راجوری //ضلع انتظامیہ راجوری کی طرف سے شکایتی ازالہ کیمپوں کا سلسلہ جاری ہے اور حال ہی میں منعقد ہوئے اکیس ایسے کیمپوں کے دوران دس ہزار سات سو اسناد جاری کی گئی ہیں ۔ اس دوران تیرہ کیمپوں میں محکمہ مال سے جڑی ستاون سو اسناد جاری کی گئیں اوراس طرح سے محکمہ مال اور محکمہ صحت کی طرف سے فراہم کی گئی اسناد کی کل تعداد چونتیس ہزار ہوگئی ہے ۔ محکمہ صحت نے حالیہ دنوں منعقد ہونے والے کیمپوں میں 5010اسناد جاری کی ہیں۔ڈپٹی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری نے بتایاکہ ان کیمپوں کا سلسلہ 6جون کو شروع کیاگیاتھا اور اب تک کل 150کیمپوں میں 41ہزا ر اسناد جاری کی گئی ہیں جو ایک ریکارڈ ہے ۔یہ کیمپ ضلع کے مختلف علاقوں میں ہوئے جن میں ڈپٹی کمشنر اور دیگر افسران نے شمولیت کی ۔ ڈپٹی کمشنر کاکہناہے کہ وہ پچھلے تین ماہ سے اس بات کیلئے کوشاں ہیں کہ لوگوں کی دہلیز تک پہنچ کر ان کے مسائل حل کئے جائیں اور انہیں اس کوشش میں خاطر خواہ کامیابی ملی ہے اور کیمپوں میں بڑی تعدا دمیں لوگوں نے شمولیت کی ۔ڈاکٹر شاہد نے بتایاکہ ستمبر کے مہینے میں محکمہ مال ، محکمہ صحت اورامور صارفین و دیگر اہم محکمہ جات لوگوں کو ان کی دہلیزپربنیادی خدمات و سہولیات فراہم کرنے کی سعی کریںگے ۔ انہوںنے کہاکہ پبلک سروس گارنٹی ایکٹ کے تحت خدمات موقعہ پر میسر کی جائیںگی ۔