طبی سب سنٹر کلساں میں بنیادی سہولیات کا فقدان لوگ معمولی بیماری کے علاج کیلئے دیگر ہسپتالوں میں جانے پر مجبور

حسین محتشم
پونچھ//جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ کے حلقہ پنچایت بگیال درہ کلساں میں واقع طبی سب سنٹر کو تعمیر ہوئے کئی سال کا وقت گزر چکے ہیں لیکن ابھی بھی یہاں بنیادی سہولیات کے فقدان کے ساتھ ساتھ ڈاکٹروں کی بھی کمی نظر آرہی ہے۔سرحد سے متصل پنچایت بگیال درہ کے گائوں کلساں کی عوام نے وہاں موجود سب سنٹرمیں اسٹاف کی عدم دستیابی پر اپنی شدید برہمی کا اظہار کیا ہے ان لوگوں کے مطابق سال 2014 سے تاحال تک اس سب سینٹر کو صرف برائے نام رکھا ہے۔مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ اس بات میں دورائے نہیں ہے کہ مرکز کی جانب سے شعبہ صحت کو بہتر بنانے کے لئے کروڑوں روپے کا ہر سال بجٹ پیش کیا جاتا ہے لیکن اس کے باوجود زمینی سطح پر طبی نظام بہتر نہیں ہو سکا۔انہوں نے کہا کہ پنچایت بگیال درہ کے کلساں ضلع ہیڈ کوارٹر پونچھ سے کچھ ہی کلومیٹر دور ایک پسماندہ علاقہ ہے۔ جہاں کے لوگوں کو دوا خریدنے کی خاطر شہر کا رخ کرنا پڑتا ہے۔ اگرچہ یہاں پر سب سینٹر موجود ہے لیکن ادویات میسر نہیں ہے۔ انہوں نے کہا اس علاقے میں کسی مریض کی حالت نازک ہو تو اس کو چارپائی پر لاد کر ہسپتال لے جانا پڑتا ہے جو کہ اس دور میں سخت مشکل کام ہے۔انہوں نے کہا طبی مرکز میں عملہ بھی نہیں ہے۔اگر اس مرکز میں طبی سہولیات موجود ہوتی تو ممکن تھا کہ علاقہ میں کئی حادثات رونما نہ ہوتے۔ انہوں نے کہا دراصل حکومت کی جانب سے عوام کے حق میں بہت ساری اسکیمیں چلائی جاتی ہیں۔ غریب عوام کے لئے سرکار جتنی بھی اسکیمیں لاگو کرتی ہیں اس کا زمینی سطح پرعوام کو پوری طرح فائدہ نہیں ملتا ہے۔ایسے میں یہ ضروری ہو جاتا ہے کہ اسکیم کو عام لوگوں تک بہتر طریقہ سے پہنچانے کے لئے ایک مکمل پالیسی بنائی جائے۔مقامی شہریوں نے بتایا کہ کئی بار انہوں نے چیف میڈیکل آفیسر سے بھی رجوع کیا مگر کوئی سنوائی نہیں کی گئی جسکی وجہ سے عوام کو طبعی سہولیات کا سخت فقدان ہے۔ انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اندرجیت سے مداخلت کی اپیل کی ہے۔