عوام کیلئے مناسب اورسستی طبی سہولیات حکومت فراہم کرنے کیلئے کوشاں:بھٹناگر

سرینگر //لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے کہاہے کہ حکومت معاشی طور پر معذور لوگوں سمیت سبھی کو مناسب ، سستی اور بروقت طبی دیکھ بھال فراہم کرنے کے اپنے بنیادی مقصد کو پورا کرنے کیلئے منظم طریقے سے کام کر رہی ہے ۔ مشیر موصوف نے ان باتوں کا اِظہار یہاں پوسٹ گریجویٹ ڈیپارٹمنٹ آف سرجری جی ایم سی کے زیر اہتمام جے اینڈ کے چیپٹر آف ایسوسی ایشن آف سرجنز آف انڈیا ( جے اے کے اے ایس آئی ) کی تین روزہ سرجیکل کانفرنس کم ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرمشیرراجیو رائے بھٹناگر نے ذکر کیا کہ میڈیکل انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن میں کی گئی بڑی پیش رفت کے ساتھ جموں و کشمیر کووڈ 19 وبائی مرض سے کامیابی کے ساتھ نمٹنے میں کامیاب رہا ۔

 

انہوں نے کہا کہ معیاری طبی برادری کی دستیابی اور جدید ترین انفرسٹرکچر کے ساتھ یو ٹی نے ان مشکل وقتوں میں اپنے شہریوں کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کیں ۔ مشیر بٹھناگر نے مزید بتایا کہ دو ایمز ، سات نئے میڈیکل کالج ، دو کینسر انسٹی ٹیوٹ اور جموں و کشمیر کے طول و ارض میں طبی سہولیات میں مجموعی طور پر اضافہ کے ساتھ یہ امید کی جاتی ہے کہ مریضوں کی دیکھ بھال بہتر معیار ی اور سب تک پہنچ جائے گی ۔ مشیر موصوف نے کہا کہ جن مریضوں کو سرجری یا اعلیٰ درجے کی طبی ٹیسٹ کی ضرورت ہے ان کیلئے انتظار کی مدت کم سے کم ہونی چاہئیے ۔ انہوں نے کہا کہ تاخیر ایک طرح سے غریبوں کو خدمات کی فراہمی کے انکار کے مترادف ہے ۔ مشیر موصوف نے یہ بھی کہا کہ جموں و کشمیر میں ملک کی طبی سیاحت کا مرکز بننے کی بڑی صلاحیت ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے پرائیویٹ سیکٹر کے بہت سے بڑے ناموں کو یہاں میڈیکل سیکٹر میں سرمایہ کاری کرنے کیلئے تیار کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں شہروں میں دو میڈی سیٹیز کیلئے مختص زمین اس سمت میں ایک درست قدم ہے ۔ مشیر بٹھناگر نے کہا کہ یو ٹی میں صحت کی خدمات کی بہتری کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک مناسب ریفرل پالیسی نے لوگوں کو ان کے گھروں کے قریب صحت کی خدمات فراہم کرنے کیلئے بہتر کام کیا ہے ۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ تمام شہریوں کی یونیورسل ہیلتھ کوریج بہت سے لوگوں کی زندگیاں بچانے اور ان کے معمولی وسائل پر اضافی بوجھ کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے ۔ اس ورکشاپ کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے مشیر بٹھناگر نے یہاں اس طرح کی ورکشاپ منعقد کرنے کیلئے منتظمین کی ستائش کی ۔