عظمی نیوزسروس
جموں// اپنی پارٹی کے سربراہ سید محمد الطاف بخاری نے جموں و کشمیر میں بلدیاتی اور پنچایتی اداروں کے انتخابات کے انعقاد میں تاخیر پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان انتخابات میں مسلسل تاخیر کا مطلب عوام کو زمینی سطح کے جمہوری اداروں میں اپنے نمائندے منتخب کرنے کے حق سے محروم رکھنا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مزید تاخیر کے بغیر ان انتخابات کا انعقاد کیا جائے۔ سید محمد الطاف بخاری نے یہ باتیں جموں میں ایک اہم پارٹی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہیں۔ پارٹی کے آئندہ تنظیمی انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے مقصد سے منعقدہ اس اجلاس میں جموں صوبے بھر سے سینئر رہنماؤں اور اہم کارکنوں نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سید محمد الطاف بخاری نے پارٹی رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ پارٹی عہدیداروں کے انتخابات کا شفاف انعقاد یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا’’یہ انتخابات تنظیم کے اندر جمہوری مزاج کو مضبوط بنانے اور یہ یقینی بنانے کے لیے منعقد کیے جا رہے ہیں کہ پارٹی عہدیدار خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر منتخب ہوں۔ اس جمہوری عمل کے شفافیت انعقاد کو یقینی بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے‘‘۔اجلاس کے دوران شرکاء نے پارٹی صدر کو عوام کو درپیش مختلف اہم مسائل اور شکایات سے آگاہ کیا، اس کے علاوہ کئی تنظیمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔سید محمد الطاف بخاری نے جموں و کشمیر میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری اور مہنگائی پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا۔انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور مہنگائی پر قابو پانے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔انہوں نے یونین ٹیریٹری میں بلدیاتی اداروں اور پنچایت انتخابات کے فوری انعقاد کا مطالبہ پر زور انداز میں کیا۔