راجوری//راجوری کے مدرسہ ضیاء الاسلام منجاکوٹ میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس دوران سعودیہ عربیہ سے آئے ہوئے دوعلماء نے خطاب کیا سعودیہ سے آنے والے شیوخ یاسر عبدالرحمن عبداللہ الاحسای اور الشیخ فہد احمد الرشید پروفیسر فلسفہ نے اپنے خطاب میںکہاکہ پورے عالم میںمسلمان جن مصائب سے دوچار ہیں اس کی بنیادی وجہ یہ ہے وہ دین محمدی ؐ سے دور ہوتے جارہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ مسلمانوں کو قرآنی تعلیمات سے آراستہ ہونے میں شرم محسوس ہوتی ہے جس کی وجہ سے مصائب وآلام ان کا مقدر بنتے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مدرسہ ضیاء الاسلام میں ننھے منے بچے دینی تعلیم حاصل کررہے ہیں جنہیں دیکھ کر سر فخر سے اونچا ہوتاہے اور یہی لوگ دین کے محافظ ہیں اور مسلمانو ں کا مستقبل انہی دینی اداروں میں مضمر ہے ۔ انہوں نے لوگوں پر زور دیاکہ وہ اپنے گھروں میں اسلامی تعلیمات کو عام کریںجو ان کی کامیابی کا ضامن ہوگی ۔ان کاکہناتھاکہ دینی تعلیم زندگی کا ایک اہم جز ہے جس کے بغیر زندگی گزارنا احمقانہ فیصلہ ہوگا ۔ انہوں نے تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دنیاکے ہر شعبہ میں کل تک مسلمان ایک اہم ستون کے مانند تھا لیکن آہستہ آہستہ یہ مسلمان بہت دور نکل گیا ہے جسے اپنے آپ کو سنبھالنے میں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔اس دوران مدرسہ ضیاء الاسلام منجاکوٹ کے چیئرمین حافظ الیاسی ثقافی کو انہوںنے کعبہ کے غلاف کاٹکڑابھی ہدیہ کے طورپرپیش کیا۔انہوں نے کہاکہ یہ غلاف کعبہ تحفہ کے طور پر چیئر مین مدرسہ ہذا حافظ الیاس کو دیا جارہا ہے تاکہ اس دین کے قلعے کے اندر اسے محفوظ رکھا جاسکے اور جو لوگ اس بات کی استطاعت نہیں رکھتے کہ وہ حج جیسے اہم فریضہ کو انجام دیںانہیں بھی اس کی زیارت سے سرفراز کیا جاسکے ۔ حافظ الیاس ثقافی نے مہمانوں کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کے لئے فخر کا مقام ہے کہ اللہ نے انہیں اس چیز کے لئے منتخب کیا ہے ۔ انہوں نے پروگرام میں شریک تمام مہمانوں کا شکریہ اداکیا ۔ پروگرام میں مولانا فاروق احمد نعیمی بھی موجود تھے ۔