عظمیٰ نیوز سروس
راجوری// ضلع انتظامیہ نے شہید ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر اج کمار تھاپاکی سرکاری رہائش گاہ (کوارٹر) کو یادگاری میوزیم اور لائبریری میں تبدیل کر دیا ہے تاکہ ان کی خدمات اور قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جا سکے۔ یہ اقدام ضلع انتظامیہ کی جانب سے مرحوم افسر کو خراجِ عقیدت پیش کرنے اور نئی نسل کو ان کی عوامی خدمات سے روشناس کرانے کے مقصد سے اٹھایا گیا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق اس یادگاری مقام میں ڈاکٹر تھاپا کی پیشہ ورانہ زندگی، عوامی خدمات، سرکاری ذمہ داریوں اور ذاتی یادگاروں سے متعلق مواد محفوظ رکھا جائے گا۔ لائبریری میں طلباء اور عام شہریوں کے لئے مطالعاتی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی تاکہ یہ مقام نہ صرف ایک یادگار بلکہ علمی مرکز کے طور پر بھی کام کر سکے۔واضح رہے کہ ڈاکٹر تھاپاگزشتہ سال 10 مئی کو اس وقت شہید ہوئے تھے جب پاکستان کی جانب سے راجوری قصبے پر شدید گولہ باری کی گئی تھی۔ اس واقعے میں انہوں نے فرض کی ادائیگی کے دوران اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا تھا، جسے عوامی حلقوں میں عظیم قربانی قرار دیا جاتا ہے۔ضلعی انتظامیہ کے اس اقدام کو عوامی اور سماجی حلقوں کی جانب سے سراہا جا رہا ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ یادگاری میوزیم آنے والی نسلوں کو خدمتِ خلق، فرض شناسی اور قربانی کے جذبے کی عملی مثال فراہم کرے گا۔حکام کا کہنا ہے کہ یادگار کو عوام کے لیے جلد باضابطہ طور پر کھول دیا جائے گا تاکہ شہری اس عظیم افسر کی زندگی اور خدمات سے آگاہ ہو سکیں اور ان کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جا سکے۔