مشیروں،چیف سیکریٹری اور ڈی جی پی کے تہنیتی پیغامات
سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیروں راجیو رائے بھٹناگر،بصیر احمد خان ،فاروق خان ، چیف سیکریٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا اور ڈائریکٹر سکمز ڈاکٹر اے جی آہنگر نے عید الاضحی کے مقدس موقع پر جموں وکشمیر کے عوام کو مبارک باد پیش کی ۔مشیر بھٹناگر نے اپنے پیغام میںخواہش ظاہر کی کہ یہ موقع جموں وکشمیر کے لوگوںمیں نظم و ضبط اور قربانی کے پیغام کے ذریعے محبت اور یکجہتی کے جذبے کو تازہ کرے گا۔انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ اِس تہوار سے جموں وکشمیر کے عوام میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی ، بھائی چارے کو مزید تقویت ملے گی جس کے لئے جموں وکشمیر صدیوں سے مشہور ہے۔مشیر بھٹناگر نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ عیدالاضحی کا مقدس تہوار مناتے ہوئے کووِڈ ۔19ایس اوپیز پر من و عن سختی سے عمل کریں اور معاشرتی دوری کو برقرار رکھیں۔مشیر موصوف نے جموںوکشمیر کے عوام کے اَمن ، ترقی اور خوشحالی کے لئے بھی دعا کی۔مشیر بصیر احمد خان نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے خیریت اور خوشحالی کے لئے دعا کی ہے۔اپنے پیغام میں مشیر موصوف نے اُمید ظاہر کی کہ اس تہوار سے فرقہ وارانہ ہم آہنگی ، بھائی چارے ، یکسانیت کے بندھن کو مزید تقویت ملے گی جس کے لئے جموں وکشمیر صدیوں سے مشہور ہے۔انہوں نے جموں و کشمیر میں امن ، ترقی اور خوشحالی کے لئے دعا کی۔ مشیر فارو ق خان نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ عید الاضحی دوسروں کے ساتھ سخاوت اورفلاح کے جذبے کا درس دیتا ہے۔اُنہوں نے کہا’’ مجھے اُمید ہے کہ اِس تہوار سے دوستانہ ماحول کو مزید تقویت ملے گی اوریہ تہوار جموں وکشمیر کے لوگوں کے لئے خوشحالی اور ترقی کی نوید لے کر آئے گا۔ اِس طرح کے مذہبی ایونٹس ہمارے تہذیبی منظر نامے کو تمام مذہب کے لوگوں کو ایک دوسرے کے ساتھ جوڑتے ہیں ۔ یکجہتی اور جامع ثقافت سے ہماری قوم کوطاقت ملتی ہے۔مشیر نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ عید الاضحی کا تہوار کو کووِڈ ۔19 مناسب طرز عمل ، دیگر ایس او پیز پراور حکومت کی طرف سے جاری احتیاطی تدابیر پر من و عن عمل کرکے منائیں۔ انہوں نے جموںوکشمیر میں امن ، ترقی اور خوشحالی کے لئے بھی دعا کی۔چیف سیکریٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے جموںوکشمیر کے لوگوں کو مبارکباد پیش کی ۔انہوں نے خوشحالی اورامن کے لئے دعا کی۔اپنے پیغام میں چیف سیکریٹر ی نے کہا کہ عید الاضحی ہمیں قربانی ، عاجز ی اور فوقیت کے اَصول کا درس دیتی ہے ۔اُنہوں نے امید ظاہر کی کہ اِس سے فرقہ وارانہ ہم آہنگی ، باہمی بھائی چارہ اور سکون کے بندھن کو مزید تقویت ملے گی ۔ اُنہوں نے نوجوانوں سے کہا کہ وہ اِکٹھے ہوں اور ذاتی اور معاشرتی دونوں طرح کی ترقی کے علاوہ امن اور ترقی میں اَپنا کردا ر اَدا کریں۔چیف سیکریٹری نے جموںوکشمیر میں کووِڈ ۔19 کی موجودہ صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے لوگوں سے گزارش کی کہ وہ تہوارکے دوران کووِڈ مناسب طرزِ عمل ، ایس او پیز اور پروٹوکول پر عمل کریں تاکہ بیماری کے مزید پھیلائوں کو روکا جاسکے۔پولیس کے ڈائریکٹر جنرل دلباغ سنگھ نے عید الاضحی کے مقدس موقع پرعوام ،مہلوک اہلکاروں کے اہل خانہ ، جے کے پی کے تمام طبقات اور ان کے اہل خانہ کو مبارکباد پیش کی ہے۔اپنے پیغام میں ڈی جی پی نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ اس عید سے پولیس ، ان کے اہل خانہ اور پولیس شہداء کے اہل خانہ سمیت جموں و کشمیر کے عوام میں خوشی اور مسرت آئے گی۔ڈی جی پی نے جموں وکشمیر کے عوام اور خاص طور پر مذہبی رہنماؤں اور سینئر شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ عید کو منانے میں عام لوگوں کی رہنمائی کریں جبکہ کوویڈ 19 وبائی امراض کی بحالی کو روکنے کے لئے تمام احتیاطی اقدامات کریں۔ڈائریکٹر سکمز ڈاکٹر اے جی آہنگر نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ عید کشمیری عوام کیلئے خوشحالی ، امن و سلامتی اور وبائی بیماری سے خلاصی کی نوید لیکر آئے ۔ انہوں نے کہا کہ عید الاضحی پر ہمیں مفلوک الحال اور غرباء کو یاد رکھنا چاہئے اور ان کو بھی عید کی خوشیوںمیں شامل کرنا چاہئے ۔ انہوںنے کہا کہ یہ عید ہمیں جذبہ ایثار کا درس دیتی ہے جس کو مد نظر رکھتے ہوئے ہمیں ان لوگوں کا خیال رکھنا چاہئے جو اس کووڈ وبائی دور میں مالی مشکلات کا شکار ہوئے ہیں ۔ اس دوران ڈاکٹر آہنگر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ عید الاضحی پر ایس او پیز پرسختی سے عمل کریں ۔
ڈاکٹر فاروق،محبوبہ مفتی، میر،سجاد لون،غلام حسن میر،بھارت راوت، عارف لائیگرو کی مبارکباد
سرینگر// نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداﷲ ،پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی ، جموں کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر غلام حسن میر،پیپلز کانفرنس چیئرمین سجاد غنی لون، اپنی پارٹی سینئر نائب صدر غلام حسن میر،پازیٹیو کشمیر کے سرپرست اعلیٰ بھارت راوت اورسیول سوسائٹی کشمیرنے عید الاضحی کی مقدس تقریب پر عالم اسلام خصوصاً جموں کشمیر کے عوام کو مبارکباد پیش کی ہے۔نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداﷲنے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن قربانی اور ایثار کی علامت کی بہت بڑی نشانی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حالات کے پیش نظر ہمیں یہ عید انتہائی سادگی کے ساتھ منانی چاہئے اور اُن تمام رہنما خطوط کیساتھ ساتھ احتیاطی تدابیر پر بھی عمل کرنا چاہئے جو حکام اور طبی شعبہ سے وابستہ ماہرین کی طرف سے جاری کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ہر حال میں اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ ہم اپنے دینی فرائض انجام دیں اور کورونا وائرس کے پھیلائو کا ذریعہ نہ بنیں۔ انہوں نے جموں وکشمیر کے عوام سے اپیل کی کہ وہ عید کے دوران اپنے ان پڑوسیوں، رشتہ داروں اور دوست و احباب کا خاص خیال رکھیں جن کا روزگار مسلسل گذشتہ ایک سال کے مسلسل لاک ڈائون سے بری طرح متاثر ہوا ہے۔ڈاکٹر عبداللہ نے فرزندانِ توحید سے جموں وکشمیر کے عوام کی فتح و نصرت ،مکمل اور دیرپا امن و امان اور کورونا وائرس کی وبائی بیماری سے نجات کیلئے اللہ کے دربار میں سربسجود ہوکر دعا کریں۔ پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ،جنرل سکریٹری علی محمد ساگر ،معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفی کمال ،صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، اراکین پارلیمان محمد اکبر لون اور جسٹس (ر) حسنین مسعودی نے بھی عید مبارک پیش کی ہے۔پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے فرزندان توحید کو عیدالاضحیٰ کے مبارک موقعہ پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ یہ عید امن اور ترقی لے کر آئے،۔جموں کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر جی اے میر نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے جموں کشمیر کے لوگوں کی فلاح اورخوشحالی کیلئے دعا کی ہے۔انہوں نے میاد ظاہر کی کہ عید جموں کشمیر میں امن و امان کا پیغام لیکر آئے گی۔پیپلز کانفرنس چیئرمین سجاد غنی لون نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ پروقار تقریب دنیا میں بسنے والے مسلمانوں کیلئے امن و آشتی کا ذریعہ ثابت ہو۔ انہوں نے عوام الناس پر زور دیا کہ وہ موجودہ کووڈ وبائی مرض کے پیش نظر کووڈ مخالف گائیڈلائنز کو مضبوطی کیساتھ تھامے رکھیں۔پی سی چیرمین کا کہنا ہے کہ یہ عید قربانی، باہمی ہمدردی، اتحاد و اتفاق اور باہمی وقار کا درس دیتی ہے۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ عید الاضحی کے موقعہ پر کووڈ سے متاثرہ طبقوں کی امدادکرنے میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہ کریں۔ اپنی پارٹی کے سینئرنائب صدر غلام حسن میر نے مبارکباد پیش کی ہے۔ایک بیان میں انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ دِن جموں وکشمیر کے لوگوں کے لئے دیرپاامن اور خوشحالی کی نوید لیکر آئے گا۔میر نے کہا’’ ایسے مقدس تہوار ہمیں اپنے بھائیوں کی خدمت کرنے کی تعلیمات دیتے ہیں جنہیں ہماری مدد کی ضرورت ہے۔ اِس مشکل گھڑی میں ہمیں ضرورت ہے کہ ضرورتمندوں، غربا ء اور سماج کے کمزور طبقہ جات کی مدد کریں‘‘۔ انہوں نے دعا کی ہے کہ یہ عید ملک بالعموم اور جموں وکشمیر یوٹی کی بالخصوص ہمہ جہت ترقی ، امن اور خوشحالی کی نوید لیکر آئے۔ انہوں نے اُمیدظاہر کی کہ اس مقدس تہوار فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور آپسی بھائی چارہ کو مزید مضبوط ہوگا۔ میر نے اُن کنبہ جات کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے جنہوں نے کویڈ19بحران کے دوران اپنے پ یاروں کو کھویا، انہوں نے کورونا وباء سے متاثرہ سبھی مریضوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔پارٹی کے دیگر لیڈران نے بھی مبارکباد پیش کی ہے۔پازیٹیو کشمیر کے سرپرست اعلیٰ اور معروف سماجی کارکن بھارت راوت نے عوام کو عید کے موقع پر مبارکباد پیش کی ہے۔ تنظیم کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت راوت نے وادی کشمیر کے عوام کو خصوصی طور اور امت مسلمہ کو عمومی طور عید کی مبارکباد پیش کی ہے۔ اس موقعے پر بھارت راوت نے دعا کی ہے کہ یہ عید ہم سب کے لئے امن وامان اور خوشحالی کی نوید لے کر آئے۔ عید کے موقعے پر پازیٹیو کشمیر کی جانب سے وادی کشمیر سے تعلق رکھنے والے پانچ سو کنبوں میں کھانے کی اشیا کے پیکٹ تقسیم کئے گئے جو وادی کے مختلف مقامات سے تعلق رکھتے تھے۔ بھارت راوت نے پازیٹیو کشمیر کے تمام ممبران پر زور دیے کر تاکید کی کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں عید غریب بھائیوں کے ساتھ منائیں۔سیول سوساٹی بڈگام نے عیدالاضحی کے موقعہ پر اپنے تہنیتی پیغام میں کہا ہے کہ یہ مبارک دن اہل اسلام کو اپنے خواہشات قربان کرکے خلوص پر مبنی خدمت خلق، ایثار رضائے الہی کیلئے ہمہ وقت اپنے آپ کو مستعد رکھنے کاپیغام ہے ۔ سوسائٹی نے امید ظاہر کی کہ یہ عید کورونا وائرس کے سیاہ سائے کا اختتام کرکے مسلمانوں کے چہروں پر حقیقی مسکراہٹ کا باعث بنے گی ۔پی ڈی پی کے یوتھ سٹیٹ سیکٹری عارف لائیگرو نے مسلمانوں کو عید کے متبرک موقعہ پر مبارکباد پیش کی ہے۔
میرواعظ،جمعیت ہمدانیہ، انجمن حمایت الاسلام،انجمن شرعی شیعیان، انجمن علمائے احناف کے تہنیتی پیغامات
سرینگر// میرواعظ کشمیر عمر فاروق نے عید الاضحی کے مقدس موقع پر عالم اسلام سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کو دل کی عمیق گہرائیوں کے ساتھ عید کی مبارکباد پیش کیا ہے۔ایک پیغام میںکہا گیا ہے کہ جہاں تک جموںوکشمیرمیں عید الاضحی کی تقریب منانے کا تعلق ہے تویہ عید امسال بھی ایک ایسے وقت میںمنائی جارہی ہے جبکہ جموںوکشمیر سمیت پوری دنیا میں COVId-19 کی قہر انگیز صورتحال کا سامنا ہے اور بے پناہ جانی و مالی نقصانات کے ساتھ ساتھ عام لوگ کئی سنگین مسائل کا سامنا کررہے ہیں تاہم توقع ظاہر کی گئی کہ اللہ کی ذات سے امید کامل ہے کہ وہ ایک نئے عزم اور حوصلہ کے ساتھ ہمیں پھر آگے بڑھنے کی ہمت عطا فرمائیں گے اور اہل کشمیر ایک بار پھر اپنی روز مرہ کی معمول کی زندگی شروع کر سکیں گے۔ جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ مولانا ریاض احمد ہمدانی نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے اہل اسلام سے عید سادگی سے منانے کی اپیل کی ہے۔ اُنہوں نے اپنے پیغام میں کہا ،کہ عید الاضحی جسے عید قربان کے نام سے بھی یاد کیا جاتا ہے ،اس عید پربارگاہ الٰہی میں انکساری اور عاجزی کے ساتھ دعا کریںکہ اللہ تعالیٰ یہ عید مسلمانوں کی سربلندی ، اسلام کی سربلندی ، انسانیت کی بقا اور مظلوم ومحکوم مسلمان خصوصاً مصیبت زدگان خصوصاً جموں وکشمیر کے عوام کیلئے راحت کا باعث ہو۔ انجمن حمایت الاسلام کے صدر مولانا خورشید احمد قانونگو، سرپرست مولانا شوکت حسین کینگ، مولانا عبدالحق اویسی نے امت مسلمہ کو عیدالاضحی کے متبرک موقعہ پر مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوںنے کہا کہ یہ عید عالم اسلام کے مسلمانوں کیلئے نوید لے کر آئے۔ انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ آغا حسن نے عید الاضحی کے موقعہ پر فرزندان توحید کی خدمت میں ہدیہ تبریک و تہنیت پیش کرتے ہوئے دنیائے بشریت کی امن و سلامتی اور عالم اسلام کی سربلندی کے لئے دعا کی ہے۔انجمن علمائے احناف کے سربراہ مولانا اخضر حسین نے بھی فرزندان توحید کو مبارکباد پیش کی ہے۔کشمیر اکنامک الائنس کے سربراہ محمد یوسف چاپری،شریک چیئرمین فاروق احمد ڈار اور ترجمان اعلیٰ محمد صدیق رونگہ نے مشترکہ بیان میں عید پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ2برسوں سے خستہ حال تجارتی صورتحال کی وجہ سے تاجروں کو بالخصوص اور اہل کشمیر کو بالعموم کافی مالی تنگدستی کا سامنا کرنا پڑا۔انہوں نے اہل ثروت لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اس مبارک موقعہ پر ان لوگوں کو فراموش نہ کریں،جو حالات کے مارے ہیں اور اپنی تنگدستی اور تنگ دامنی کو بھی کسی کے سامنے بیان نہیں کرسکتے۔کشمیر ٹریڈرس اینڈ مینو فیکچرس فیڈریشن کے ایک دھڑے کے سربراہ بشیر احمد راتھر نے مبارکبادی پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ یہ عید جموں کشمیر کے لوگوں کیلئے ایک خوشی کی نوئد لیکر آئے گی۔کشمیر ٹریڈ الائنس کے صدر اعجاز شاہدار نے مبارکباد پیش کی اور کویڈ بچائو کے رہنما اصولوں پر عمل کرتے ہوئے لوگوں کو سختی کے ساتھ اس تہوار کو منانے کی اپیل کی۔کشمیر ہول سیل مٹن ڈیلرس ایسو سی ایشن کے معراج الدین گنائی،کے ٹی ایم ایف کے ایک اور دھڑے کے صدر محمد رجب کوچھے،کشمیر رٹیلرس ایسو سی ایشن کے صدر فرہان کتاب، بیکرس اینڈ کنفکشنرز ایسو سی ایشن کے صدر عمر بٹ و جنرل سیکریٹری میر شاہد حسین سمیت دیگر تاجر لیڈروں نے بھی مبارکباد پیش کی ہے۔ادھرجموں اینڈ کشمیر ہوٹل اینڈ ریستوران ایسوسی ایشن (JKHARA)کے پریذیڈنٹ شوکت چودھری عید الاضحی کے سلسلے میں جموں کشمیر کے عوام باالخصوص وادی کے لوگوں کو دل کی عمیق گہرائیوں سے عید مبارک پیش کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کرے کہ یہ عید ہمارے لئے امن و سلامتی کی نوید لیکر آئے ۔پیروان ولایت کے سربراہ مولانا سبط محمد شبیر قمی نے امت مسلمہ کو عید مبارک پیش کرتے ہوئے کہا کہ عید الاضحی تقدیر سازی کا دن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عید گناہوں سے مغفرت اور خطائوں سے معافی کا دن ہے لہذا اس دن رسومات کی ادائیگی کے بجائے اللہ کی خوشنودی حاصل کرنے کی سعی کی جانی چاہئے۔