راجوری/خوراک ، شہری رسدات اور امور صارفین و قبائلی امور کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے ترقیاتی سرگرمیوں کی سوشل ڈیولپمنٹ مونیٹرنگ کرانے کی ضرورت پر زور دیا ہے تاکہ پروجیکٹوں کی عمل آوری کے دوران شفافیت اور جواب دہی کے عمل کو فروغ حاصل ہو کر ریاست میں سماجی اور اقتصادی ترقی کو دوام حاصل ہوسکے۔وزیرموصوف کیری میں کیری ۔بلا ۔گنڈا۔ڈلری قبائلی کلسٹر ولیج کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ وہاں 23کروڑ روپے کی لاگت سے مختلف شعبوں میںبنیادی ڈھانچہ تعمیر کیا جائے گاتاکہ قبائلی آبادی کے لئے مختلف سہولیات کے ساتھ ساتھ روزگار کے وسائل بھی پیدا ہوسکیں۔وزیر نے کہا کہ قبائلی ترقیاتی منصوبے کا مقصد یہ ہے کہ اس طبقے کے لوگوں کی مجموعی ترقی یقینی بن سکے ۔انہوں نے کہا کہ ان کی تمنا ہے کہ یہ ماڈل کلسٹر ولیج اتنا مثالی بنے کہ بعد میں اس طرح کے کلسٹر ولیج ملک کے باقی حصوں میں بھی قائم کئے جاسکیں۔دریں اثنا عوامی رابطہ مہم کو جاری رکھتے ہوئے ذوالفقار علی نے دھرم سال ۔ گڑیاگ۔ کیری اور تلیری میں عوامی درباروں کا انعقاد کر کے لوگوں کے مسائل کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔ اس دوران وفود نے اپنے اپنے انفرادی اور اجتماعی مسائل وزیر کی نوٹس میں لائے جن کا تعلق تعلیم ، صحت ، سڑک رابطوں ، پانی ، بجلی اور دیگر شعبوں سے تھا۔ذوالفقار علی نے کئی مسائل موقعہ پر ہی حل کرنے کی ہدایات دیں۔انہوں نے ضلع انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ ہاتھ میں لئے گئے ترقیاتی پروجیکٹوں کی بروقت تکمیل کو بھی یقینی بنائیں۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر سے کہا کہ وہ پانڈہ، بڑہاس اور پنکاسی دیہات کو ٹرائبل کلسٹر ولیج کے طور ترقی دینے کے لئے تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ تیار کریں۔ضلع ترقیاتی کمشنر ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری کے علاوہ ضلع سطح کے کئی دیگر اعلیٰ افسران بھی دورے کے دوران وزیر کے ہمراہ تھے۔