف احمد نے اپنے خاندان اور سرنکوٹ کے لسانوی خاندان کی گوجر قوم کے تئیں خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے مخلصانہ طور پر بغیر کسی لالچ کے عوام کی خدمت کی۔انہوں نے کہا کہ آج جس درجہ کامطالبہ ملک کی کئی اقوام کررہی ہیں ، یہ درجہ انہی بزرگ ہستیوں کی بدالت گوجر بکروال طبقہ کو بہت پہلے مل چکاہے ۔تاہم انہوںنے کہاکہ اب بھی گوجر طبقہ کو کئی طرح کے مسائل کاسامناہے جو اس وقت حل نہیں ہورہے جس کی سب سے بڑی وجہ ریاست کی موجودہ حالت ہے ۔انہوں نے کہا کہ ریاست تاریخ کے سخت ترین دور سے گزر رہی ہے اوریہی وجہ ہے کہ لوگوں کے مسائل حل نہیں ہوپارہے ۔انہوںنے کہاکہ ایسے پروگراموں کو ریاستی سطح پر منایاجاناچاہئے ۔ایم ایل اے سرنکوٹ چوہدری محمد اکرم نے کہا کہ وہ کئی سال سے چاہتے تھے کہ وہ اپنے دادا کی یاد میں اس طرح کا پرگرام منعقد کریں لیکن کچھ وجوہات کی بنا پر اس میں تاخیر ہوئی ۔تاہم انہوںنے انتظامیہ کمیٹی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ پرگروام ہر سال لسانہ میں منعقد کیاجائے گا۔قبل ازیں گوجر بکروال ایمپلائز ایسوسی ایشن چیئرمین چوہدری محمداسد نعمانی نے تمام شرکاء اور خاص طور پر میاںالطاف کا استقبال کیا ۔اس دوران مقامی ادیب پروفیسر جہانگیر اصغر نے چوہدری غلام حسین لسانوی کی زندگی کے مختلف گوشوئوں اور ان کی گوجر برادری کے لئے دی گئی قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے ہندو پاک دونوں ممالک کی گوجر برادری جو کہ اس دور کی سب سے پچھڑی ہوئی قوم مانی جاتی تھی، کی ترقی کے اقدام کئے ۔اس دوران ایک طرحی مشاعرہ بھی ہوا جس میں مقامی شعرائے کرام ریاض صابر،ایاز سیف،گلناز چوہان، نذیر حسین بھٹی اور دیگران نے دیئے گئے مصرع ’’ کس نے جگایا خواب تیں غمخوار کون تھو‘‘ پر اپنے کہے ہوئے اشعار پیش کئے ۔ اس دوران چوہدری عبدالغنی نے بھی خطاب کیا اورانتظامیہ کمیٹی کو مبارکباد پیش کی۔اس دوران گوجری ادب میں نمایا ںمقام رکھنے والے اور کئی گوجری کتابوں کے مصنف ڈاکٹر رفیق انجم کو چوہدری غلام حسین لسانوی2017ایوارڈ سے نوازا گیا ۔ساتھ ہی کے ڈی مینی کو بھی گوجری ادب کی خدمت کرنے پر ان کو بھی اعزاز سے نوازا گیا۔ اے پی جے عبدالکلام فائونڈیشن کے چیئرمین خلیل بانڈے کو ان کی سماجی خدمات کے لئے اعزاز سے نوازا گیا۔اس کے علاوہ راجوری کے نوجوان سماجی کارکن گفتار چوہدری کو طبقہ کے مسائل اجاگرکرنے کیلئے بھی اعزاز سے نوازا گیا۔مزیدماسٹر حاکم دین کو ان کی خدمات کے لئے اعزاز سے نوازا گیا۔سرسید ایجو کیشن مشن کے سرفراز میر کو بھی اعزاز سے نوازاگیا۔شوکت بجاڑ کو ان کی تنظیمی صلاحیتوں کے لئے بھی اعزازسے نوازا گیا۔ کانفرنس کے دوران نظامت کے فرائض معروف ادیب اور ناظم پردیپ کھنہ نے انجام دیئے۔اس دوران تنظیم کے سرپرست ِ اعلیٰ پروفیسر فتح محمد عباسی نے تنظیمی امور پر روشنی ڈالی جبکہ تنظیم کے جنرل سیکریٹری لیکچرار برکت شاد نے شکریہ کی تحریک پیش کی ۔پروگرام میں گوجر بکروال ایمپلائز ایسو سی ایشن کی راجوری ٹیم نے بھی صدر دلدار چوہدری کی قیادت میں شرکت کی۔